• 27 اکتوبر, 2024

سو سال قبل کا الفضل

30؍نومبر 1922ء دوشنبہ (سوموار)
مطابق 29؍ربیع الاول1341 ہجری

صفحہ اول و دوم پر مکرم شیخ محمود احمد صاحب عرفانی کا ایک خط زیرِ عنوان ’’نامہٴ مصر‘‘ شائع ہوا ہے جو 29؍اکتوبر 1922ء کا تحریر کردہ ہے۔ علاوہ دیگر تبلیغی مساعی کے عرفانی صاحب نے اس رپورٹ میں تحریر کیا کہ ’’خدا کا فضل ہے کہ جس دن میں قاہرہ میں وارد ہوا مجھ کو اُس دن ایک آدمی بھی نظر نہ آتا تھا جو احمدی ہو یا مجھ کو یہ آکر کہتا کہ میں احمدی ہوں۔ لیکن اس کے بعد خدا نے اپنے فضل کے دروازے کھول دیئے۔ اور آج میں یہ اعلان کرنے کے قابل ہوں کہ خاص قاہرہ شہر میں ایک جماعت احمدیوں کی موجود ہے۔ الحمدللّٰہ علیٰ ذالک

اس پر میں جس قدر بھی خدا کی حمد کروں کم ہےکہ اس نے اپنے فضل سے میرے ذریعہ سے ایک جماعت قائم کر دی ہے اور صرف مردوں کی تعداد آٹھ تک ہو گئی ہے۔ ان کے بیوی بچے الگ ہیں۔ احباب دعا فرمائیں کہ اللہ تعالیٰ ان کو استقامت دے اور مخلص احمدی بنائے۔

اگلے ہفتے باقاعدہ جلسہ ہو گا۔ اس جلسہ پر انجمن احمدیہ قاہرہ کا افتتاح ہو گا۔ باقاعدہ چندوں کارجسٹر کھولا جائے گا اور جمعہ کی نماز کا انتظام کیا جائے گا۔ اس طرح خداتعالیٰ نیل کے کنارے پر حضرت مسیحِ موعودؑ کے خادموں کاکیمپ لگوادیا ہے۔ اللّٰھم زد فزد

یہاں کی انجمن کا نام ’’الحرکۃ الاحمدیہ قاہرہ‘‘ ہو گا۔ میں نے اپنا مکان بدل لیا ہے۔ میرے موجودہ مکان کا پتہ حسبِ ذیل ہے۔

شارع خلیج المصری نمبر 505، الحرکۃ الاحمدیہ شیخ محمود احمد احمدی

صفحہ نمبر3 تا 5 پر ’’مولوی محمد علی صاحب کی کھلی چٹھی اور اس کا جواب‘‘ کے عنوان سے مولوی محمد علی صاحب کی ایک چٹھی کا مکمل متن اور حضرت مصلح موعودؓ کے تحریر فرمودہ جواب کا خلاصہ شائع ہوا ہے۔ اس چٹھی کا مفصل جواب حضرت مصلح موعودؓ نے اپنے قلمِ مبارک سے تحریر فرمایا۔ یہ مفصل جواب الفضل 20؍نومبر 1922ء کے شمارہ میں شائع ہوا نیز 19؍نومبر 2022ء کے الفضل آن لائن میں اسی سلسلۂ مضمون کے تحت مولوی محمد علی صاحب کی مذکورہ چٹھی کا مختصر پس منظر شائع ہو اہے۔

صفحہ نمبر6 اور 7 پر درج ذیل عناوین کے تحت اداریہ شائع ہوا ہے۔

1۔ نیا ’’خلیفۃ المسلمین‘‘ اور مسلمانانِ ہند
2۔ مولوی محمد علی صاحب سے مطالبہ نمبر1
3۔ تلوار کا مذہب اسلام ہے یا عیسائیت
4۔ خلافت ٹرکی کے متعلق مسلمانوں کی نازک پوزیشن

صفحہ نمبر8 اور 9 پر حضرت مصلح موعودؓ کا خطبہ جمعہ ارشاد فرمودہ 10؍نومبر 1922ء شائع ہوا ہے۔

صفحہ نمبر10 اور 11 پرامرتسر میں آریوں سے مباحثہ کےدوسرے دن کی رُوداد شائع ہوئی ہے۔ مذکورہ مباحثہ کا پس منظراسی سلسلۂ مضمون کے تحت مؤرخہ 23؍نومبر کے اخبار الفضل آن لائن میں شائع ہوا ہے۔

مذکورہ بالا اخبار کے مفصل مطالعہ کےلیے درج ذیل لنک ملاحظہ فرمائیں۔

https://www.alislam.org/alfazl/rabwah/A19221130.pdf

(م م محمود)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

فقہی کارنر