• 29 اپریل, 2024

جماعتِ احمدیہ مالٹا کے زیرِ انتظام خدمتِ انسانیت کے تین پروگرام

معذور افراد کی دیکھ بھال اورنشے میں مبتلا لوگوں کا علاج کرنے والے ادارے میں تحائف

معمّر افراد کے لیے خصوصی دعوت کا اہتمام

خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مالٹا کو ماہِ دسمبر2019ء میں خدمت انسانیت کے تین پروگرام کرنے کی توفیق ملی جو کہ اسلام احمدیت کی تبلیغ کا نہایت اہم ذریعہ ثابت ہوئے اور ملک بھر میں لوگوں نے اسلام احمدیت کی ان خدمات کو بہت سراہا اور گھر گھر میں احمدیت کی انسان دوستی اور محبت سب کے لیے ، نفرت کسی سے نہیں کا پیغام پہنچا۔ فالحمد للہ علیٰ ذلک

معذور افراد میں تحائف کی تقسیم

مورخہ 18دسمبر 2019ء کو مالٹا میں معذور افراد کی دیکھ بھال کرنے والے ایک فلاحی ادارے Dar il-Kaptanکو جماعتی وفد نے وزٹ کیا اور وہاں پر موجود افراد کے لیے پچاس تحائف پیش کرنے کی توفیق ملی۔

نشے سے نجات کے لیے زیرِ علاج افراد میں تحائف کی تقسیم اور مؤثر گفتگو

اسی طرح ایک فلاحی تنظیم Caritas Malta کے زیر انتظام منشیات کے عادی لوگوں کے لیے بنائے گئے Therapeutic سینٹر کو وزٹ کرنے، وہاں لوگوں سے ملنے اور انہیں پچاس پیکٹس بطور تحفہ پیش کرنے کی توفیق ملی۔ اس سینٹر میں لوگوں کو مختلف گروپس میں رکھا جاتا ہے جن میں عورتوں کا ایک گروپ بھی شامل ہے۔ اس موقع پر چار مختلف گروپس میں تقسیم، منشیات کے عادی لوگوں سے ملنے کا موقع ملا اور انہیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں نشہ کے نقصانات، انسانی شرف اور زندگی کو بامقصد بنانے کے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کا موقع ملا۔ اس موقع پر انہیں بتایا کہ ہمارا نصب العین ہےمحبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں اور ہم بلا تفریق مذہب و ملت انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

اسلامی تعلیمات کے تذکرہ نے سب لوگوں پر بہت مسحور کن اثرات مرتب کیے اور بہت سے لوگ جذباتی ہوگئے اور انہوں نے جماعت احمدیہ مسلمہ کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔

خواتین کے گروپ میں بعض مائیں بھی تھیں۔ جب ان سے بات کی اور بطور ماں ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی تو ان باتوں نے ان ماؤں کے شعور کو گرمایا اور ان ماؤں نے بھی عہد کیا کہ وہ معمول کی زندگی میں واپس لوٹنے کے لیے پُرعزم ہوئی ہیں۔ ایک ماں نے کہا کہ ان کا اس ادارے میں یہ چوتھا کورس ہے مگر وہ عہد کرتی ہیں کہ یہ آخری کورس ہوگا اور وہ ہمیشہ ہمیش کے لیے منشیات کی لعنت سے چھٹکارا پا کر اپنے بچوں کی پرورش پر تمام ترتوجہ مرکوز کریں گی تاکہ وہ معاشرے کا مفید وجود بن سکیں۔

اس موقع پر اس ادارہ کے ڈائریکٹر جناب Anthony Gatt اور ان کی ٹیم کے دوسرے ارکان بھی موجود تھے۔ ان سب نے یک زبان ہوکر کہا کہ آج کا یہ وزٹ ہمارے لیے اور اس سینٹر میں مقیم لوگوں کے لیے یقیناً نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ہم نے لوگوں کے چہروں پر مثبت تبدیلی کے نمایاں آثار دیکھے ہیں اور ہم وثوق سے کہہ سکتے ہیں کہ جماعت احمدیہ کا یہ وزٹ، لوگوں میں تحائف کی تقسیم اور ان سے نہایت محبت و اخلاص کے ماحول میں ان کےمسائل پر تفصیل سے بات کرنا ان لوگوں میں جینے کا حوصلہ پیدا کرے گا اور منشیات سے چھٹکارا حاصل کرنے میں ان کے لیے ممدومعاون ثابت ہوگا۔

اللہ تعالیٰ کرے کہ جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا کی یہ خدمت غرباء کی خوشیوں، منشیات میں گھرے لوگوں کی منشیات سے نجات اور اجڑے گھروں کی آبادی کا باعث بنے، بچوں کو والدین کی محبت نصیب ہو اور جس مثبت پرورش کے وہ حق دار ہیں وہ انہیں میسر آئے۔ آمین

غرباء اور نادار لوگوں کی دعوت

گزشتہ سال نئے سال کے آغاز پر جماعت احمدیہ نے پچاس مستحق افراد کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا تھا۔ امسال اس پروگرام کو وسعت دی گئی اور ایک سو سے زائد ایسے بوڑھے اور نادار Grandparents، جنہیں ان کے رشتہ دار بہت کم وزٹ کرتے ہیں اور وہ تنہائی میں ان ایام کو گزارتے ہیں، کے لیے مؤرخہ 29 دسمبر کو ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ احمدی مردوخواتین نے اپنے گھروں میں نہایت لذیذ اور پرتکلف کھانے تیار کیے اور خدمت انسانیت ہمارا شیوہ کا عملی نمونہ پیش کیا۔

اس موقع پر مالٹا میں رومن کیتھولک چرچ کے نمائندے جناب پادری Charles Cordina نے خصوصی طور پر شرکت کی اور وہ جماعت احمدیہ کی اس بے لوث خدمت انسانیت سے بہت متاثر ہوئے اور کہنے لگے کہ جماعت احمدیہ ہمیشہ ہی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہوتی ہے اور آ ج مجھے ذاتی طور پر اس پروگرام میں شرکت کرکے اس کے ذاتی مشاہدہ کا موقع ملا ہے۔ اس موقع پر خاکسار کو مختصر خطاب کرنے کی توفیق بھی حاصل ہوئی جس کا حوالہ دیتے ہوئے پادری صاحب نے بیان کیا کہ یہ تعلیمات اور جماعت احمدیہ کی خدمت انسانیت کی عملی تصویر یقیناًقابل تحسین ہے اور یہ لوگوں کی خوشی اور تسکین کا باعث ہوگی۔

تمام لوگ بہت زیادہ خوش تھے اور انہوں نے جماعت احمدیہ مسلمہ کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا اور ڈھیروں دعائیں دیں کہ اللہ تعالیٰ کا سایہ رحمت ہمیشہ جماعت پر رہے۔

مالٹا کے نیشنل ٹیلیویژن اورون نیوز (One News) مالٹا نے اس پروگرام کی خصوصی کوریج کی اور رات کے خبرنامہ میں اسے خصوصی جگہ دی اور نہایت اچھے الفاظ میں جماعت احمدیہ کی خدمت انسانیت کا تذکرہ کیا۔انہوں نے اپنی ویب سائیٹ پر بھی اس خبر کو شائع کیا۔ دونوں ٹیلیویژن چینلز پر نشر ہونے والا خبرنامہ مالٹا کے تقریبا ًہر گھر میں دیکھا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل واحسان اور پیارے آقا کی دعاؤں کی برکت سے جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا کی خدمت انسانیت کے یہ پروگرام عملی تبلیغ کے سانچے میں ڈھل کر مالٹا کے ہرگھر تک پہنچے اور لاکھوں لوگوں کے دل و دماغ پر مثبت اثرات نقش کرنے کا باعث بنے۔ فالحمدللّٰہ علیٰ ذلک

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعتِ احمدیہ مالٹا کو اسلام کی حقیقی تعلیمات کی روشنی میں خدمتِ انسانیت کے کاموں کو کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین

٭…٭…٭

(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔مالٹا)

پچھلا پڑھیں

طلوع و غروب آفتاب

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 31 جنوری 2020