• 28 اپریل, 2024

نعت خير البشر

السلام ! اے ہادی راہ ہدی جان جہاں
والسلام، اے خیر مطلق اے شہ کون و مکاں
تیرے ملنے سے ملا ہم کو وہ مقصودِ حیات
تجھ کو پا کر ہم نے پایا ’’کام دل‘‘ آرامِ جاں
آپ چل کر تو نے دکھا دی رہ وصلِ حبیب
تو نے بتلایا کہ یوں ملتاہے یار بے نشاں
ہے کشادہ آپ کا باب سخا سب کے لئے
زیر احسان کیوں نہ ہوں پھر مرد و زن پیر و جواں
تشنه روحیں ہو گئیں سیراب تیرے فیض سے
علم و عرفان خداوندی کے بحر بیکراں
ایک ہی زینہ ہے اب بام مراد عمل کا
بے ملے تیرے ملے ممکن نہیں وہ دلستاں
تو وہ آئینہ ہے جس نے منہ دکھایا یار کا
جسم خاکی کو عطا کی روح اے جانِ جہاں؟
تا قیامت جو رہے تازہ تری تعلیم ہے
تو ہے روحانی مریضوں کا طبیب جاوداں
ہے یہی ماہ مبیں جس پر زوال آتا نہیں
ہے یہی گلشن جسے چھوتی نہیں بادِ خزاں
کوئی راہ نزدیک تر راہ محبت سے نہیں
خوب فرمایا یہ نکتہ مہدی آخر زماں
یہ دعا ہے میرا دل ہو اور تیرا پیار ہو
میرا سر ہو اور تیرا پاک سنگ آستاں

(درعدن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 فروری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 10 فروری 2021