• 9 مئی, 2025

جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم

مورخہ 14؍نومبر2021ء بروز اتوار جماعت احمدیہ ’’نوئے ویڈ‘‘ نے جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم منعقد کیا۔ یہ جلسہ اگرچہ آن لائن تھا لیکن پروگرام میں حصہ لینے والے سبھی چھوٹے بڑے ’’بیت الرحیم‘‘ میں جمع ہوئے۔

تین بجے بعد دوپہر زیر صدارت مکرم محمد عالم سوئل صاحب صدر جماعت اس مبارک جلسہ کا آغاز ہوا۔

مکرم مصباح الرحمان ثاقب صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ نوئے ویڈ نے سورۃ الفتح آیات 28 تا 30 کی تلاوت کی اور ساتھ اردو ترجمہ بھی پیش کیا۔ مکرم اسد عالم سوئل صاحب (سیکرٹری اشاعت) نے تلاوت کی گئی آیات قرآنیہ کا جرمن ترجمہ پیش کیا۔

مکرم نصر اللہ احمد صاحب نے درثمین اردو سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا پاکیزہ منظوم کلام نہایت خوش الحانی سے پڑھ کر سنایا۔ جس کا جرمن ترجمہ عزیزم فرخ اعظم صاحب نے پیش کیا۔

اس کے بعد اردو تقریر تھی جو خاکسار (ریاض محمود باجوہ مربی سلسلہ (آنریری) جماعت احمدیہ نوئے ویڈ) نے کی۔ تقریر کا موضوع تھا ’’آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم پیکر شرم و حیا‘‘

ایک تقریر جرمن زبان میں تھی جو مکرم ارادش احمد خالد صاحب قائد مجلس خدام الاحمدیہ نوئے ویڈ نے کی۔ آپ کی تقریر کا موضوع تھا ’’آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم عفت و پاکدامنی کا نمونہ‘‘

قصیدہ و ترانہ گروپ کی صورت میں مکرم مصباح الرحمان ثاقب صاحب، عزیزم فیضان احمد ثاقب صاحب اور عزیزم سفیر احمد سوئل صاحب نے پیش کیا۔

ایک تقریر پروگرام کے آخر میں مکرم مشہود احمد ادیب صاحب مربی سلسلہ کی تھی۔ آپ نے جرمن اور اردو زبان میں ’’آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق حسنہ‘‘ پر نہایت احسن رنگ میں جامع مانع تقریر کی۔

اجلاس کے اختتام پر مکرم محمد عالم سوئل صاحب صدر جماعت نے بعض اعلانات کئے۔ اس کے بعد مسجد میں موجود افراد جماعت کے ساتھ مل کر بآواز بلند خاکسار نے درود شریف دہرایا اور اختتامی دعا کرائی۔

مسجد میں ہی ریفریشمنٹ کا کچھ انتظام تھا۔ جس میں شرکاء اجلاس جو مسجد میں موجود تھے شامل ہوئے۔

(نوٹ) 1928ء کا سال تاریخ عالم میں سنہری حروف سے لکھے جانے کے لائق ہے۔ برصغیر پاک و ہند کی مذہبی تاریخ پر اس سال نے گہرا اثر ڈالا۔ یہ وہ سال تھا جب جماعت احمدیہ کے پلیٹ فارم پر سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلسوں کا آغاز ہوا۔

آفتاب آمد دلیل آفتاب کے تحت یہ سکیم شروع کی گئی کہ لوگوں کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق حسنہ سے آگاہ کیا جائے۔ ان جلسوں میں مقررین کا مسلمان ہونا ضروری نہیں تھا۔ یعنی غیر مسلم بھی تقریر کر سکتے تھے۔

ان جلسوں میں تقریر کے لئے موضوعات درج ذیل تھے:
۱۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بنی نوع انسان کے لئے قربانیاں
۲۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پاکیزہ زندگی
۳۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دنیا پر احسانات

(مزید تفصیل کے لئے ملاحظہ ہو تاریخ احمدیت جلد5 جدید ایڈیشن)

(رپورٹ: ریاض محمود باجوہ۔نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن، جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ