• 19 مئی, 2024

مجلس انصاراللہ جرمنی کا 41 واں سالانہ اجتماع

جماعت احمدیہ عالمگیر کے اندر منعقد ہونے والے سالانہ جلسے اور ذیلی تنظیموں کے اجتماعات احمدی احباب کے لئے عافیت کا حصار بن چکے ہیں۔ بانی سلسلہ جماعت احمدیہ اور بانی تنظیم مجلس انصاراللہ نے ان جلسوں اور اجتماعات میں شریک ہونے والوں کے لئے بےشمار فضلوں کے وارث ہونے کی جو دعائیں مانگی تھیں، وہ نہ صرف پوری شان و شوکت سے پوری ہورہی ہیں بلکہ ہر شریک ہونے والا خلافت کے ساتھ مزید پختگی کے عہد کے ساتھ واپس گھر لوٹتا ہے۔ان جلسوں اور اجتماعات میں شریک ہونے کے فوائد و ثمرات پر اگر قلم اٹھایا جائے تو شاید کبھی مضمون مکمل نہ ہو پائے لیکن اختصار کے ساتھ اگر کہا جائے تو یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ چاروں اطراف سے احمدیوں کی ان اجتماعات میں شرکت سے اخوت کو فروغ ملتا ہے اور بھائی چارہ پروان چڑھتا ہے۔اجتماعی ذکر الٰہی اور دعاوں کے مواقع میسر آتے ہیں جو قلبی سکون و راحت کا موجب بنتے ہیں۔ دوستوں، عزیزواقارب سے ملاقات ہوتی ہے، خیرو عافیت کا پتہ چلتا ہے، چہروں پرمسکراہٹ پھیلتی ہے اور ہرسومحبت کے خوشبودار پھول کھلتے ہیں۔

مجلس انصاراللہ جرمنی کا 41 واں سالانہ اجتماع بھی اپنی انہی دینی و تنظیمی اور جماعتی روایات کے روح پرور ماحول میں تین دن جاری رہنے کے بعد سترہ جولائی کواجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ یہ سالانہ اجتماع 15-17 جولائی (جمعہ، ہفتہ، اتوار) 2022ء کو من ہائم (Mannheim) کی مائی مارکٹ میں منعقد ہوا جس میں جرمنی کے طول وعرض سے انصار اور دیگراحباب نے شرکت کی۔اس سال اجتماع کا عنوان سچائی اورایمانداری تھا۔لجنہ اماء اللہ جرمنی کا سالانہ اجتماع بھی اسی مقام پر منعقد ہوا، ہزاروں کی تعداد میں مردو خواتین اور بچوں کی شرکت سے جلسہ سالانہ کا سا سماں دیکھنے کو ملا۔اس تین روزہ اجتماع کی انتہائی اختصار کے ساتھ روئیداد، رپورٹ کی شکل میں سپرد قلم ہے۔

اجتماع کی تاریخوں کی حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے منظوری لینے کے بعد حسب سابق تنظیمی نظام، سرکلر اور ڈیجیٹل ذرائع سے تشہیر کی گئی تاکہ ہر ناصر تک اطلاع پہنچ سکے۔ مبارک احمد شاہد صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی نے گزشتہ سال کی طرح اس سال کے لئے بھی ظفر احمد ناگی صاحب نائب صدر انصاراللہ کو اجتماع کا منتظم اعلیٰ مقرر کیا، جنہوں نے حسب روایت اجتماع کی بھرپور تیاری کی غرض سے ایک اجتماع کمیٹی تشکیل دی اور صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی سے اس کی منظوری لی، یہ اجتماع کمیٹی 15 بورڈ ممبرز اور 99 منتظمین پر مشتمل تھی۔جس کی صدر صاحب مجلس کی زیر صدارت بالمشافہ اور آن لائن متعددمیٹنگز منعقد ہوئیں۔اسی طرح لجنہ کی تیاری اجتماع کے سلسلہ میں ان کے ساتھ بھی گاہے بگاہے مشاورت ہوتی رہی۔اس سال تین نئے پروگرام شامل کئے گئے تھے جن کو اللہ کے فضل سے احباب میں بہت پذیرائی ملی۔ ان میں انصار بیٹھک کے نام سے ایک خصوصی پروگرام شامل تھاجس میں انصار سے متعلق متعدد اہم موضوعات پر پروگرام منعقد ہوئے جس میں نومبائعین، ملٹی نیشن انصار، اسائلم سیکرز، ڈاکٹروں کا صحت اور خوراک سے متعلق معلوماتی گفتگو، 60 سال سے زائد عمر کے انصارکا پروگرام شامل تھے۔دیگر دو پروگراموں میں نیشنل عاملہ اور ناظمین اعلیٰ علاقہ کے مابین کرکٹ میچ اور نمائش کا انعقاد قابل ذکر ہے۔

پیارے آقا سیدنا امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی شفقت اور منظوری سے مکرم راجہ برہان احمد صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ یوکے اور مکرم عبد الخالق صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری برائے انصار سیکشن نے سالانہ اجتماع میں شرکت کی اور اراکین اجتماع کمیٹی و حاضرین اجتماع کو اپنی قیمتی نصائح سے نوازا۔

تیاری اجتماع (وقار عمل)

وقار عمل جماعت احمدیہ کا طرہ امتیاز ہے، اپنے ہاتھوں کے ساتھ کام کرکے اپنے جلسوں، اجتماعات کی تیاری کرنا جماعتی و تنظیمی شاندار روایت ہے۔ مجلس انصاراللہ جرمنی کے سالانہ اجتماع کی تیاریوں کی ابتداء بھی وقار عمل سے ہوئی وقار عمل کی افتتاحی تقریب 12 جولائی صبح سوا نو بجے مقام اجتماع پر زیر صدارت صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی منعقد ہوئی، اس موقع پر منتظم اعلیٰ، سیکرٹری اجتماع سمیت اراکین کمیٹی بھی موجود تھے۔پہلی بارتقریباً 30انصار سے زائد انصار بھائی وقف عارضی کر کے مستقل اجتماع گاہ میں قیام پذیر رہے جبکہ تقریبا ً 15 افراد ایسے تھے جو قریب رہنے کی وجہ سے شام کو واپس چلے جاتے تھے لیکن روزانہ آتے رہے ہیں۔ تیاری کا اکثر کام 14 جولائی 2022 بروز جمعرات معائنہ سے قبل مکمل کر لیا گیا۔ امسال پہلی دفعہ تیاری میں شامل ہونے والے کل احباب کی تعداد نے ایک دن میں 250 افراد سے تجاوز کیا۔امسال چھوٹے بڑے کل 36 خیمہ جات کی تنصیب کی گئی جو کہ انصار بھائیوں نےخود لگائے۔ قابل ذکر بات ہے کہ کہ کرین کا کام بھی انصار نے خود اجتماعی طور پر کیا۔مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کا بھی افرادی تعاون حاصل رہا، ایک ٹیم انصار، خدام نے لجنہ کے مقام اجتماع پر تین دن وقار عمل کیا جس کے نتیجہ سے درج ذیل شعبہ جات بروقت تیار ہوئے۔شعبہ An meldung، سکیننگ، معلومات، طبی امداد، ضیافت، لنگر، بازار، ریفریشمنٹ، انصار بیٹھک، وصایا، رشتہ ناطہ، ہیومینٹی فرسٹ، النصرت، سیکورٹی، امانات، انصار کیفے، ٹی سٹال، خدمت خلق، بک سٹال، بجلی سپلائی، سٹور، ٹرانسپورٹ، نمائش، علمی مقابلہ جات، ورزشی مقابلہ جات، ایم ٹی اے، ساؤنڈ سسٹم، سیکرٹری اجتماع و دیگر شامل تھے۔

معائنہ کی افتتاحی تقریب و معائنہ اجتماع

جمعرات کی شام ساڑھے سات بجےreserve کیمپ میں معائنہ سالانہ اجتماع کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نے کی۔ تلاوت اور اردو، جرمن ترجمہ کے بعد انگلستان سے تشریف لائے ہوئے راجہ برہان احمد صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ یوکےنے اپنی تقریر میں معائنہ سے متعلق حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسوں اور اجتماعات کے معائنوں کے مواقع پر فرمائے گئے ارشادات پر مبنی ہدایات اور واقعات کو کارکنوں کے سامنے رکھا اور ان سب پر عمل کرنے کی طرف توجہ دلائی۔صدر صاحب مجلس انصاراللہ جرمنی نےمعائنہ اور میزبانی سے متعلق عمومی ہدایات دینے کے بعد آپ ہی نے بورڈ اراکین اور نائب منتظمین اعلیٰ اجتماع میں بیجز تقسیم کئے۔ بعد ازاں مکرم ظفر احمد ناگی صاحب منتظم اعلیٰ اجتماع کے معائنہ اجتماع سے متعلق اعلانات کے بعد اجتماع معائنہ شروع ہوا۔منتظم معائنہ مکرم ڈاکٹر طیب شہزاد صاحب کے مطابق یہ معائنہ کھانے اور نماز مغرب عشاء تک جاری رہا جو دو گھنٹے سے کچھ زائد تک جاری رہا۔

پہلا دن اجتماع، نماز جمعہ کی ادائیگی
اور تقریب پرچم کشائی

اجتماع کے پہلے دن15 جولائی کا آغاز نماز تہجد، فجر اور درس سے ہوا جوعدیل احمد شاد صاحب مربی سلسلہ من ہائم نے پڑہائیں اور اجتماعات کی اہمیت پر درس دیا۔ پروگرام کے مطابق نماز جمعہ تک جرمنی کے طول و عرض سے انصار بھائیوں اور دیگر مہمانوں کی آمد اور ان کی رجسٹریشن کا سلسلہ دوپہر کے کھانے اور تیاری نماز جمعہ تک جاری رہا۔

دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب مین پنڈال میں حاضرین اجتماع نے صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔ آپ کے خطبہ جمعہ کا عنوان نظام وصیت اور اس میں شمولیت کی اہمیت تھا، اردو زبان میں خطبہ دیا گیا لیکن جرمن زبان کے ترجمہ کا بھی انتظام تھا۔ اس کے بعد اسی مقام پر اجتماعی طور براہ راست نشر ہونے والا خطبہ جمعہ بذریعہ LED-Screen فرمودہ حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سنا گیا۔ 45 منٹ کے وقفہ کے بعد پرچم کشائی کی باقار تقریب پنڈال سے باہرمنعقد ہوئی، محترم صدر صاحب انصاراللہ جرمنی نے لوائے انصار اللہ جبکہ محترم امیر صاحب نے جرمنی کا قومی جھنڈا لہرایا، بعد ازاں نیشنل امیر صاحب نے ہی دعا کرائی۔

اجتماع کی افتتاحی تقریب

سالانہ اجتماع کی افتتاحی تقریب چار بجے شام کے قریب زیر صدارت مبارک احمد شاہد صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی شروع ہوئی۔۔افتتاحی تقریب میں تلاوت قرآن پاک کرنے کی سعادت حافظ ذاکر مسلم صاحب کو ملی، جبکہ اردو ترجمہ فلاح الدین خان صاحب اور جرمن زبان میں ترجمعہ عاطف شہزاد ورک صاحب نے پیش کیا۔اس کے بعد صدر محترم نے اردو اور جرمن زبانوں میں عہد دہرایا۔ راجہ محمود احمد صاحب نے خوش الحانی سے حضرت خلیفة المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کا منظوم کلام پڑھا۔

صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے اپنی افتتاحی تقریر تنظیم مجلس انصاراللہ کے قیام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور اختتام پر پیارے آقا کی طرف سے اجتماع کے حوالے سے بھجوایا گیا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔اس کا جرمن ترجمہ نیشنل امیر صاحب جرمنی نے پڑھا۔ صدر صاحب مجلس انصاراللہ کی دعا کے ساتھ ہی اجتماع کے پہلے دن کی افتتاحی تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس کے بعدپروگرام کے مطابق علمی و ورزشی مقابلے شروع ہوگئے جو نماز مغرب، عشاء اور کھانے کے وقفہ اور پہلے دن کے اختتام تک جاری رہے۔

دوسرے دن کی کارروائی

دوسرے دن بروز ہفتہ نمازتہجد اور فجر کی نمازوں کی آدائیگی کے بعد عدیل شاد صاحب مربی سلسلہ من ہائم نے سچائی اور ایمانداری کے موضوع پر درس دیا جو کہ اجتماع کا اس سال کا موضوع بھی تھا۔بعد میں احباب نے قرآن پاک کی تلاوت کی۔آج اجتماع کے دوسرے دن علمی اور ورزشی مقابلوں کے علاوہ تلقین عمل، محفل سوال جواب اور تعلیم و تربیت کے اہم پروگرام تھے جس میں جید علمائے کرام سلسلہ نے علمی و تربیتی موضوعات پر ایمان افروز تقاریر کیں۔

تلقین عمل کا پروگرام

12 بجے کے قریب شروع ہونے والے اس پروگرام کی صدارت راجہ برہان احمد صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ یوکے نے کی۔اس پروگرام میں دو تقاریر تھیں۔ تلاوت مع اردو، جرمن ترجمہ اور نظم کے بعد پہلی تقریر مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی کی تھی، آپ نے اپنی تقریر میں سچائی، ایمانداری کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور جھوٹ کو چھوڑنے اور روز مرہ کی زندگی میں اس سے اجتناب کرنے کی تلقین کی اس حوالے سے حضور اکرمﷺ، خلفائے راشدین اور خلفائے احمدیت کے واقعات حاضرین کے سامنے رکھے۔ دوسری تقریر عبد الخالق صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری برائے انصار سیکشن یوکے کی تھی۔ آپ نےخلیفہ وقت کی قبولیت دعا کے ایمان افروز واقعات سنانے کے ساتھ ساتھ، خلیفہ وقت کی کامل اطاعت پر جامع انداز میں خطاب کیا اور سب کو اس پر دل و جان سے عمل کرنے کی تلقین کی۔

پروگرام تعلیم و تربیت

کھانے اور نمازوں کے وقفہ کے بعد آج کے دن کا دوسرا تربیتی اجلاس زیر صدارت مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی شروع ہوا۔ یہ سیشن ایک تقریر اور سوال و جواب کے پروگرام پرمشتمل تھا۔تلاوت اور اردو جرمن ترجمہ کے بعد خوش الحانی سے نظم پڑھی گئی۔اجلاس کی واحد تقریرمکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی کی تھی، آپ نے شاملین اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سچائی اور اس کی اہمیت کو مدلل انداز میں بیان کیا اور اس کو کسی بھی صورت ہاتھ سے نہ چھوڑنے کی تلقین کی اور کہا کہ ہم سب کو سچائی اپنانے اور صدیق بننے کی طرف توجہ کرنی چاہئے، نیز دوران تقریرتبلیغ کرنے اور کچھ رفاہی منصوبوں سے سننے والوں کو آگاہ کیا۔ آپ کی تقریر کے اردو زبان میں ترجمانی کے فرائض مکرم راشد محمود صاحب نے ادا کئے۔تقریر کے بعد سوال و جواب کا سیشن شروع ہوا۔ احباب کے سوالات کے جوابات دینے کے لئے ایک تین رکنی پینل تشکیل دیا گیا تھاجس میں جرمنی کے تین سینئرز مربیان کرام عبد الباسط طارق صاحب، مبارک احمد تنویر صاحب اور حسن طاہر سید بخاری صاحب شامل تھے۔ جنہوں نے احباب کے مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔اس کے بعد حسب پروگرام علمی ورزشی و دیگر مقابلے دوسرے دن کے اختتام تک جاری رہے۔

آخری دن کی کارروائی

اجتماع کے آخری دن بروز اتوارنماز تہجد اور فجر پڑہانے کے بعد نویل احمد شاد صاحب مربی سلسلہ ہائیڈل برگ نے اطاعت خلافت کے موضوع پر درس دیا، اس کے بعد احباب نے تلاوت قرآن پاک کی۔ سیر کرنے اور ناشتہ کے بعد سب سے پہلےعلمی ورزشی مقابلوں کے سیمی اور فائنل مقابلے منعقد ہوئے، اس کے علاوہ سٹیج سے اردو، جرمن تقریر کے صف اول، دوم کے فائنل مقابلے منعقد ہوئے بعد ازاں دوپہر کے کھانے کا وقفہ ہوا۔

سالانہ اجتماع کی اختتامی تقریب

بروز اتوار دوپہر 1:30 پر اختتامی تقریب زیر صدارت نیشنل امیر صاحب جرمنی شروع ہوئی۔ حسب روایت تلاوت مع اردو جرمن ترجمہ کے بعد مبارک احمد شاہد صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی نے اردو، جرمن زبانوں میں عہد دہرایا، اس کے بعد نظم پڑھی گئی۔مکرم ظفر احمد ناگی صاحب منتظم اعلیٰ نے اپنی رپورٹ پیش کی۔

سالانہ اجتماع کے پروگرام کا آخری حصہ تقسیم انعامات کا تھا، نیشنل امیرصاحب جرمنی نے علمی، ورزشی مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں لینے والوں کے علاوہ سالانہ مقالہ نویسی، مضمون نویسی میں نمایاں پوزیشنیں لینے والوں میں انعامات تقسیم کئے، اسی طرح گزشتہ سال علم انعامی حاصل کرنے والی مجلس فرید برگ کو علم انعامی دیا۔ تقسیم انعامات کے بعد راجہ برہان احمد صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ یوکے نے اپنی اجتماع کی اختتامی تقریب میں اپنے خطاب میں انبیاء کے سپرد چار کاموں کا ذکر کیا اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے بیرون ممالک کے دوران رونما ہونے والے ایمان افروز واقعات کا ذکر کیا جن سے احباب کی خلافت اور خلیفہ وقت کے ساتھ بڑھتی محبت و وفا کا پتہ چلتا تھا جو دور دراز کے علاقوں میں رہتے تھے۔ایک محترم عربی ناصر نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا عربی قصیدہ پڑھا اور اس کے بعد صدر مجلس انصاراللہ کے اظہار تشکر اور اعلانات کے بعد مکرم نیشنل امیر صاحب کی اختتامی اجتماعی دعا کے ساتھ ہی 41 واں سالانہ اجتماع مجلس انصاراللہ جرمنی بخیرو خوبی اختتام کو پہنچا الحمد للّٰہ ذالک۔

چار بجے کے قریب نماز ظہر و عصر کے بعد شاملین اجتماع گھروں کو واپس روانہ ہو گئے۔ مکرم صدر صاحب مجلس کے اعلان اور پروگرام کے مطابق ساتھ ہی وائینڈ اپ شروع کر دیا گیا جو 24 گھنٹے میں (سوموار کی شام تک) مکمل ہو گیا تھا۔ انصاروں نے انتہائی محنت کے ساتھ وائینڈ اپ کو مکمل کیا، نوے فیصد کام اتوار کی رات گئے تک مکمل کرلیا تھا۔ اگلے دن باقی ماندہ وائینڈ اپ مکمل کرکے مقامی انتظامیہ کو مقام اجتماع بروقت واپس کرنے میں کامیاب ہوئے۔ الحمد للّٰہ۔ اس میں مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کا افرادی تعاون بھی شامل تھا۔

(رپورٹ- منور علی شاہد۔ منتظم رپورٹنگ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 اگست 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ