• 29 اپریل, 2024

مسجد اقصیٰ، آئیوری کوسٹ

1961ء میں آئیوری کوسٹ (Ivory Coast) (فرینچ نام Côte d’Ivoire) میں جماعت احمدیہ کا قیام عمل میں آیا۔ کچھ عرصہ بعد ایک مخصوص جگہ برائے مسجد اور مشن ہاؤس کی تلاش شروع کر دی گئی۔آئیوری کوسٹ کے معاشی دارلحکومت آبدجان (Abidjan) کے محلہ آجامے (Adjamé) میں 1970ء کی دہائی میں ایک پلاٹ مکرم بلاسی کولیبالی صاحب کے تعاون سے اسی مقصد سے خریدا گیا جو کہ آئیوری کوسٹ کے اولین احمدیوں میں شامل تھے نیز 90 کی دہائی میں کچھ عرصہ کے لئے بطور امیر جماعت بھی خدمات بجالائیں۔اس پلاٹ پر جماعت نے عارضی طور پر ایک چھپر نما مسجد پہلے پہل تعمیر کی۔جس پلاٹ پر جماعت نے یہ مسجد تعمیر کی اس پر اس وقت احمدیہ کلینک قائم ہے۔چونکہ یہ پلاٹ جماعت کا نہ تھا بلکہ غلطی سے اس پر تعمیر ہو گئی اس لئے اس پلاٹ کو بھی بعد میں خرید کر اس پر عارضی تعمیر کردہ مسجد کی جگہ احمدیہ کلینک تعمیر کر لیا گیا۔اس اصل پلاٹ جو کہ جماعت کا تھا اس پر مسجد تعمیر کی گئی۔

چنانچہ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کی پہلی مسجد بنام مسجد اقصیٰ کی باقاعدہ تعمیر حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ کے دور مبارک میں 1980ء کی دہائی کے اوائل میں کی گئی۔جس کی تعمیر کردہ عمارت کے نچلے حصہ میں ایک پرائمری سکول تعمیر کی گیا اور بالائی حصہ میں مسجد کا ہال بنایا گیا۔اور لوہے کی چادر چھت کے طور پر ڈالی گئی۔ جو کہ سالہا سال ایسے ہی رہی تاہم 2005ء میں اس وقت کے امیر و مشنری انچارج عبدالرشید انور صاحب کے وقت میں اس مسجد کو قبلہ رخ پلائی وڈ کی دیواریں بنا کر نیز چھت و سیلینگ لگا کر درست کیا گیا۔ 2004ء تک جلسہ سالانہ آئیوری کوسٹ بھی اسی عمارت میں منعقد کیا جاتا رہا۔

1988ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ آئیوری کوسٹ کے دورہ پر تشریف لائے اور 14 فروری 1988ء کواسی مسجد، مسجد اقصیٰ میں خطبہ جمعہ ارشاد فرمایا۔ 1997ء کے جلسہ سالانہ کے موقع پر اس مسجد میں اس وقت کے آجامے کے میئر ومبیلے لاسینا صاحب تشریف لائے اور جس گلی میں احمدیہ مشن ہاؤس واقع ہے اسے احمدیہ سٹریٹ کا نام دیئے جانے کا اعلان کیا چنانچہ میونسپ کارپوریشن کے کاغذات میں یہ سڑک آج تک Rue Ahmadiyya یعنی احمدیہ سٹریٹ کے نام سے درج ہے اور مکانوں پر اس کے سائن بورڈز بھی درج ہیں۔

اس مسجد کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اس جگہ کو ایک احمدیہ مشن کے طور پر تیار کیا گیا تھا اس لئے وقتاً فوقتاً یہاں مزید تعمیرات بھی ہوتی رہیں تاحال اس عمارت میں مسجد کے علاوہ احمدیہ پریس، احمدیہ پرائمری سکول، احمدیہ کلینک، گیسٹ ہاؤسز، جماعتی دفاتر، لائبریری، گیسٹ رومز نیز گیسٹ ہاوسز وغیرہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔جس میں کئی ایک فیملیز بھی رہائش پذیر ہیں۔

اس مسجد و مشن ہاؤس میں مختلف اوقات میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے علاوہ حضرت خلفیۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیززمانہ خلافت سے قبل نیز حضرت چوہدری سر ظفر اللہ خان صاحب بھی تشریف لاکر نماز ادا کر چکے ہیں۔

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل آن لائن ایوری کوسٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 دسمبر 2022

اگلا پڑھیں

شیطان کا حملہ ایک دم نہیں ہوتا