• 29 اپریل, 2024

نیشنل یومِ وقفِ نو۔جماعت احمدیہ کینیڈا

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مؤرخہ 8 فروری 2020ء بروز ہفتہ جماعت احمدیہ کینیڈا نے یومِ وقفِ نو منایا۔

اس سلسلہ میں کینیڈا جماعت کی 10 امارات اور 14 لوکل جماعتوں میں یومِ وقف نو پروگرام کا اہتمام کیاگیا۔ اس پروگرام میں واقفین نو اور واقفات نو کے علاوہ ان کے والدین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

مختلف جماعتوں نے اپنے اپنے طے شدہ اوقات کے مطابق پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے کیا جس کے بعد تلاوتکردہ آیات کے انگریزی اور اردو تراجم پیش کیےگئے۔ حدیثِ نبوی ﷺ مع ترجمہ پیش کی گئی۔ ملفوظات حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام میں سے ایک اقتباس انگریزی ترجمہ کے ساتھ پیش کیا گیا۔ اسی طرح نظم اور اس کا انگریزی ترجمہ پیش کیا گیا ۔ واقفین زندگی کی ضرورت اور تحریک وقف نو کے حوالہ سے ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ اسی طرح تما م پروگراموں میں ’’وقفِ زندگی – وقت کی ضرورت‘‘ کے موضوع پر مہمانان خصوصی نے خطاب فرمایا۔

افتتاحی تقریب کے اختتام پر واقفین نو کو تین گروپس میں تقسیم کر دیا گیا۔

ان تینوں گروپس میں واقفین نو اور واقفات نو کی عمروں کی مناسبت اور ضرورت کے مطابق درجِ ذیل موضوعات پر پریزنٹیشنز دی گئیں :
قرآنِ کریم سے کیسے مستفیذ ہوسکتے ہیں، خلفائے احمدیت کے ارشادات کے مطابق واقفین کی مختلف میدانوں میں ضرورت، ڈاکٹر عبدالسلام – بحیثیت رول ماڈل، جامعہ احمدیہ، طب اور تعلیم کے میدان میں واقفین کی ضرورت، ذیلی تنظیموں میں خدمت کے مواقع، حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو خط لکھنے کی اہمیت اور طریقہ۔

اسی طرح پروگرام کے اختتام پر واقفین نو اور ان کے والدین کےلئے سوال و جواب کا وقت مہیا کیا گیا۔

پروگرام کے اختتام پر تمام حاضرین کی خدمت میں شعبہ ضیافت کی طرف سے ظہرانہ بھی پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملک بھر سے مجموعی طور پر866 واقفینِ نو، 995 واقفاتِ نواور 950 والدین نے اس پروگرام میں شرکت کی۔

یومِ وقف نو کا بنیادی مقصد واقفین کے لئے Career Guidance مہیا کرنا تھا۔

احبابِ جماعت سے درخواستِ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل سے تحریکِ وقفِ نو میں شامل تمام بچوں اور ان کے والدین کو اسلام احمدیت کی مقبول خدمت اورہمیشہ خلافت احمدیہ سے وابستہ رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

(زاہد مسعود۔کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 مارچ 2020