• 27 جولائی, 2025

آج کی دعا

اَللّٰهُمَّ أَعْطِ مُنْفِقًا خَلَفًا

(صحیح بخاری كِتَابُ الزَّكَاةِ حدیث: 1442)

ترجمہ: اے اللہ ! سخی کو اور دے اور اس کے نقش قدم پر چلنے والے پیدا کر۔

یہ پیارے رسولِ کریم حضرت محمدﷺ کی خدا کی راہ میں خرچ کرنے والے کے حق میں پیاری دعا ہے۔

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کوئی دن ایسا نہیں جاتا کہ جب بندے صبح کو اٹھتے ہیں تو دو فرشتے آسمان سے نہ اترتے ہوں۔ ایک فرشتہ تو یہ کہتا ہے کہ اے اللہ ! سخی کو اور دے اور اس کے نقش قدم پر چلنے والے اور پید ا کر۔اور دوسرا کہتا ہے کہ اے اللہ! بخیل کے مال کو تلف کردے۔

حضرت خریم بن فاتک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے اللہ کے راستے میں کچھ خرچ کیا اس کے لیے سات سوگنا (ثواب) لکھا دیا گیا۔

(جامع ترمذی أَبْوَابُ فَضَائِلِ الْجِهَادِ حدیث: 1625)

ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیا ن کر تی ہیں کہ انہوں نے ایک بکری ذبح کروائی (اور اس کا گوشت غرباء میں تقسیم کیا اور کچھ گھر میں بھی کھانے کے لیے رکھ لیا )نبی اکرم ﷺ نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کہ کس قدر گوشت باقی بچ گیا ہے؟ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا: دستی کے سوا اور کچھ نہیں بچا۔ آپ نے فرمایا: (دراصل) سارا بچ گیا ہے سوائے اس دستی کے۔ یعنی جس قدر تقسیم کیا گیا ہے وہ ثواب ملنے کی وجہ سے بچ گیا ہے اور جو بچاکر خود کھانے کے لیے رکھا ہے اس کا ثواب نہیں ملےگا لہٰذا حقیقتاً وہ نہیں بچا۔

(جامع ترمذی)

(مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 فروری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 فروری 2021