• 25 اپریل, 2024

معرفتِ کاملہ

اس بیان سے ہمارا مطلب یہ ہے کہ معرفت بھی وہی فائدہ بخش ہوسکتی ہے جس سے انسان میں ایک تبدیلی بھی پیدا ہو۔ ایک شخص جوبینائی اور قوت رئویت کا دعویٰ کرے مگر اس کے دعوے کے ساتھ کوئی عملی ثبوت نہ ہو اور وہ کھڑا ہوتے ہی دیواروں سے ٹکریں کھائے کیا اس کا دعویٰ قابل پذیرائی ہوسکتا ہے؟ ہرگز نہیں۔ کارآمد صنعت کمال ہی ہے۔ نیم مُلّاں خطرۂ ایمان اورنیم حکیم خطرۂ جان مشہور مقولے ہیں ۔ پس کامل معرفت کی تلاش کرنا شرط ہے اور وہ اس راہ سے میسّر آسکتی ہے جو راہ انبیاء دنیا میں لائے ۔

ایک دہریہ تو وہ ہے جو صانع کے وجود کا منکر ہے اوریہ گروہ قدیم سے ہے۔ مگرمَیں کہتا ہوں فرض کرلو کہ دنیا میں ایسا ایک بھی متنفّس نہیں تو بھی ہر وہ جس کوکامل معرفت نہیں وہ بھی دہریہ ہے۔ جب تک کامل معرفت نہ ہو اس وقت تک کچھ نہیں ۔ جس طرح ایک دانہ بھوک کو اورایک قطرہ پیاس کو نہیں مٹاسکتے اسی طرح خشک ایمان جس کے ساتھ کمال معرفت اپنے تمام لوازم کے ساتھ نہیں نجات نہیں دلاسکتا ۔ جس طرح وہ انسان زندہ نہیں رہ سکتا جس کو بھوک کے وقت کھانا اور پیاس کے وقت پانی دیکھنا تک بھی نصیب نہیں ہوا۔اسی طرح وہ بھی ہلاک ہوجائے گا جس نے بھوک کے وقت ایک دانہ دیکھ لیا یا کھالیا اور ایک قطرہ شدید پیاس کے وقت دیکھ لیا یاپی بھی لیا ہو ۔ پس بعینہٖ اسی طرح سے معرفت کامل ہی موجب نجات ہوسکتی ہے۔

ہم دیکھتے ہیں کہ ان محسوسات میں بھی کامل علم اور معرفت ہی کا اثر ہوتا ہے ۔ ایک انسان کے پاس خواہ ایک شیر یا بھیڑیا آجاوے مگر جب تک وہ شیر کو شیر اوربھیڑیئے کو بھیڑیا بمع ان کے تمام لوازم اورخواص کے یقین نہیں کرلیتا ان سے کوئی خوف نہیں کرتا۔ ایک زہریلے سانپ کو جوانسان ایک چوہا یقین کرتا ہوگا وہ اس سے ہرگز گریز اورپرہیز نہ کرے گا مگر اس علم کے ساتھ ہی کہ یہ ایک زہریلا سانپ ہے اوراس کا کاٹنا گویا پیغامِ اَجل ہے وہ اس سے خوف کرے گا اورمعاً الگ ہوجاوے گا‘‘۔

(ملفوظات جلد 5 صفحہ 592 593-ایڈیشن 2003ء مطبوعہ ربوہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 مارچ 2021