محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ایڈیلیڈ ویسٹ کو گزشتہ سال اکتوبر سے ایڈیلیڈ شہر کی ایک مصروف ماہانہ مارکیٹ Fullarton میں بکسٹال لگانے کی توفیق مل رہی ہے۔الحمدللہ مورخہ 27اگست 2022ءکو پانچ احباب جماعت پر مشتمل ایک گروپ نے ماہ اگست کی مارکیٹ میں تبلیغی سٹال لگا یا۔ شدید سرد ی اورمطلع ابر آلود ہونے کےباعث شروع میں مارکیٹ وزٹ کرنے والوں کی تعدادبہت کم رہی۔ تقریباً دس بجے سورج نکل آیا اور موسم کھل گیا اور کثیر تعداد میں لوگوں نے مارکیٹ کا رخ کیا اور متعدد سٹالز پر رش ہونا شروع ہوگیا جبکہ ہمارا سٹال موسم کے کھلنے کے باوجود بھی غیر مصروف ہی رہا۔
بہر حال اللہ تعالیٰ نے اپنا فضل فرمایا اور تائید الٰہی کا نظارہ اس وقت دیکھنےکو ملا جب ہم نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تصویر والا pull upبینر سٹال کے اندر سے اٹھا کر باہر سامنے آویزاں کیا۔حضرت مسیح موعودؑ کی تصویر کی برکت سے ہمارا سٹال بہت مصروف ہوگیا اور ہرشخص گزرتے وقت رک کر آپؑ کی تصویر کا بغورمشاہدہ کرتا۔ ایک عورت حضرت مسیح موعودؑ کی تصویر کو کافی دیرتک مشاہدہ کرنے کےبعدہمارے پاس سٹال پر تشریف لائی اور دریافت کیا کہ کیا یہ کسی صوفی کی تصویر ہے؟ ہم نے انہیں بتایا کہ یہ اس زمانےکے امام حضرت مسیح موعودؑ کی تصویر ہے۔ اس کے بعد ان کے ساتھ مختلف موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور ان کوپڑھنےکے لئے چند جماعتی کتب بھی دیں۔
تبلیغ کا یہ سلسلہ عمدہ رنگ میں جاری تھاکہ اچانک ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا جب ایک شخص بہت غصے میں ہمیں گالیاں دیتے ہوئے ہمارے سٹال کے سامنے سے گزرا۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے اس واقعہ کو بھی ہمارے حق میں پھیر دیا اور لوگوں کی توجہ پہلے سے بھی زیادہ ہمارے سٹا ل کی طرف مبذول فرمادی۔اس واقعے کے فوراً بعدہمارے ساتھ والے سٹال پر موجود دو عورتوں نے ہمارے ساتھ گفتگو شروع کردی اور ان میں سے ایک نے بتایا کہ وہ لجنہ اماءاللہ کے کئی پروگراموں میں شامل ہوئیں ہیں اور انہوں نے ہماری مسجد کو بھی وزٹ کیا ہوا ہے۔ یہ واضح طور پر معلو م ہو رہا تھا کہ اس شخص کی بدکلامی کے باعث وہ ہم سے ہمدردی کا اظہار کر رہیں تھیں۔
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تبلیغی سٹال نہایت کامیاب رہا اورہمیں کئی نئے تبلیغی contacts بنانےکا موقع ملا۔ الحمدللّٰہ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس عاجزانہ کاوش کو قبول فرمائے اور آئندہ بھی ہمیں احسن رنگ میں اسلام احمدیت کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عاطف احمد زاہد۔ مربی سلسلہ ایڈیلیڈ، آسٹریلیا)