• 22 اگست, 2025

جلسہ یوم مصلح موعود ؓ جامعۃ المبشرین سیرالیون اوردیگر پروگرام

اے فضل عمر تیرے اوصاف کریمانہ
یاد آکے بناتے ہیں، ہر روح کو دیوانہ

مورخہ 20 فروری کو یوم مصلح موعودؓ کی مناسبت سے دن ساڑھے دس بجے جلسہ یوم مصلح موعودؓ کا انعقاد کیا گیا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز محترم مبارک احمد گھمن، پرنسپل جامعہ احمدیہ کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ جس کے بعد قصیدہ پیش کیا گیا۔

یوم مصلح موعودؓ کی مناسبت سے عزیزم عثمان سیسے، طالب علم درجہ سوم نے پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر بیان کیا۔ جس کے بعد دو طلباء نے اردو اور انگریزی زبان میں اس پیشگوئی کے الفاظ پڑھ کر سنائے۔

مکرم حمید علی بنگورا ، استاذ جامعہ نے حضرت مصلح موعودؓ کے پاکیزہ بچپن کو بہترین رنگ میں سامعین کے سامنے پیش کیا۔ پروگرام کی آخری تقریر پرنسپل صاحب نے کی جس میں آپ نے پیش گوئی کے ان الفاظ کے پورا ہونے کو تفصیلاً بیان کیا کہ وہ علوم ظاہری و باطنی سے پُر کیا جائے گا۔ دعا کے ساتھ اس جلسہ کا اختتام ہوا اور طلباء کو ایک مختصر سوال و جواب کا موقع دیا گیا۔

جامعۃ المبشرین سیرالیون کی پہلے سمسٹر کے امتحانات دسمبر 2019ء میں ہوئے۔ جس کے بعد جامعہ کےاساتذہ اور طلباء کو جلسہ سالانہ 2020ء کے انتظامات کے لئے وقارِعمل اور دیگر امور کی تیاری کی سعادت نصیب ہوئی۔ الحمد للہ ، جماعت احمدیہ سیرالیون کا جلسہ سالانہ کامیابی کے ساتھ مورخہ 24, 25 اور 26 جنوری 2020ء کو منعقد ہوا۔ جلسہ کی تیاری اور کامیاب انعقاد کے بعد دوسرے سمسٹر کے آغاز پر جامعہ کی ایک پکنک ہوئی۔ اس مرتبہ پکنک کے لئے بو ٹاؤن کے سٹیڈیم کا انتخاب ہوا جو کہ کچھ عرصہ پہلے تیار ہوا ہے۔ اس ضمن میں باقاعدہ سٹیڈیم کی انتظامیہ سے ملاقات کر کے ایک دن کے لئے سٹیڈیم کرایہ پر لیا گیا۔

مورخہ 9 فروری کو دن 9 بجے طلباء مقررہ مقام کی طرف روانہ ہوئے۔ طلباء کی دلچسپی کے لئے ان کو چار ٹیموں میں تقسیم کر کے ان کے درمیان فٹبال کا ایک ٹورنامنٹ کروایا گیا، ہر ٹیم میں ایک استاذ نے بھی حصہ لیا۔ ابتدائی راؤنڈ کھانے سے پہلے ہوئے اور فائنل لنچ اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد کھیلا گیا جو کہ فاتح ٹیم نے پینلٹیز پر جیتا۔فائنل کے بعد ایک تفریحی ادبی تقریب بھی ہوئی جس میں طلباءنے مختلف دلچسپ پروگرام پیش کئے۔ اساتذہ کی فیملیز اور بچوں کی تفریح کی لئے سٹیڈیم کے ساتھ ایک پارک میں جھولوں کا بھی انتظام کروایا گیا۔
الحمدللّٰہ، طلباء اس پروگرام سے بہت خوش ہوئے اور خوب انجوائے کیا۔شام 6 بجے جامعہ کے لئے واپسی ہوئی۔

(عبدالہادی قریشی، نمائندہ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 مارچ 2020