اَنَّ اللّٰہَ مَوۡلٰٮکُمۡ ؕ نِعۡمَ الۡمَوۡلٰی وَ نِعۡمَ النَّصِیۡرُ ﴿۴۱﴾
(سورۃ الانفال:41)
ترجمہ:اللہ ہی تمہارا والی (نگہبان) ہے۔ کیا ہی اچھا والی (نگہبان) اور کیا ہی اچھا مدد کرنے والا ہے۔
یَا حَیُّ یَا قَیُّوْمُ بِرَحْمَتِکَ أَسْتَغِیْثُ
(جامع ترمذی: کتاب الدعوات حدیث:3524)
ترجمہ: اے زندہ ! اے ہمیشہ قائم ودائم رہنے والے! میں تیری رحمت کے واسطہ دے کر مدد کا طلبگار ہوں۔
رَبِّ اجْعَلْنِیْ غَالِبًا عَلیٰ غَیْرِیْ
(تذکرہ: صفحہ765)
ترجمہ: اے میرے رب العزت! مجھے غیر پر غالب کردے۔
یہ خدا تعالیٰ کے حضور حصول مدد ونصرت کی دعائیں ہیں۔
یکم جنوری 2021 کو ہمارے پیارے آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نئے سال کے آغاز کے موقع پر کل عالم کو مبارک اور زریں نصائح سے نوازا۔ اور بالخصوص جماعت احمدیہ کو اپنی حالتوں کے جائزے لینے ،حقوق اللہ اور حقوق العباد ادا کرنے ،دعاؤں کے ساتھ اپنی عبادتوں کا معیار بہتر کرنے کی طرف توجہ دلائی آپ ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:
’’آج نئے سال کا پہلا دن ہے۔ اور پہلا جمعہ ہے۔ دعا کریں کہ یہ سال جماعت کے لئے، دنیا کے لئے، انسانیت کے لیے بابرکت ہو۔ ہم بھی اپنا فرض ادا کرتے ہوئے پہلے سے بڑھ کر خدا تعالیٰ کی طرف جھکنے والے اور اپنی عبادتوں کے معیار بڑھانے والے ہوں۔ اور دنیا والے بھی اپنی پیدائش کے مقصد کو سمجھتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا حق ادا کرنے والے بن جائیں اور ایک دوسرے کے حقوق کو پامال کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کے حکموں پر چلتے ہوئے ایک دوسرے کا حق ادا کرنے والے بن جائیں ورنہ پھر اللہ تعالیٰ اپنے رنگ میں دنیا والوں کو ان کے فرائض کی طرف توجہ دلاتا ہے۔کاش کہ ہم اور دنیا کے تمام لوگ اس اہم نکتہ کو سمجھ جائیں اور اپنی دنیا و عاقبت سنوار سکیں۔
آج کل پاکستان کے احمدیوں کے لیے اور الجزائر کے احمدیوں کے لیے دعا کی طرف بھی مَیں توجہ دلا رہا ہوں۔ ان کو اپنی دعاؤں میں بھی یاد رکھیں۔ پاکستان میں بعض جگہ بعض مولوی اور سرکاری اہلکار ظلموں پر اُترے ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ایسے ناقابلِ اصلاح لوگوں کی جلد پکڑ کے سامان کرے۔ اللہ تعالیٰ کو تو علم ہے کن کی اصلاح ہونی ہے اور کن کی نہیں ہونی۔ جن کی نہیں ہونی تو پھر ان کی جلد پکڑ کے سامان پیدا فرمائے۔ توہین رسالت کے جس قانون کے تحت یہ لوگ احمدیوں پر ظلم کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور احمدیوں کی اپنی تربیت کے لیے جو بھی ہمارے بعض ذرائع ہیں، ہر ذریعہ پر پابندی لگانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کو اللہ تعالیٰ جلد اُن سے دور فرمائےاور ہمیں ان سے نجات دلائے۔ اصل میں تو رحمۃ للعالمین کے نام کو یہ بدنام کرنے والے لوگ ہیں۔ احمدی تو ناموس رسالتﷺ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے ہیں۔ آج دنیا کو محمدرسول اللہﷺکے جھنڈے کے نیچے لانے والے سب سے زیادہ کام بلکہ حقیقی کام احمدی کر رہے ہیں۔ بلکہ کہنا چاہیے کہ اگر کوئی یہ کام کر رہا ہے تووہ صرف احمدی ہیں۔ پس یہ دنیادار دنیاوی حکومت اور دولت کے بل بوتے پر ہم پر ظلم تو کر سکتے ہیں۔ لیکن یہ یاد رکھیں کہ ہم اس خدا کو ماننے والے ہیں جو نِعْمَ الْمَوْلٰی وَ نِعْمَ النَّصِیْر ہے۔ وہ خدا ہے جو نِعْمَ الْمَوْلٰی ہے اور نِعْمَ النَّصِیْر ہے۔ یقیناً اس کی مدد آتی ہے اور ضرور آتی ہے۔ اور اس وقت جب اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت آتی ہے پھر ان دنیاداروں اور اپنے زعم میں طاقت اور ثروت رکھنے والے جو لوگ ہیں، ان کی خاک بھی نظر نہیں آتی ۔ پس ہمارا کام ہے کہ دعاؤں سے اپنی عبادتوں کو مزید سجائیں۔ اور اگر ہم یہ کرلیں گے تو پھر ہی ہم کامیاب ہیں۔
الجزائر کے بارہ میں مَیں نے کہا تھا کہ سب کو بَری کر دیا گیا ہے۔ وہاں ایک کورٹ میں، ایک عدالت میں سب کو بَری کیا تھا ۔ دوسرے نے بھی معمولی جرمانہ کرکے تقریباً ساروں کو فارغ کر دیا۔ لیکن اس کے باوجود بھی وہاں ابھی کچھ لوگ ہیں جو جیل میں اسیر ہیں۔ اُن کے لیے بھی دعا کریں کہ اُن کی جلد رہائی کے سامان ہوں۔ پاکستان کے اسیروں کی رہائی کے لیے بھی دعا کریں۔ ہماری خوشیاں چاہے وہ سال کے شروع کی ہوں یا عید کی، اصل تو اس وقت ہوں گی جب ہم دنیا میں ہرطرف اللہ تعالیٰ کی توحید کا جھنڈا لہرانے والے بنیں گے جسے لے کر حضرت محمدرسول اللہﷺ آئے تھے۔ خوشیاں اُسی وقت ہوں گی جب انسانیت انسانی قدروں کو پہچاننے والی بنے گی، جب آپس کی نفرتیں محبتوں میں بدل جائیں گی۔اللہ تعالیٰ اس خوشی کے سامان بھی ہمیں جلد پہنچائے۔مسلم اُمہ کو بھی عقل دے کہ وہ آنے والے مسیح موعود اور مہدی معہود کو مان لیں۔ دنیا کو بھی عقل دے کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے بندوں کے حقوق ادا کرنے کی طرف توجہ دینے والے ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہر ملک میں ہر احمدی کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور یہ سال ہر احمدی کے لیے، ہر انسان کے لیے رحمتوں اور برکتوں کا سال بن کر آئے اور جو کوتاہیاں اور کمیاں گذشتہ سالوں میں ہم سے ہوگئیں جو اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کا باعث بنیں یا ہمیں بعض انعاموں سے محروم رکھنے کا باعث بنیں، ان سے اللہ تعالیٰ ہمیں بچائےاور اپنے انعاموں کا اور فضلوں کا وارث بنائے اورہم حقیقی مومن بن جائیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ان دعاؤں کی بھی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔‘‘
(خطبہ جمعہ فرمودہ یکم جنوری 2021)
(مرسلہ: مریم رحمٰن)