• 18 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

• مکرمہ بشریٰ نذیر آفتاب۔ سسکاٹون ، کینیڈا سے تحریر کرتی ہیں :
مورخہ 16 ستمبر2021 ءکے روزنامہ الفضل آن لائن میں آپ کا اداریہ ’’عشق و مشک را نتواں نہفتن‘‘ پڑھا۔ آپ نے اس اداریے میں لکھا ہے کہ:
’’حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے اپنی تقاریرو خطبات میں اس مضمون کو یوں بیان فرمایا ہے کہ اوصاف اور خصوصیات کی وجہ سے چھوٹا محمد بننے کی کوشش کریں بلکہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے اندر اُتارنے کی کوشش کریں‘‘

جیسے ہی خاکسار نے یہ سطور پڑھیں تو اپنے والد بزرگوار مکرم نذیر احمد خادم مرحوم کے عشقِ رسولؐ کے عنوان پر کی جانے والی تقاریر کانوں میں گونجنے لگیں جو آپ نے ضلعی سطح پر منعقد ہونے والے جلسہ ہائے سیرت النبیؐ پر کیں تھیں ۔ان تقاریر میں ابا جان، حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی اس قیمتی نصیحت ’’چھوٹا محمد بننے کی کوشش کریں‘‘ کی طرف تمام حاضرین کو بڑی شدومد سے توجہ دلایا کرتے تھے۔ خود بھی چھوٹا محمد بننے کی پوری کوشش کرتے اور اپنے بچوں اوراحبابِ جماعت کو بھی اس طرف توجہ دلاتے۔ اس طرح میں نے پہلی دفعہ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا یہ مبارک ارشاد اپنے ابا جان کی زبانی سنا تھا۔ آپ کےاس مفید و معلوماتی اور ایمان افروز اداریے نے اور بھی بہت سی خوبصورت باتیں یاد کرادیں مثلاً یہ کہ محبت بھی دو طرفہ ہوتی ہے۔ جہاں اللہ جلّ شانہ نے اپنے محبوب رسولؐ کو یہ اعزازو اکرام بخشا ہے کہ لولاک لما خلقت الافلاک کہ اے محمدؐ! اگر تجھے پیدا کرنا مقصود نہ ہوتا تو یہ زمین و آسمان بھی پیدا نہ کرتا۔ وہاں میرے آقاومولا حضرت محمد مصطفی احمد مجتبیٰؐ نے بھی اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ اس گرانقدر انعام و اکرام کا صحیح معنوں میں حق ادا کیا ۔خداتعالیٰ کی اطاعت و عبادات کے زندہ و جاوید نمونے قائم کر کے ،خون کے پیاسے جانی دشمنوں سے عفو ودرگزر کر کے، وسعت حوصلہ اور اعلی اخلاق سے لوگوں کے دلوں کو فتح کرکے، مظلوم انسانیت کو ظالموں کے چنگل سے آزاد کر کے اور تو اور پانچ وقت شراب کے رسیا اور بتوں کے پجاریوں کو خدائے واحد و یگانہ کی چوکھٹ پر کھڑا کرکے، یہانتک کہ دشمن بھی اللہ تعالیٰ سے آپ ﷺ کی بے پناہ محبت پر ’’عشق محمد ربّہ‘‘ پکار اُٹھا کہ محمدؐ تو اپنے رب پر عاشق ہو گیا ہے۔ اللہ کرے کہ ہم سب جہاں صفات ِباری تعالیٰ کو اپنی ز ندگیوں کا حصہ بنانے والے ہوں وہاں آپؐ کی صفات جمیلہ اور اوصاف حمیدہ سے اپنی حسنِ عمل میں مزید نکھار پیدا کرنے والے بھی ہوں۔ اور اس کثرت سے فخر دوعالمؐ پر درود شریف بھیجیں کہ اس درود شریف کی برکت سے نہ صرف ہمارے آس پاس کا ماحول معطر ہوجائے بلکہ اس کی خوشبو سے تمام فضا بھی مہک اٹھے۔ آمین۔

؎بھیج درود اس محسن پرتودن میں سو سو بار
پاک محمد مصطفی نبیوں کا سردار

• مکرم عبدالمجید زاہد۔ آسٹریلیا سے تحریر کرتے ہیں :
مورخہ 16 ستمبر2021 ءکا شمارہ موصول ہوا۔ سب مضامین بہت اچھےاور معلوماتی تھے. مکرم غلام مصباح بلوچ نے جو تعارف صحابہ کرام ؓکے عنوان سے سلسلہ شروع کیا ہوا ہے بہت اچھا ہے اسی طرح اردو سیکھیں کا تسلسل بھی معلوماتی ہے اور اردو سیکھنے والے استفادہ کر سکتے ہیں. اردو زبان کی ترویج اور ترقی میں جماعت احمدیہ کا کردار مثالی ہے اس حوالہ سے مکرم محمد امجد خان کا مضمون بہت ہی معلوماتی ہے. اللہ تعالی ان سب لکھنے والوں کو جزا دے آمین.

• مکرمہ طیبہ منصور چیمہ۔ لندن سے تحریر کرتی ہیں :
ماشاء اللہ الفضل آن لائن اپنی ترقی کی طرف رواں دواں ہے اس میں بچوں کا جو پروگرام شروع کیا گیا ہے بہت دلچسپ ہونے کے ساتھ ساتھ بچوں میں چھوٹی عمر سے مضامین لکھنے کا شوق پیدا کرنے کے لئے اچھی کاوش ہے۔ دوسرا سورة الفاتحہ کا تعارف ’فاتحہ‘ کی زبانی بہت ہی دلچسپ اور معلوماتی مضمون ہے ۔اللہ تعالیٰ آپ کی کاوشوں میں بے انتہا برکت ڈالے کہ الفضل کا حق ادا ہو جائے ۔آمین

• مکرم محمد ادریس شاہد ۔ فرانس سے لکھتے ہیں:
مختلف عناوین پر بہت ہی دلچسپ اور پائیدار مضامین الفضل کی نذر کرنے پر دلی شکریہ قبول کریں۔ روزانہ ہی اخبار پر کر لطف دوبالا ہو جاتا ہے۔ جزاکم اللہ تعالیٰ ۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 ستمبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ