• 28 اپریل, 2024

حضرت مسیح موعودؑ کی بروقت آمد

حضرت مسیح موعودؑ فرماتے ہیں:
’’آج دو قسم کے شرک پیدا ہو گئے ہیں ۔جنہوں نے اسلام کو نابُود کرنے کی بے حد سعی کی۔ اور اگر خدا تعالیٰ کا فضل شامل نہ ہوتاتو قریب تھا کہ خدا تعالیٰ کے برگزیدہ اور پسندیدہ دین کا نام و نشان مِٹ جاتا۔مگر چو نکہ اُس نے وعدہ کیا ہوا تھا اِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّکْرَ وَاِنَّا لَہٗ لَحٰفِظُوْنَ (الحجر:10) یہ وعدہ حفاظت چاہتا تھا کہ جب غارت گری کا موقعہ ہو تو وہ خبر لے۔ چوکیدار کاکام ہے کہ وہ نقب دینے والوں کو پو چھتے ہیں ۔اور دُوسرے جرائم والوں کو دیکھ کراپنے منصبی فرائض عمل میں لاتے ہیں۔اسی طرح پر آج چو نکہ فتن جمع ہوگئے تھے اور اسلام کے قلعہ پر ہر قسم کے مخالف ہتھیار باندھ کر حملہ کر نے کو تیار ہو گئے تھے اس لیے خدا تعالیٰ چا ہتا ہے کہ منہاج نبّوۃ قائم کرے۔یہ مواد اسلام کی مخالفت کے دراصل ایک عرصہ دراز سے پک رہے تھے ۔اور آخر اب پھُوٹ نکلے۔جیسے ابتدا میں نُطفہ ہوتا ہے اور پھر ایک عرصہ مقررہ کے بعد بچہ ّ بن کر نکلتا ہے۔ اسی طرح پر اسلام کی مخالفت کے بچہ کا خُروج ہو چکا ہے اور اب وہ با لغ ہو کر پورے جوش اورقوّت میں ہے۔اس لیے اس کو تباہ کر نے کے لیے خدا تعالیٰ نے آسمان سے ایک حربہ نازل کیا ۔اور اس مکروہ شِرک کو جو اندرونی اور بیرونی طور پر پیدا ہو گیا تھا ۔دُور کر نے کے لیے اور پھر خدا تعالیٰ کی توحید اور جلال قائم کر نے کے واسطے اس سلسلہ کو قائم کیا ہے ۔یہ سلسلہ خدا کی طرف سے ہے اور مَیں بڑے دعوے اور بصیرت سے کہتا ہوں کہ بے شک یہ خدا کی طرف سے ہے ۔اس نے اپنے ہاتھ سے اس کو قائم کیا ہے جیسا کہ اس نے اپنی تا ئیدوں اور نُصرتوں سے جو اس سلسلہ کے لیے اس نے ظاہر کی ہیں ،دکھا دیا ہے ۔ ……اللہ تعا لیٰ کا ہر صدی کے سرپر مُجدّدکے مبعوث کر نے کا وعدہ الگ ہے۔ اور قرآن شریف اور اسلام کی حفاظت اور نُصرت کا وعدہ الگ۔زمانہ بھی حضرتؐ کے بعد مسیح ؑکی آمد کے زمانہ سے پوری مشابہت رکھتا ہے۔ جو نشانات آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے اس موعود کے آنے کے مقرر کیے ہیں وُہ پُورے ہو چکے ہیں تو پھر کیا اب تک بھی کو ئی مُصلح آسمان سے نہیں آیا؟ آیا اور ضرور آیا ۔ اور خدا تعالیٰ کے وعدہ کے موافق عین وقت پر آیا۔مگر اس کی شناخت کر نے کے لیے ایمان کی آنکھ کی ضرورت ہے۔‘‘

(ملفوظات جلدسوم صفحہ92 جدیدایڈیشن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 اپریل 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 اپریل 2020