• 28 اپریل, 2024

نیشنل ورچوئل تعلیمی کوئز زیر اہتمام قیادت تعلیم مجلس انصار اللہ کینیڈا

محض خداتعالیٰ کے فضل و کرم سے قیادت تعلیم مجلس انصار اللہ کینیڈا کے زیر اہتمام پورے ملک میں ریجنز کی سطح پر مؤرخہ 13ستمبر 2020ء بروز اتوار مجلس انصاراللہ کینیڈا کی تاریخ میں پہلی بار ایک ورچوئل کوئز کا انعقاد کیاگیا۔ الحمدللہ علی ذالک

جب سے کرونا وائرس کی وباء پھیلی ہے تمام مرد و زن، چھوٹے بڑے افراد کی معمول کی سرگرمیاں محدود اور معطل ہو کر رہ گئی ہیں۔

خاص طور پر ہمارے انصار بھائی اس صورتحال سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔مساجد میں آنا جانا اور دوسرے جماعتی پروگرامز جن سے انصار بھائی مصروف اور متحرک رہتے تھےاب گویا کہ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں ۔یہ تو اللہ تعالیٰ کا خاص فضل ہے کہ ہمیں خلافت کی نعمت میسّر ہے اور دربار خلافت سے ہماری ہر مشکل وقت میں ہماری رہنمائی ہو تی رہتی ہے ۔وبا کے ابتدائی ایام میں ہمارے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ہماری توجہ اس طرف مبذول کروائی تھی کہ ان دنوں میں جب کہ ہمیں فارغ اوقات زیادہ میسّر ہیں اپنا دینی علم بڑھانے کی کوشش کریں ۔وبا کے انہی ابتدائی دنوں میں محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایات کی روشنی میں قیادت تعلیم کو انصار اللہ کے دینی علم میں اضافے کی خاطر تعلیمی پروگرام تجویز کرنے کا ارشاد فرمایا ۔چنانچہ مختلف تجاویز زیر غور آئیں جن میں سے پورے کینیڈا میں ریجنز کی سطح پر ایک ہی دن ورچوئل کوئز منعقد کرنے کی منظوری محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ کینیڈا نے دی۔

پروگرام کی ابتدائی تیاری سے قبل حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں بغرض دعا خط ارسال کیا گیا اور ماہ مئی کے اوائل میں قیادت تعلیم نے پورےملک کے ریجنل ناظمین تعلیم کے ساتھ میٹنگ رکھی ۔جس میں ورچوئل کوئز کے انعقاد کا ابتدائی خاکہ رکھا گیا اور تمام ناظمین کو بھی حضور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں دعائیہ خط لکھنے کے ساتھ تیاری کا آغاز کرنے کا کہا گیا ۔تمام ریجنز کی ہر مجلس میں سے دو ٹیمیں (دو انصار پر مشتمل) تشکیل دینے کا کہا گیا اور ہر ریجن کواپنی انتظامی ٹیم بنانے کی ہدایت دی گئی ۔اور تمام ٹیمز کے ناموں کی فہرست قیادت تعلیم کو موصول ہونے کی آخری تاریخ مئی کے آخر میں رکھی گئی ۔ہر ریجن کی انتظامیہ میں شامل افراد کچھ یوں تھے۔

1۔اسکورر 2۔چیف ججز (مرّبیان سلسلہ کا پینل) 3۔ میزبان 4۔ تکنیکی معاونت 5۔ ٹائم کیپر

ناظمین تعلیم کو ابتدائی میٹنگ کے دوران تعلیمی کوئز کے نصاب سے بھی آگاہ کیا گیا جو صدر صاحب مجلس کی منظوری سے قیادت تعلیم کا مرّتب کردہ رواں سال کا نصاب رکھا گیا تھا ۔یہ نصاب قرآن کریم کا تیسرا پارہ، احادیث مبارکہ، تحریرات حضرت مسیح موعود علیہ السلام میں سے ہماری تعلیم اور تذکرۃالشھادتین اور خطبات امام پر مشتمل ہے۔

مجلس انصار اللہ کینیڈا کو انتظامی لحاظ سے درج ذیل پندرہ ریجنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

1۔کیلگری 2۔ اٹلانٹک کینیڈا 3۔بریمپٹن ایسٹ۔ 4۔بریمپٹن ویسٹپریری 5۔ برٹش کولمبیا 6۔ایسٹرن کینیڈا 7۔ویسٹرن انٹاریو 8۔ ہالٹن نائیگرا 9 ۔مسی ساگا 10۔پیس ولیج مقامی 11۔ناردرن انٹاریوٹ12۔ورنٹو ایسٹ 14۔ٹورنٹو ویسٹ 15۔وان

مندرجہ بالا ریجنز کی کل مجالس کی تعداد 103 ہے۔

ورچوئل کوئز کے انعقاد سے تقریباً ایک ماہ قبل قیادت تعلیم نے تمام ریجنل ٹیموں کو بذریعہ ناظمین اعلیٰ اورناظمین تعلیم تیاری کے لئے سوالات کا پیکیج بنا کر بھیجا تاکہ انصار بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کریں اور ایک معیاری پروگرام منعقد کیا جا سکے ۔علاوہ ازیں ورچوئل کوئز کے قواعد و ضوابط بھی ناظمین اعلیٰ اور ناظمین تعلیم کو بھجوائے گئے اور ساتھ ہی قیادت تعلیم نے تمام ریجنز کی ٹیموں کو پولز میں تقسیم کرکے کوئز کو منعقدکرنے کاانتظامی خاکہ بھی تمام ریجنز کے لئے تجویز کیا۔پروگرام سے ایک ہفتہ قبل کوئز میں پوچھے جانے والے تمام سوالات کی پاور پوائنٹ سلائیڈ ز بناکر تمام ناظمین اعلیٰ،ناظمین تعلیم کو بھجوائیں ۔قیادت تعلیم نے ساتھ ہی تمام ناظمین تعلیم اور ہر ریجن کی انتظامی ٹیم کے ساتھ میٹنگ کی اور پروگرام کو منعقد کرنے کی تیاری کا حتمی جائزہ لیا اور اٹھائے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔

بفضل تعالیٰ 13ستمبر بروز اتوار سورج طلوع ہوا۔ جب مجلس انصارللہ کینیڈا کی تاریخ میں پہلی بار کینیڈا کے طول وعرض میں پھیلے تمام ریجنز میں تعلیمی ورچوئل کوئز کا انعقاد ہو نے جارہا تھا ۔تمام ناظمین تعلیم نے پروگرام سے بہت پہلے سے ہی ورچوئل پروگرام کے لنکز قیادت تعلیم کو بھجوا دیے تھے ۔اگرچہ ورچوئل کوئز کے پروگرام پورے کینیڈا کے ریجنز میں ایک ہی دن منعقد ہوئے مگر ٹائم زون کے لحاظ سے وقت مختلف تھے۔ یہاں یہ ذکربھی مناسب ہو گا کہ کینیڈا میں چھ ٹائم زون ہیں جو مشرق سےمغرب تک درج ذیل ٹائم زون کہلاتے ہیں

Pacific, Mountain, Central, Eastern, Atlantic and Newfoundland

اللہ تعالیٰ کا خاص فضل واحسان ہےکہ محترم ثناءاللہ خان صاحب (قائد تعلیم) اور خاکسار کوکینیڈا کے طول و عرض میں پھیلے تمام ریجنز میں بذریعہ ور چوئل لنک ان پروگراموں میں شامل ہونے کا موقع ملتا رہا۔ الحمد للہ

عام معمول کے حالات میں تو یہ ناممکن تھا کہ ہم ایک ہی دن میں ہزاروں میل پر پھیلے پورے ملک میں ان پروگراموں میں شرکت کر پاتے۔ اللہ تعالیٰ نے اس وباکے سخت دنوں میں بھی ہمارے لئے اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بھلائی کے سامان پیدا فرمادیے کہ ہم پورے ملک کی ان بابرکت مجالس میں شامل ہوکر برکتیں سمیٹتے رہے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک

تمام کوئزپروگرام کوالیفائی، سیمی فائنل اور فائنل مرحلہ جات پرمشتمل تھے۔کوئز کے سوالات تین کیٹیگریز یعنی قرآن کریم کا تیسرا پارہ، کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خطبات امام پر مشتمل تھے۔ کوالیفائی مقابلہ جات تین راؤنڈز پرمشتمل تھا ۔پہلے راؤنڈ میں دو سوالات قرآن کریم اور حدیث ،دوسرے راؤنڈ میں دو سوالات کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور فائنل راؤنڈ میں ایک سوال خطبات امام میں سے پوچھے گئے۔ ہر سوال کے دس نمبر تھے اور جواب دینے کے لئے بیس سیکنڈ کا وقت رکھا گیا تھا ۔اسی طرح سیمی فائنل اور فائنل مقابلہ جات بھی تین راؤنڈز پر مشتمل تھے۔ ان مقابلوں میں قرآن کریم، حدیث اور کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے تین، تین اور خطبات امام سے ایک ایک سوال پوچھا گیا۔ کوالیفائی راؤنڈز کی چار بہترین ٹیموں کے درمیان دو سیمی فائنل منعقد ہوئے۔ جن میں سے دو بہترین ٹیموں نے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے تمام ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ شریک ہوئیں اور کئی سخت مقابلے بھی دیکھنے کو ملے۔ تمام شامل ہونے والے انصار بھائیوں نے کوئز مقابلوں کو بہت سراہا۔اور کچھ نے یہ تاثرات بھی دئے کہ اس کوئز مقابلے کی تیاری کے نتیجے میں کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مطالعہ کی طرف بھی توجہ مبذول ہوئی ہے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام انصار بھائیوں کو حضرت مسیح موعود کے ان خزانوں سے فائدہ اٹھانےکی توفیق عطا فرماتا چلا جائے ۔آمین

٭…٭…٭

(رپورٹ ۔ خالد محمود شرما۔ ایڈیشنل قائد تعلیم مجلس انصار اللہ کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 نومبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 نومبر 2020