• 4 مئی, 2025

جس نے پاک نبی جیؐ بھیجے پاک مسیحاؑ بھیجا

سُندر سُندر رُوپ ہے جس کا پیارا پیارا ناؤں
سارے دھندے چھوڑ چھاڑ کے چلئے اس کے گاؤں

دُور دُور کے دیس سے پریمی جتھے بن بن آئیں
راہ میں کھڈے ڈالے جائیں چپل اور کھڑاؤں

ان کوچوں کی مٹی مجھ کو سونے جیسی لاگے
جس مٹی نے میرے نبیؐ کے چوم لئے تھے پاؤں

سڑتی دھوپ میں جلنے والو اس بستی میں آؤ
جلتے بلتے تن من کو یہ دیوے ٹھنڈی چھاؤں

مجھ جیسی کمزور بھی یاں تو بن جائے رندھیر
چلتے چلتے ان گلیوں میں تھکتے ناہِیں پاؤں

اس نگری میں آ کے سب کی تھکناں ہوویں دُور
چاہے چل کے آئیں وہ کتنے ہی کوس، گھماؤں

میرا مالک ایک ہی چال میں مات سبھوں کو دیوے
بیری سارے چلتے جائیں اپنے اپنے داؤں

جس نے پاک نبی جیؐ بھیجے پاک مسیحاؑ بھیجا
کاش کہ میرا باقی جیون کر لے اپنے ناؤں

(صاحبزادی امۃ القدوس)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 4 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ