• 30 اپریل, 2024

کووڈ 19 اور اولوالامر کی اطاعت

اللہ تعالیٰ نے سورۃ النساء آیت 60 میں جہاں اللہ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت کا ذکر فرمایا ہے وہاں اولوالامر یعنی بلا قید مذہب و ملت کے حکام بالا کی اطاعت کی بھی تلقین فرمائی ہے۔ حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ نے اس کا ترجمہ فرمایا ہے کہ اُن کا حکم مانو جو تم میں سے حکومت والے ہوں۔

آج Covid 19 کے دوران اولوالامر کی اطاعت کی اشد ضرورت محسوس ہورہی ہے اور ہم میں ہر ایک کو حکومتی نمائندوں کے ساتھ پورا تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔ آج جس طرح Covid 19 کی دوسری لہر نے ساری دنیا میں تشویش پیداکردی ہے۔ ان حالات میں اپنے آپ کو بھی بچنے اور بچانے کے علاوہ دوسروں کو بھی بچانے کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے:
لَا تُلْقُوْا بِاَیْدِیْكُمْ اِلَى التَّهْلُكَةِ (البقرۃ:196) کہ اپنے ہاتھوں (اپنے تئیں) ہلاکت میں نہ ڈالو۔

ہم میں سے ہر ایک کو مکمل SOPs پر عمل کرنا چاہیے۔ گھروں میں 6 سے زائد افراد اکٹھے نہ ہوں۔ مارکیٹوں، اسٹیشنوں، بس اڈوں اور دیگر مجمع والی جگہوں پر جانے سے پرہیز کریں۔ اگر اشد ضرورت کے تحت جانے کی ضرورت بھی محسوس ہو تو مکمل SOPs استعمال کریں۔ کم از کم 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں۔ ماسک کا استعمال کریں۔ ہاتھ بار بار Sanitize کریں یا صابن سے دھوئیں۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے Vicks ناک پر بار بار لگانے کی بھی تاکید فرمائی ہے۔ مصافحہ اور معانقہ سے پرہیز کریں۔ اس کے علاوہ جو بھی گورنمنٹ نے اصول وضع کئے ہیں ان کو follow کریں۔

یہ ایک ایسا وائرس ہے جو Social distancing قائم نہ رکھنے اور ٹچ کرنے سے لاحق ہوتا ہے۔ اگر کوئی اس بیماری میں مبتلا ہو تو وہ اپنے آپ کو گھر میں قرنطینہ کرے اور میل ملاقات سے پرہیز کرے نیز اگر کسی کو وائرس ہوجائے تو وہ اسے چھپائے مت بلکہ ڈاکٹرز سے رابطہ کرے۔

آخری لیکن سب سے اہم بات تو دُعا ہے جو ایک احمدی کا طرّہ امتیاز ہے۔ اللہ تعالیٰ اس وائرس کو جلد ختم کرے اور ہر ایک کو اس کے شر سے محفوظ رکھے۔ جو بیمار ہیں اللہ تعالیٰ ان کو جلد شفائے کاملہ عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 دسمبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 دسمبر 2020