• 25 اپریل, 2024

برازیل میں رمضان اور عیدکے پروگرام

اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال برازیل میں رمضان المبارک اور عید کے بھرپور پروگرام ہوئے اور تمام سرگرمیاں ہوتی رہیں۔ رمضان اور عید کی تاریخوں کے لئے تحقیق کر کے ایک تفصیلی چاٹ بنا کر سب ممبران کو دیا گیا نیز سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کیا گیا اس کیلنڈر میں روزانہ سحر و افطار کے اوقات درج کئے گئے تھے۔ رمضان میں روزانہ مسجد بیت الاول میں خاکسار بعد نماز فجر درس قرآن کریم اور بعد نماز عشاء درس حدیث نیز فقہی مسائل کا درس دیتا رہا اسی طرح روزانہ باقاعدگی کیساتھ نماز تراویح بھی ہوتی رہی اس ضمن میں خاکسار کے علاوہ مکرم ندیم احمد طاہر صاحب مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب اور مکرم حافظ احتشام مومن صاحب کو نماز تراویح پڑہانے کی سعادت ملی۔ تمام جمعے بھی باقاعدگی کیساتھ ہوتے رہے ۔مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب اور مکرمہ انیلہ ظفر صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ برازیل کو مسجد میں اعتکاف بیٹھنے کی بھی سعادت ملی ۔انفرادی و اجتماعی طور پر افراد جماعت کو روزوں کی اہمیت۔ فرضیت کابتایا جاتا رہا اسی طرح مالی قربانی اور چندوں کی ادائیگی کی طرف بھی توجہ دلائی جاتی رہی۔ فطرانہ کی وصولی کی طرف بھی خصوصی توجہ کی گئی چنانچہ سب احباب نے آغاز میں ہی ادا کر دیا۔ دو اخباروں میں رمضان کے بارہ میں خاکسار کے انٹرویو ز پر مبنی تفصیلی رپورٹس شائع ہوئیں۔ ایک لوکل ٹیلی ویژن چینل نے مشن ہائوس آکر 26 منٹ کا انٹرویو لیکر ٹیلی کاسٹ کیا جو تین دن نشر ہوتا رہا۔ سوشل میڈیا پررمضان کے تعلق میں روزانہ متعدد ویڈیوز اور پوسٹز بھی اپلوڈ کی جاتی رہیں ۔آن لائن قرآن کلاس اور عربی کلاس بھی شروع کی گئی جو مکرم حافظ احتشام مومن صاحب لیتے رہے۔

امسال برازیل میں مؤرخہ 13 مئی بروز جمعرات عید الفطر منائی گئی اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پہلا موقع ہے کہ جماعت احمدیہ کی طرف سے برازیل کےتین مختلف شہروں میں عید کی نماز پڑھی گئی۔ پیٹروپولس جہاں برازیل میں جماعت کا مرکز ہے خاکسارنےمسجد بیت الاول میں عید کی نماز پڑھائی اور خطبہ دیا جس میں مردوں کے علاوہ خواتین نے بھی پورے جذبہ کیساتھ شرکت کی دو زیر تبلیغ افراد بھی شامل ہوئے۔ عید کے خطبہ میں بتا یا کہ عید ایسی خوشی کو کہتے ہیں جو بار بار آئے اور آج ہماری خوشی کی وجہ یہ ہے کہ ہمیں اپنے رب کے حضور ماہ رمضان میں کچھ عبادتیں اور قربانیاں پیش کرنے کی توفیق ملی اور آج ہم سب اس لئے اکٹھے ہوکر عید منا رہے ہیں کہ ترقی کا راز اجتماعی خوشی میں ہے ۔ دعا کے بعد سب نے ایکدوسرے کو عید مبارک کہی اور عید فنڈ بھی دیا۔ بچوں اور بڑوں میں شیرینی کے پیکٹ تقسیم کئے گئے اور سب کی خدمت میں پرتکلف ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ ایک برازیلین نومبائع بہن Priscila نے پہلی بار عید میں شامل ہونے پر اپنے جذبات کا یوں اظہار کیا :
’’مجھے اس پروگرام میں پہلی بار شامل ہو کر بہت خوشی ہو رہی ہے اور مجھے خدا کے زیادہ قریب ہونے اور اسکی تعلیم کو سمجھنے کا موقع ملا ہے جو میرے ایمان کی تقویت کا باعث بنا ہے‘‘

گزشتہ سال ریو دی جانئیرو میں مرکزی مبلغ مکرم حافظ احتشام مومن صاحب کی تقرری کے بعد پہلی دفعہ عید کی نماز ادا کی گئی جس میں 6 افراد نے شرکت کی جن میں سے تین مقامی زیر تبلیغ افراد تھے جبکہ ایک برازیلین دوست نے بعد میں بیعت کرنے کی بھی سعادت حاصل کر کے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ۔ مکرم حافظ احتشام مومن صاحب مربی سلسلہ ریو دی جانئیرو نے عید کی نماز پڑھائی اور خطبہ دیادعا کےبعد سب نے گرمجوشی کیساتھ ایک دوسرے کو عید کی مبارک باددی اورریفریشمنٹ کے علاوہ کھانابھی پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر مقامی افراد کیساتھ سوال و جواب کی ایک نشست بھی ہوئی اور مکرم حافظ صاحب نے عمدگی کیساتھ انکے سوالوں کے جواب دئے۔

ساؤپائلو (Sao Paulo) برازیل کا سب سے بڑا شہر ہے یہاں پہلی بار عید کی نماز ایک ہوٹل Maraba میں ادا کی گئی ۔مکرم عرفان علی صاحب انچارج جماعت ساؤپاولو نے اپنی رپورٹ میں پہلی بار عید کی ادائیگی پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا یہاں بھی 6 افراد نے شمولیت کی جن میں سے دو زیر تبلیغ افراد بھی شامل ہوئے مکر مدثر احمد صاحب نے عید کی نماز پڑھائی دعا کے بعد سب نے خوشی کے جذبات کیساتھ ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور سب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا ۔

احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں میں برکت ڈالے اور مقبول رنگ میں خدمت کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین

(رپورٹ: وسیم احمد ظفر۔ مبلغ سلسلہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 جون 2021