• 23 اپریل, 2024

سلطان القلم کی اک سپاہی

میں سلطان القلم کی اک سپاہی
مری دولت قلم کاغذ سیاہی
کتب خانہ درونِ قلب قائم
بنی اُستاد آہِ سحر گاہی
سر عرش معلّٰی میرا ہادی
مرا حافظ ہے خود عالم پناہی
مجھے حق نے عطا کی کامرانی
مرے دشمن کو ناکامی تباہی
میری منزل رضائے ربِّ رحماں
کوئی اس کے سوا دولت نہ چاہی
میں ہوں شاہِ جہانِ فکر و احساس
فقیری میں ملی ہے بادشاہی
کیا سنگسار نااہلوں نے مجھ کو
یہ کافی ہے ثبوتِ بے گناہی
نہیں ہے پیش منظر جب وہ ہستی
تو پس منظر سیاہی در سیاہی
لپک کر گود میں بھرتی ہے منزل
طلب میں اُس کی جب نکلے ہیں راہی
قلم سے کام لوں اور اس سے مقصد
فقط تیری رضا ہو یا الٰہی

(امۃ الباری ناصر۔امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 جون 2021