• 24 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خط

’’الفضل‘‘ کے فضل سے میرے سب کام سنور گئے

•مکرمہ صدف علیم صدیقی۔ ریجائنا، کینیڈا سے لکھتی ہیں۔
خاکسار کی طرف سے پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ کو، تمام انتظامیہ اور تمام قارئینِ الفضل کو الفضل کی ترقیات کے 109 سال مکمل ہونے پر دلی مبارک باد پیش ہے۔ خدا کرے کہ اس روحانی مائدہ سے تاقیامت ہماری نسل در نسل مستفیض ہوتی چلی جائیں۔ آمین اللّٰھم آمین

مورخہ 18جون 2022ء کے شمارے میں محترمہ درثمین احمد، جرمنی کا مضمون بعنوان ’’روزنامہ الفضل سے میری وابستگی‘‘ پڑھا اور دل کے بہت قریب لگا۔

آج یہ مضمون پڑھ کر جی چاہا کہ میں بھی الفضل سے اپنے تعلق کے بارے میں کچھ بیان کروں۔ جب سے میں اس ٹیم کا حصہ بنی ہوں۔ مدیر محترم نے ہمیشہ کمال شفقت سے میری ہر کمی اور کوتاہی کو برداشت کیا اور ابھی تک کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس کے لئے ان کو اس کی بہترین جزاء دے، آمین۔

پروف ریڈنگ کے حوالے سے مضمون میں جو محترمہ امة الباری ناصر کا جملہ بیان کہ ’’پروف ریڈنگ بہت ظالم کام ہے‘‘ یہ واقعی درست بات ہے۔ بارہا ایسا ہوتا ہے کہ اپنی طرف سے بار بار چیک کر کے بھی جب مضمون بھیجا جائے تو کہیں نہ کہیں سے غلطیاں نکل ہی آتی ہیں جو ہماری نگاہوں سے اوجھل ہوتی ہیں۔ ایک سچ بات جس کا ذکر کرنا ضروری ہے کہ جب سے خاکسار نے بطور ٹیم ممبر الفضل کا کام شروع کیا اس وقت سے الفضل سے محبت و عقیدت مزید بڑھ گئی ہے۔ پہلے کبھی کبھار ناغہ بھی ہو جاتا تھا۔ لیکن اب تو نہایت بے قراری سےدوپہر سے اس کا انتظار شروع ہو جاتا ہے۔ کینیڈا میں جیسے ہی شام کے پانچ بجتے ہیں اور الفضل اپ لوڈ ہوتا ہے۔ اسی وقت پڑھتی ہوں، اسٹیٹس پر بھی لگا لیتی ہوں اور اہم تربیتی مضامین شیئر بھی کرتی ہوں۔ جس سے بہت لوگ فائدہ اٹھاتے ہیں، الحمد للّٰہ۔ کیونکہ اب احساس ہوگیا ہے کہ کتنی محنت اور عرق ریزی سے یہ شمارہ تیار ہوتا ہے۔ کتنے افراد کی شب و روز کی محنت اس میں شامل ہے۔

ایک واقعہ جس کا ذکر کرنا چاہتی ہوں کہ اس رمضان کے آخری ایام میں مدیر محترم نے کچھ کمپوزنگ کا کام بھیجا۔ اس سے اگلے دن مجھے سسکاٹون اپنے والدین کے گھر عید گزارنے کے لیے جانا تھا اور وہ دن بے حد مصروف تھا۔ مجھے میرے میاں نے کہا کہ آپ ایڈیٹر صاحب سے معذرت کر لیں کہ اس بار آپ کے لیے مشکل ہو جائے گا۔ ان کا کام نہ رکے اور وہ کسی اور سے کروا لیں۔ میں نے کہا کہ نہیں میں معذرت نہیں کروں گی۔ اللہ تعالیٰ میری مدد کرے گا۔ اس کام کی وجہ سے اللہ تعالیٰ میرے وقت میں برکت ڈالے گا۔ اپنے میاں سے ہی کہا کہ آپ بولتے جائیں میں ٹائپ کرتی جاتی ہوں۔ جلدی جلدی کام ہو جائے گا اور یہی ہوا گھنٹے سوا گھنٹے میں وہ کام ختم کر کے میں نے ای میل کر دی، الحمد للّٰہ۔

لیکن اس نہایت چھوٹے سے کام سے یقین مانیئے کہ اللہ تعالیٰ نے میرے سارے کام اتنے احسن رنگ میں اور مختصر وقت میں کیے کہ میں خود حیران تھی۔ اس سے قبل جب بھی مجھے سسکاٹون جانا ہوتا تھا آخری وقت تک میرے کام ختم نہیں ہوتے تھے اور یہ بے چینی الگ کہ کوئی چیز بھول نہ جاؤں، کچھ رہ نہ جائے۔ لیکن اس دن خدا تعالیٰ کی طرف سے ایسا سکون اور اطمینان تھا کہ میں خود حیران تھی۔ بے شک یہ الفضل کے کام کا ہی فضل تھا جو میرے سب کام آسانی سے ہو گئے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیشہ ہمیں الفضل کے فضل و برکات سے نوازتا رہے اور ہمارے پیارے اخبار الفضل کو دن دگنی اور رات چوگنی ترقی دے اور ساری دنیا کی علمی اور روحانی پیاس کو بجھانے والا ہو۔ آمین اللّٰھم آمین۔

فضل خدا کے ساتھ یہ اخبار ہے آتا
ہر روز بن کے دیکھیے تہوار ہے آتا
شعر و نثر خطاب و علمی مراسلات
ہر اک طرح کے لے کے یہ اثمار ہے آتا

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ