• 19 مئی, 2024

آج کی دعا

اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ رَبِّیْ مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّ اَتُوْبُ اِلَیْہِ

ترجمہ: ’’میں اللہ تعالیٰ سے جوکہ میرا رب ہے،تمام گناہوں کی بخشش طلب کرتا ہوں اور اسی کی طرف جھکتا ہوں‘‘۔

قرآن مجید میں بار بار گناہوں، خطاؤں اور لغزشوں کی بخشش کا ذریعہ توبہ و استغفار کو بتایا گیا ہے۔ بلکہ اموال، اولاد اور دنیاوی مال ومتاع میں برکت حاصل کرنے کے لئے بھی استغفار کرنے کی طرف توجُّہ دلائی گئی ہے۔

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
’’خدا کی قسم میں دن میں ستر مرتبہ سے بھی زیادہ استغفار اور توبہ کرتا ہوں‘‘۔

(صحیح بخاری)

حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں کہ :۔
’’استغفار کے اصل معنی تو یہ ہیں کہ خواہش کرنا کہ مجھ سے کوئی گناہ سرزد نہ ہو یعنی میں معصوم رہوں۔ اور دوسرے معنی جو اس سے نیچے درجہ پر ہیں کہ میرے گناہ کے بد نتائج جو مجھے ملنے ہیں میں ان سے محفوظ رہوں‘‘۔

(بحوالہ تفسیر حضرت مسیح موعودؑ جلد اول صفحہ 303)

طالبات کے ساتھ ایک نشست میں ایک سوال کے جواب میں قابلِ صد احترام ہمارے پیارے امام سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہُ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے پریشانیوں کا حل ’’استغفار‘‘ کو بتاتے ہوئے فرمایا کہ:
’’سوسائٹی میں، اپنے گھر میں، اپنے سسرال والوں کے ساتھ اور اپنے ماحول میں جو بھی بے چینیاں اور پریشانیاں پیدا ہوں وہ استغفار کرنے اور لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ پڑھنے سے دور کی جاسکتی ہیں‘‘۔

(طلبات کے ساتھ تربیتی نشست،دورہ امریکہ جون 2012)

(مرسلہ: قدسیہ محمود سردار)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 اگست 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 31 اگست 2020