• 29 اپریل, 2024

مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کے زیر اہتمام تربیتی نشست

امسال مجلس خدام الاحمدیہ نے باہمی روابط کو بہتر بنانے اوربھائی چارے کی فضا کو مستحکم کرنے کا منصوبہ کیا ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزلینڈنے مختلف تعلیمی پروگرامز اور میٹنگز کا انعقاد کرنے کا پروگرام بنایا ہےجس کا مطمح نظر روز مرہ کے موضوعات پر خدام کے ساتھ تبادلہ خیال کرنا ہے تا کہ نہ صرف دینی بلکہ دنیوی امور میں مختلف احباب کے ذاتی تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

اسی روح کو مدنظر رکھتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شعبہ تربیت اور صحت جسمانی مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ نے ایک نشست کا انعقاد یکم اور 2 فروری 2020ء کو نور مسجد، وگولٹینگن میں کیا۔

اس نشست کا مرکزی موضوع اسلامی تعلیمات کی روشنی میں فیملی کا کردار تھا۔ چنانچہ پروگرام میں خاندان کی اہمیت اور گھر کے افراد کی مختلف ذمہ داریوں کو اجاگر کیا گیا۔ نیز ایسے امور کے متعلق اظہار خیال کر کے ان مسائل کا حل تجویز کیا گیاجو آج کل ہمیں درپیش ہیں۔

یکم فروری بروز ہفتہ ناشتے کے بعد پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور دعا سے کیا گیا۔ پروگرام میں مختلف ورکشاپس اور گروپ کی صورت میں مذاکرات کا انعقاد کیا گیا جن میں والدین اور بچوں کے مابین باہمی بات چیت کرنے کا بھی موقع فراہم کیا گیا۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئےسب نے ایک دوسرے سے دوستانہ ماحول میں گفتگو کی۔دوپہر کے وقت اطفال کے لئے کھیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ شام کو شاملین نشست کی خدمت میں سوئٹزرلینڈ کی روایتی ڈش ’ریسلیٹ‘ پیش کی گئی۔

2 فروری کو ’’ایک خاندان میں مرد کے مختلف کردار‘‘ کے موضوع پر بات چیت ہوئی۔ اس کا مقصد ان ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلانا تھا جو مختلف حیثیتوں سے مرد پر عائد ہوتی ہیں اوریہ کہ کس طرح ان کا حق ادا کیا جاسکتا ہے۔ دوپہر کو خدا م کے لئے کھیلوں کے سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دو دن کے دوران مجموعی طور پر 37 خدام، 9 اطفال اور 5 انصار نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی والڈشوٹ سے لگ بھگ 15 مہمانان بھی اختتامی اجلاس میں شامل ہوئے ۔


(صباح الدین بٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 مارچ 2020