• 16 مئی, 2024

ایڈنبرا اور فائف امن کانفرنس

خُدا کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ ایڈنبرا اور فائف کو اپنی سالانہ امن کانفرنس مورخہ 16 نومبر 2019ء کو منعقد کرنے کی سعادت ملی۔ یہ کانفرنس پہلی دفعہ اسکاٹ لینڈ کے خوبصورت اور تاریخی شہر ڈمفرم لائن (Dunfermline) کے ایک کمیونٹی ہال میں منعقد کی گئی جہاں ایک خوبصورت قرآنِ کریم کی نمائش کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ یہ کانفرنس اصل میں اسکاٹ لینڈ میں جاری ہفتہ بین المذاہب کے پروگرامز کا حصہ تھی جس کا انعقاد ایک غیر سرکاری تنظیم (Interfaith Scotland) نے کیا تھا۔ اس ہفتہ میں اسکاٹ لینڈ ریجن کو کُل چار تبلیغی پروگرام کرنے کی سعادت ملی جس کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کیا گیا اور مہمانوں کو مدعو کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام احمدیت کا پیغام مقامی لوگوں تک پہنچایا گیا۔ دوپہر دو بجے مہمانوں کی آمد شروع ہوئی جن کی تواضع چائے اور مشروبات سے کی گئی ۔جماعت کی کتب دی گئیں اور نمائش کا تعارف کروایا گیا۔

تلاوتِ قرآنِ کریم اور انگریزی ترجمہ سے اس کانفرنس کا آغاز ہوا جس کے بعد حاضرین کو جماعت کا تعارف اور انسانیت کیلئے اس کی مساعی کے بارہ میں ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ شہر کے مقامی کونسلر مسٹر ڈیوڈ باراٹ نے امن کی اہمیت اور اس کی موجودہ تناظر میں ضرورت کے بارہ میں اپنے خیالات کا اظہار کیا جس کے بعد ممبر پارلیمنٹ لیزلی لیئرڈ کا ایک پیغام پڑھ کر حاضرین کو سُنایا گیا جس میں انہوں نے اس اہم موضوع پر یہ کانفرنس منعقد کرنے پر جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس کانفرنس کیلئے کلیدی تقریر محترم عطاءالمجید راشد امام مسجد فضل لندن نے کی جس میں آپ نے اسلام احمدیت کی وہ تعلیمات بتائیں جس میں امن کے قیام اور اس کی ضرورت کے بارہ میں بیان ہوا ہے۔ اس نہایت مؤثر انگریزی تقریر کے بعد حاضرین کو سوال وجواب کا موقعہ بھی دیا گیا جس میں غیر مسلم مہمانوں نے خاص دلچسپی دکھائی اور اس موضوع پر کھل کر اظہارِخیال کیا۔ پروگرام کا اختتام دُعا سے ہوا جس کے بعد مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس کانفرنس میں کل 30 غیر مسلم اسکاٹش مہمان شامل ہوئے جن میں دو مقامی کونسلرز، ایک پرائمری سکول کی ہیڈ ٹیچر، فائف بین المذاہب گروپ کے ممبران کے ساتھ ساتھ مقامی پولیس کے نمائندے بھی شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ اس طرح کے کامیاب تبلیغی پروگرام منعقد کرنے کی اسکاٹ لینڈ ریجن کو توفیق دیتا رہے۔آمین

(ارشد محمود ۔اسکاٹ لینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 دسمبر 2019

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ