حضور اقدس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خصوصی دعا کی تحر یک
1)رَبِّ کُلُّ شَیْئٍ خَادِمُکَ رَبِّ فَاحْفَظْنِیْ وَانْصُرْنِیْ وَارْحَمْنِیْ
(حقیقۃ الوحی روحانی خزائن جلدنمبر22 صفحہ نمبر224)
ترجمہ: اے میرے رب ہر ایک چیز تیری خادم ہے۔ اے میرے رب پس مجھے محفوظ رکھ اور میری مدد فرما اور مجھ پر رحم فرما۔
2) اَللّٰھُمَّ اِنَّا نَجْعَلُکَ فِیْ نُحُوْرِھِمْ وَنَعُوْذُبِکَ مِنْ شُرُوْرِھِمْ
(سنن ابو داؤد کتاب الوتر باب ما یقول الرجل اذا خاف قوما حدیث 1537)
ترجمہ: ہم تجھے ان کے سینوں میں رکھتے ہیں یعنی تیرا رعب ان کے سینوں میں بھر جائے اور ہم ان کے شر سے تیری پناہ چاہتے ہیں۔
3) أسْتَغْفِـرُاللهَ رَبِّي مِنْ كُلِّ ذَنْبٍ وَ أتُـوْبُ إلَيْـہِ
4) اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ، وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ، كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ، إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ، اَللّٰھُمَّ بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ، كَمَا بَارَكْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ، إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ
مندرجہ بالا پہلی دعا حضرت مسیحِ موعودؑ کی الہامی دعا ہے جس کو آپؑ نے اسمِ اعظم قرار دیا اور فرمایا کہ جو اسے پڑھے گا
ہر ایک آفت سے اُسے نجات ہوگی۔
دوسری دعا پیارے رسولِ اکرم حضرت محمدﷺ کی دشمن کے شر سے بچنے کی دعا ہے۔جب آپ ﷺ کو کسی قوم سے خوف یا خطرہ ہوتا تھاتو یہ دعا پڑھتے تھے۔
پھر تیسر ے نمبر پرگناہوں ،خطاؤں اور لغزشوں کی بخشش کے لئے استغفار ہے۔
چوتھے نمبر پر سید ومولی پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کے لئے سلامتی اور صلٰوۃ کا خوبصورت تحفہ درود شریف ہے۔
پیارے آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز موجودہ حالات کے پیشِ نظر مسلسل جماعت کواپنی عبادات کا معیار بہتر کرنے اور دعاؤں کی طرف توجہ دلا رہے ہیں ۔آپ اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ 25دسمبر 2020 میں نوافل اور مندرجہ بالا دعاؤں کی خصوصی تحریک کرتے ہوئےفرماتے ہیں:
’’آج بھی میں پاکستان اور الجزائر کے احمدیوں کے لئے دعا کے لئے کہنا چاہتا ہوں۔الجزائر کی تو ایک خوش کُن خبر ہے۔ کہ گزشتہ دنوں، دو تین دنوں میں، دو مختلف عدالتوں نے جھوٹے الزام میں ملوث بہت سارے احمدیوں کو بری کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان منصف مزاج ججوں کو جزاءدے۔ باقی انتظامیہ اور عدلیہ کو بھی انصاف سے کام لینے کی توفیق عطا فرمائے جو جھوٹے مقدمات احمدیوں پر قائم کررہے ہیں۔
پاکستان کے بعض افسران اور منصف جو انصاف سے دور ہٹ رہے ہیں اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کررہے ہیں۔اللہ تعالیٰ انہیں بھی توفیق دے کہ اپنے دلوں کے بغض اور کینےکو نکال کر معاملے کو دیکھنے والے ہوں ۔جن لوگوں کی اصلاح اللہ تعالیٰ کے نزدیک مقدر نہیں اللہ تعالیٰ ان کی پکڑ کے سامان جلد فرمائے اور احمدیوں کے لئے پاکستان میں بھی امن وسکون کے سامان پیدا فرمائے۔پاکستانی احمدی ،پاکستان میں رہنے والے احمدی خاص طور پر نوافل اور دعاؤں پر زور دیں ۔ان دعاؤں میں (مندرجہ بالا دعائیں) بھی بہت پڑھیں ۔استغفار کی طرف بھی توجہ دیں۔درود کی طرف بھی توجہ دیں ۔آج کل بہت اس کی ضرورت ہے ۔نوافل بھی ادا کریں ۔جیسا کہ میں نے کہا اللہ تعالیٰ ان کو توفیق دے اور جلد وہاں کے حالات بھی درست فرمائے‘‘۔ آمین
(خطبہ جمعہ فرمودہ 25دسمبر 2020)
(از: مریم رحمٰن)