• 29 اپریل, 2024

قرآن کریم میں تمام مذاہب باطلہ کا رد ّموجود ہے

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں:
’’قرآن ِمجید ایک ایسی پاک کتاب ہے جو اس وقت دُنیا میں آئی تھی جبکہ بڑے بڑے فساد پھیلے ہوئے تھے اور بہت سی اعتقادی اور عملی غلطیاں رائج ہو گئی تھیں اور تقریباً سب کے سب لوگ بداعمالیوں اور بدعقیدگیوں میں گرفتار تھے۔ اسی کی طرف اللہ جلّشانہ قرآن مجید میں اشارہ فرماتا ہے ظَھَرَالْفَسَادُ فِی الْبَرِّ وَالْبَحْرِ (الرّوم:42) یعنی تمام لوگ کیا اہل کتاب اور کیا دوسرے سب کے سب بدعقیدگیوں میں مبتلا تھے اور دُنیا میں فساد ِعظیم برپا تھا۔ غرض ایسے زمانے میں خداتعالیٰ نے تمام عقائدِ باطلہ کی تردید کے لیے قرآن ِمجید جیسی کامل کتاب ہماری ہدایت کے لیے بھیجی جس میں کُل مذاہب باطلہ کا رد ّ موجود ہے۔

اور خاص کرسورہ ٔفاتحہ میں جو پنج وقت ہر نماز کی ہر رکعت میں پڑھی جاتی ہے اشارہ کے طور پر کُل عقائد کا ذکر ہے۔‘‘

(ملفوظات جلد پنجم، صفحہ 379، ایڈیشن1988ء)

جو لوگ قرآن کو عزت دیں گے وہ آسمان پر عزت پائیں گے

پھر آپؑ فرماتے ہیں :
’’تمہارے لئے ایک ضروری تعلیم یہ ہے کہ قرآن شریف کو مہجور کی طرح نہ چھوڑ دو کہ تمہاری اسی میں زندگی ہے۔ جولوگ قرآن کو عزت دیں گے وہ آسمان پر عزت پائیں گے۔ جو لوگ ہر ایک حدیث اور ہر ایک قول پر قرآن کو مقدم رکھیں گے ان کو آسمان پر مقدم رکھا جائے گا۔ نوع انسان کے لئے روئے زمین پر اب کوئی کتاب نہیں مگر قرآن۔ اور تمام آدم زادوں کے لئے اب کوئی رسول اور شفیع نہیں مگر محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم۔‘‘

(کشتیٔ نوح۔ روحانی خزائن جلد 19صفحہ 13)

نیز فرمایا :
’’میں سچ کہتا ہوں کہ اگر قرآن شریف سے اعراض صوری یا معنوی نہ ہو تو اللہ تعالےٰ اس میں اور اُس کے غیروں میں فرقان رکھ دیتا ہے۔ اللہ تعالےٰ پر کامِل یقین اور ایمان پیدا ہوتا ہے۔ اس کی قدرتوں کے عجائبات وہ مشاہدہ کرتا ہے۔ اس کی معرفت بڑھتی ہے۔ اس کی دعائیں قبول ہوتی ہیں اور اس کو وہ حواس اور قویٰ دئیے جاتے ہیں کہ وہ ان چیزوں اور اسرار قدرت کو مشاہدہ کرتا ہے جو دوسرے نہیں دیکھتے وہ ان باتوں کو سُنتا ہے کہ اوروں کو اُس کی خبر نہیں‘‘۔

(ملفوظات، جلد 7 ، صفحہ 443، ایڈیشن 1984ء)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 5 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 مارچ 2021