• 30 اپریل, 2024

وہ قصیدہ میں کروں وصفِ مسیحا میں رقم

وہ قصیدہ میں کروں وصفِ مسیحا میں رقم
فخر سمجھیں جسے لکھنا بھی مرے دست و قلم
کھولتا ہوں میں زباں وصف میں اس کے یارو
جس کے اوصاف حمیدہ نہیں ہوسکتے رقم
جان ہے سارے جہاں کی وہ شہِ والا جاہ
منبعِ جودو سخا ہے وہ مرا ابر کرم
فیض پہنچانے کا ہے تو نے اٹھایا بیڑا
لوگ بھولے ہیں ترے وقت میں نامِ حاتم
تاج اقبال کا سر پر ہے مزّین تیرے
نصرت و فتح کا اڑتا ہے ہوا میں پرچم
جس کا جی چاہے مقابل پہ ترے آدیکھے
دیکھنا چاہتا ہے کوئی اگر ملکِ عدم
حیف ہے قوم ترے فعلوں پر اور عقلوں پر
دوست ہیں جو کہ ترے اُن پہ تو کرتی ہے ستم
دیکھ کر تیرے نشانات کو اے مہدیٔ وقت
آج انگشت بدندان ہے سارا عالم
مال کیا چیز ہے اور جاں کی حقیقت کیا ہے
آبرو تجھ پہ فدا کرنے کو تیار ہیں ہم
غرق ہیں بحر ِمعاصی میں ہم اے پیارے مسیح ؑ
پار ہوجائیں اگر تُو کرے کچھ ہم پہ کرم
اپنے وعدے کے مطابق تجھے بھیجا اس نے
امتِ خیرِ رسل پر ہے کیا اُس نے کرم
تیرے ہاتھوں سے ہی دجال کی ٹوٹے گی کمر
شرک کے ہاتھ ترے ہاتھ سے ہی ہووینگے قلم
دَجْل کا نام و نشاں دہر سے مِٹ جائے گا
ظلِ اسلام میں آجائے گا سارا عالم
جو کہ ہیں تابع ِشیطاں نہیں اُن کی پروا
ایک ہی حملے میں مٹ جائیگا سب اُن کا بھرم
تب انہیں ہوگی خبر اور کہیں گے ہَیہات
ہم تو کرتےرہے ہیں اپنی ہی جانوں پہ ستم
تیری سچائی کا دنیا میں بجے گا ڈنکا
بادشاہوں کے ترے سامنے ہونگے سَر خم
التجا ہے میری آخر میں یہ اے پیارے مسیحؑ
حَشر کے روز تو محمؔود کا بنیو ہمدم

(انتخاب از کلامِ محمودؓ ۔اخبار بدر ۔ جلد 5۔ 6ستمبر1906ء)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 فروری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 فروری 2021