• 20 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

• مکرمہ منصورہ فضل منؔ۔ قادیان سے لکھتی ہیں:
الفضل آن لائن کے یومِ تاسیس کے حوالے سے دلی مبارک باد پیش ہے۔ گو کہ میں نے بہت دیر کر دی۔ کافی عرصہ سے بہت سی چیزیں اکٹھی ہو گئی ہیں اوران سب کا ذکر اب ایک ساتھ کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔سب سے پہلے تنظیم لجنہ کی سو سالہ تقریب پر جو ادارہ الفضل نے پورا ہفتہ منایا وہ ہم لجنات کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔ نیز انہی اشاعتوں میں ’’الفضل کی خدمت اور معاونت میں احمدی خواتین کو خراج تحسین‘‘ کے نام سے ایک مضمون شائع کیا گیا تھا جس میں اپنا نام دیکھتے ہی آنکھیں پُر نم ہوگئیں اور دل تشکر کے جذبات سے لبریز ہو گیا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھ جیسی ادنیٰ خادمہ کو اس لائق سمجھا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس کا حق ادا کرنے والا بنائے آمین۔ یہ محض اللہ تعالیٰ کا فضل ہے کہ ہم جیسوں کو بھی الفضل کا حصہ بننے کا موقع فراہم کیا۔ اس کے علاوہ انہی اشاعتوں میں مساجد پر جو خاص نمبرز شائع کئے گئے وہ بھی بہت معلوماتی تھے۔ ایسے خاص نمبرز بہت محنت چاہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کی پوری ٹیم کو اس کی جزائے خیر عطا فرمائے آمین۔

• مکرمہ سعدیہ طارق۔ امریکہ سے لکھتی ہیں:
موٴرخہ 19؍جنوری 2023ء کے شمارے میں بہت عمدہ اداریہ بعنوان ’’جو خاک میں ملے اسے ملتا ہے آشنا‘‘ پڑھنے کو ملا۔ اس موضوع پر جتنی بار لکھیں کم ہے۔ یاد دہانی ہو جاتی ہے ورنہ دنیاوی بکھیڑوں میں گم ہوتے زیادہ وقت نہیں لگتا۔ انسان کچھ نہ کچھ ڈگر سے ہٹ ہی جاتا ہے۔ اس لئے رہنمائی کی ہر وقت ضرورت رہتی ہے۔ خدا تعالیٰ کا شکر ہے کہ حضور انور کے خطبات ہم سب کے لئے رہنمائی کا سر چشمہ ہیں اور خطبات آگے اصلاحی مضامین لکھنے کے لئے بھی ایک وسیع مواد مہیا کر دیتے ہیں۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

• مکرمہ برکت ناصر لکھتی ہیں:
موٴرخہ 19؍جنوری 2023ء کی صبح بیٹے کی طرف سے 7 بجے الفضل مل گئی۔ اداریہ پڑھتے ہی دل میں شدت سے خواہش پیدا ہوئی کہ اپنے ہر بچے اور پیارے کو ابھی بھجوا دوں۔ قبولیت کی گھڑی تھی۔ جَزَاکَ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآء فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ۔ جیتے رہیں۔ پیارے الفضل میں، سومایا پلی ہو ساکا مرحومہ کا ذکر خیر پڑھنے کے بعد دیکھا کہ یہ تو میرے بھائی نے تحفہ بھیجا ہے۔

• مکرمہ مبشرہ صدیقہ لکھتی ہیں:
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! اللہ تعالیٰ جیسے سارا اخبار پڑھنے کی توفیق دیتا ہے عمل کی بھی توفیق عطا فرمائے آمین۔ بہت ہی معلوماتی، ایمان افروز مضامین ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو بہترین جزا عطا فرمائے آمین۔

خاکسار اخبار پڑھتے وقت ساتھ کے ساتھ سکرین شارٹ وٹس ایپ سٹیٹس پر ڈالنے کے علاوہ کچھ لوگوں کو پرسنل پر بھی بھیجتی ہے۔ یہ سلسلہ غالباً 2020ء میں شروع کیا اور اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ اب بہت ساری بہنیں الفضل کی مستقل قاری ہیں۔ یوکے اور دوسرے ممالک سے بھی پیغامات آتے ہیں کہ آپ کے اسٹیٹس سے اللہ کے فضل سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔

• مکرمہ مبارکہ شاہین۔ جرمنی سے لکھتی ہیں:
مؤرخہ 20؍جنوری 2023ء کی الفضل میں دل کی گہرائیوں کو چھو جانے والا ایک مضمون ’’ترتیب کائنات کا حسن ہے‘‘ پڑھا۔ بہت خوبصورت مضمون ہے، اللہ تعالیٰ مصنف کو جزائے خیر سے نوازے۔ ہمیں معمولات زندگی کو اچھی ترتیب کے مطابق ڈھالنے والا بنائے۔ بے ترتیبی، غیر منظم، بکھرا ہوا رویہ اپنی زندگیوں سے دور کرنے والے ہوں۔ آمین

تحریر میں ترتیب بھی بلاشبہ ضروری اور بہت اچھی بات ہے۔ قاری اس سے حظ بھی اٹھاتا ہےاور پڑھ کر سکون بھی ملتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں مسیح دوراں علیہ السلام کے پہلوانوں میں اپنے فضل سے شامل فرمائے۔ اخلاق میں پاک تبدیلی کرنے والے ہوں۔ ہمارے قول و فعل میں تضاد نہ ہوں۔ آمین

لیکن بہرحال عام روزمرہ زندگی میں ہم دیکھتے ہیں کہ کوششوں کے باوجود ایک بڑا حصہ ایک اچھی ترتیب کے بغیر زندگی بسر کررہا ہوتا ہے۔ جسے بہرحال ہم نظر انداز نہیں کر سکتے اور بہت سےترتیب والے اور منظم مضمون ان کی نظروں سے عام طور پر اوجھل یا ان نظروں اور ذہنوں کےلئے بوجھل ہوتے ہیں۔ اور نتیجۃً انہیں ان میں کوئی دلچسپی نہیں ہوتی۔ عام سادہ مضامین پھر بھی ان کی دلچسپی کو کھینچتے ہیں۔ اس طرح وہ اخبار سے جڑے رہتے ہیں یا اس میں اپنی دلچسپی کی کوئی چیز پاتے ہیں۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ مضمون لکھنے والے کا ایک سادہ مضمون لکھنے سے مقصد کچھ گہرا ہو کہ عام فہم انداز میں قاری تک بات پہنچ جائے۔

اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے الفضل کو دن دگنی، رات چوگنی ترقی عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

• مکرم آر آر قریشی لکھتے ہیں:
صداقت اور خلافت سے مضبوط تعلق اس مرتبہ براعظم افریقہ کی سرزمین بورکنیا فاسو کے شہرڈوری میں نظر آیا۔ 20؍جنوری 2023ء خطبہ جمعہ سے تفصیل کا علم ہوا۔ آج دنیا میں آخرین کی جماعت سچائی پر ایمان لانے والےاولین کی دی گئی قربانیوں کی مثالوں کو زندہ کر رہی ہے۔ خاکسار آن لائن الفضل اخبار کے توسط سےپیارے حضور انور سے اور تمام جماعت احمدیہ عالمگیر سے اس اندوہناک واقعہ کی تعزیت کرتا ہے۔ ایک احمدی بھائی ہونے کے ناطے بہت دکھ اور تکلیف سے اس واقعے کی تفصیلات کو سنا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 جنوری 2023

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی