• 26 اپریل, 2024

سڑک پر سفید اور پیلی لکیروں کی پابندی زندگی بچا سکتی ہے

سڑک پر چلتے ہوئے ہم سفید اور پیلے رنگ کی جو لکیریں جا بجا دیکھتے ہیں انہیں گائیڈ لائنز کہا جاتا ہے۔ ان لائنوں کے درمیان کہیں تسلسل ہوتا ہے اور کہیں وقفہ ہوتا ہے۔ کہیں ان میں وقفہ ہوتا کم ہو جاتا ہے اور کہیں زیادہ۔ یہ تمام لائنیں اور انکے درمیان وقفہ اور سڑک پر ان کی پوزیشن وہ اشاریے ہیں جو بتاتے ہیں کہ سڑک پر کس طرح چلنا ہے۔ کس طرف چلنا ہے، کہاں رکنا ہے، کہاں سے اوور ٹیک کرنا ہے اور کہاں سے اوورٹیک کرنے کی اجازت نہیں ہے، علی ھذالقیاس۔

کئی ایسی اغراض ہیں جن کے لیے ٹریفک سگنل نہیں لگائے جا سکتے اور نا ہی سگنل پوری سڑک پر نصب کرناممکن ہے۔ چنانچہ اس مقصد کے حصول کے لیےسڑکوں پر لائنیں لگائی جاتی ہیں۔ ٹریفک سگنل کے بعد سڑک پر لگائی گئی پیلی اور سفید رنگ کی لائنیں بہت اہم ہوتی ہیں جن کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔ خیال رہے کہ ہر ملک میں ٹریفک کے قوانین مختلف ہوتے ہیں اسی طرح گائیڈ لائین کے مطالب میں بھی فرق ہو سکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ جس ملک میں بود و باش رکھتے ہیں وہاں کے ٹریفک قوانین سے واقفیت رکھیں۔

ٹریفک کو کنڑول میں رکھنے کے لیے تین بنیادی اشاریے استعمال کیے جاتے ہیں جن میں پہلے نمبر پر ریگولیٹری، دوسرے نمبر پر وارننگ (جس میں ٹریفک سگنل وغیرہ شامل ہیں) اور تیسرے نمبر پر گائیڈ سگنل ہیں۔ سڑک پر لکیروں کے ذریعے رہنمائی کو گائیڈ سگنل میں شمار کیا جاتا ہے۔

Solid White Line

اگرسفیدلکیر عین سڑک کے درمیان ہو تو اس کا مطلب ہےآپ اس لائن کو پار کر کے سڑک کی دوسری طرف نہیں جا سکتے اور نا ہی اپنے سے آگے جاتی ہوئی گاڑی کو اوور ٹیک کر سکتے ہیں۔ صرف اس صورت میں لائن پار کریں جب آپ کے سامنے کوئی رکاوٹ آجائے یاآپ نے سڑک سے اترنا ہو۔ اس لائن کو بیریئر لائن بھی کہا جاتا ہے۔

Solid Yellow Line (Middle)

سڑک کے عین درمیان میں پیلی لائن کا مطلب ہے کہ آپ اپنے سامنے جا رہی گاڑی کو اوورٹیک کر سکتے ہیں لیکن اوور ٹیک کرتے ہوئے آپ پیلی لکیر کو پار نہیں کرسکتے۔ آپ نے اپنی لین میں رہتے ہوئے ہی اوورٹیک کرنا ہے۔

Broken White Line

سڑک کے عین درمیان میں تھوڑے تھوڑے فاصلہ پر موجود سفیدلکیروں کا مطلب ہے کہ آپ احتیاط سے لین بدل سکتے ہیں سامنے جاتی ہوئی گاڑی کو اوور ٹیک بھی کر سکتےہیں اور سڑک پر یوٹرن بھی لے سکتے ہیں بشرطیکہ ایسا کرنے میں کوئی خطرہ نا ہو۔ اس طرح کی لکیریں ہائی وے پر جہاں ایک سے زیادہ لین ہوتی ہیں لین کی حد کی نشاندھی کے طور پر بنائی جاتی ہیں۔ انہیں لین ڈیوائیڈر کہا جاتا ہے۔

Double Solid White Line

سڑک کے عین درمیان میں دو بڑی سفید لکیروں کا مطلب ہے کہ آپ اپنے سامنے جاتی ہوئی گاڑی کو اوور ٹیک نہیں کر سکتے۔ جہاں تک دو متوازی سفید لائنیں سڑک کے درمیان موجود ہوں گی وہاں تک ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ایسی لائین کہیں کہیں ہی ہوتی اور زیادہ لمبی نہیں ہوتیں۔

Solid Yellow Line

سڑک کے اطراف میں موجود پیلی لائنیں سڑک کی حد طے کرتی ہیں۔ نیز یہ کے ان لائنوں سے باہر آپ گاڑی نہیں نکال سکتے۔ آپ کو ان دونوں پیلی لائنوں کے اندر ہی رہنا ہے۔ اس طرح کی پیلی لائن سڑک کی ایک یا دونوں طرف ہو سکتی ہے۔

Double Solid Yellow Line

دو متوازی پیلی لائنوں کا مطلب ہے کہ سختی سے اپنی لائن میں ہی چلتے رہیں اور کسی صورت اسے پار کرکے دوسری طرف نا جائیں۔ متوازی پیلی لکیروں کا مطلب ہوتا ہے کہ یہاں پر اوورٹیک کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ البتہ اپنی لین میں رہتے ہوئے اوورٹیک کر سکتے ہیں۔

Solid and Broken Yellow Line

بعض اوقات سڑک کے درمیان متوازی اور ٹوٹی ہوئی پیلی لائن ہوتی ہیں۔ جس طرف کی پیلی لائن ٹوٹی ہوئی ہو اس طرف کی گاڑیاں اوورٹیک کرکے آگے نکل سکتی ہیں۔ لیکن سیدھی پیلی لائن والی لین میں موجود گاڑیوں کو اوور ٹیک کرنے کے کی اجازت نہیں ہے۔

Stop Line

یہ لائن بہت زیاد نظر آتی ہے اور اکثر وہاں ہوتی ہے جہاں چوراہاہو، یا ایک سڑک دوسری سڑک سے مل رہی ہو۔ جہاں ٹریفک کو روکنا مقصود ہو وہاں دو متوازی سفید لائنیں لگائی جاتی ہے اور گاڑیوں کو یہ لائن پار کرنے کی اجازت نہیں ہوتی بالخصوص اس وقت جب ٹریفک سگنل سرخ ہو اور باقی ٹریفک رکی ہوئی ہو ایسے میں اس لائن کو پار کرنا جرم ہوتا ہے۔ اس کی خلاف ورزی خطرناک حادثہ کا سبب بن سکتی ہے۔

Zebra Crossing

اس سے ہم سب واقف ہوں گے۔ یہ لائن پیدل چلنے والوں کے لیے اشارہ ہوتی ہیں کہ یہاں سے گزرنا محفوظ ہےاور ڈرائیور حضرات اس نشان پر احتیاط برتیں۔

Solid and Broken White Line

سیدھی اور ٹوٹی ہوئی دو متوازی سفید لائنوں کا مطلب ہے کہ جس طرف کی لائن ٹوٹی ہوئی ہو اس طرف کی گاڑیاں اوور ٹیک کر سکتی ہیں اور یو ٹرن لے سکتی ہیں۔ لیکن اگر آپ کی طرف والی لائن سیدھی اور مسلسل ہے تو آپ سامنے جاتی ہوئی گاڑی کو اوور ٹیک نہیں کر سکتےاور نا ہی یو ٹرن لے سکتے ہیں۔

سڑک کےدرمیان والی لکیر کو سینٹر مارکنگ، سینٹر کے ساتھ والی لائن لین مارکنگ کہلاتی ہے اور سڑک کے کنارے پر بنی لائن ایج مارکنگ کہلاتی ہے۔ ٹوٹی ہوئی لائنوں کے درمیان فاصلہ بھی معنی خیز ہوتا ہے۔ جہاں ان لکیروں کے درمیان فاصلہ کم ہو اس کا مطلب ہوگا کہ اوور ٹیک کرکے فوراً اپنی طرف واپس آئیں۔ اور ایک بار اوور ٹیک کے بعد دوبارہ اوورٹیک کرنے میں جلدی نا کریں۔ ٹکڑوں میں بٹی ایک سفید لائن کی لمبائی ساڑھے چار میٹر ہوتی ہے اور دو لائنوں کے درمیان فاصلہ ساڑھے سات میٹر کا ہوتا ہے۔ کچھ لائنوں میں درمیانی فاصلہ محض ڈیڑھ میٹر کا بھی ہوتا ہے۔ اسی طرح تین اور ڈیڑھ میڑ کے فاصلہ پر بھی لائن بنائی جاتی ہیں۔

(مدثر ظفر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ