• 6 مئی, 2024

ممبران عاملہ انصار اللہ سوئٹزرلینڈ کی اپنے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ سے ورچوئیل ملاقات

موٴرخہ 13؍نومبر 2022ء بروز اتوار مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ کے ایک سو سے زائداراکین کو نور مسجد ویگولٹینگن کے ملحقہ ہال میں اپنے محبوب آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے آن لائن ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔

یہ ملاقات اس لحاظ سے منفرد حیثیت کی حامل تھی کہ اس میں حضور انور سے ملاقات کا شرف پانے والے صرف عہدیداران ہی نہیں تھے بلکہ سوئٹزرلینڈ مجلس کے عام انصار جو کوئی عہدہ بھی نہیں رکھتے تھے کی کثیر تعداد بھی شامل تھی۔ نہ صرف شامل تھی بلکہ ان میں ایسے انصار بھائی جوکسی بھی خلیفہ وقت سے پہلی دفعہ مل رہے تھے یا جن کی حضور انور سے پہلی ملاقات تھی یا جو کسی بھی وجہ سے ایک لمبے عرصے سے ملاقات کے شرف سے محروم تھے کو اگلی نشستوں کی پہلی تین قطاروں میں بٹھایا گیاتھا۔ مکرم ملک عارف محمود صاحب صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے ایک اعلان پر ہال میں موجود اسیران راہ مولیٰ کی سعادت پانے والے انصار کو بھی انہی اگلی نشستوں پر جگہ دی۔

محترم صدر صاحب انصار اللہ کی درخواست پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہ شفقت اگلی تین قطار میں تشریف فرما انصار بھائیوں کو اپنے مختصر تعارف کی اجازت مرحمت فرمائی۔

گیارہ انصار بھائیوں نےحضور انور کی خدمت میں مختلف موضوعات پر سوالات کئے جن کے جوابات سے سب فیضیاب ہوئے۔

ملاقات کے بعد تمام انصار بھائی خوشی سے سرشار تھے۔ سب کے تاثرات میں یہ کیفیت غالب دکھائی دی کہ حضور پر نور کی شخصیت کا ’’ اورا‘‘ بنفس نفیس ملاقات کی مانند روح پر چھا گیا۔

ایک زعیم صاحب مجلس کی والدہ صاحبہ نے بیٹے کو اسی روز ہونے والی کزن کی شادی پر جانے سے روک دیا کہ شادی میں شرکت سے ضروری حضور انور سے ملاقات کرنا ہے۔ ان کے خاندان کے دیگر پانچ چھ انصار نے بھی شادی میں شرکت پر حضور انور سے ملاقات کو ترجیح دی۔

محترم صدر صاحب انصار اللہ نے اس ملاقات کے لئے پاکستان سے انڈونیشین ٹوپیاں منگوائیں جو ملاقات پر آنے والے انصار بھائیوں کو بطور تحفہ دی گئیں۔ انگلینڈ سے گلے میں پہننے والے رومال منگوائے اور جرمنی سے تازہ مٹھائی بنوائی جسے ایک مجلس کے زعیم صاحب اپنی ٹیکسی کا کام چھوڑ کر رات گئے سوئٹزرلینڈ لے کر آئے۔ یہ مٹھائی ملاقات اور دوپہر کے کھانے کے بعد احباب میں تقسیم کی گئی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی تمام نصائح پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم غلاموں کی طرف سے ہمارے پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ کی آنکھیں ہمیشہ ٹھنڈی رکھے اور ہمیں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حقیقی سلطان نصیر بنائے۔

(رپورٹ: صباح الدین بٹ۔نمائندہ الفضل آن لائن سوئٹزرلینڈ)

پچھلا پڑھیں

ادارہ الفضل آن لائن کی طرف سے تمام قارئین الفضل کو نیا سال مبارک ہو

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی