• 28 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ کینیڈا کے زیرانتظام سیرۃ النبی ﷺ ودیگر تبلیغی سرگرمیاں

یوم تبلیغ

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دورانِ سال جاری رہنے والی انفرادی و جماعتی تبلیغی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ احمدیہ مسلم جماعت کینیڈا ہر سہ ماہی میں قومی سطح پر یوم تبلیغ کا انعقاد کرتی ہے۔ کووڈ 19 کے باعث بھی یہ سرگرمیاں بفضلہٖ تعالیٰ بند نہیں ہوئیں بلکہ جماعت احمدیہ کینیڈا کو ایک نئے انداز میں ان سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی توفیق ملی۔ اور احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا پیغام سوشل میڈیا اور ڈاک کے ذریعہ دوست احباب اور ہمسایوں تک پہنچا نے کی کوشش کی گئی ۔

ہمسایوں کو خطوط

احبابِ جماعت کو یہ تحریک کی گئی کہ رسول کریم ﷺ کے ہمسایوں کے حقوق کے متعلق ارشادات اور اسوہ کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ہمسایوں کو خطوط لکھ کر ان وبائی حالات میں دعاؤں اور ہمدردی کے جذبات کے ساتھ ساتھ اپنی خدمات پیش کریں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ مہم نہایت کامیاب رہی۔ احبابِ جماعت نے 8515 خطوط بذریعہ ڈاک اور ذاتی طور پر رابطہ کرتے ہوئے اپنے ہمسایوں کومختلف ذرائع سے ارسال کئے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی کثرت سے ایسے خطوط ارسال کئے گئے۔ سال 2020 کے اختتام اور نئے سال 2021 کے آغاز پر نئے سال کی مبارکباد پر مشتمل 31ہزار سے زائد کارڈز ہمسایوں، چرچز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو بھجوائے گئے۔ اسی طرح سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی اس مضمون پر مشتمل پیغامات ارسال کئے گئے۔

پروگرام سیرۃ النبی ﷺ: محمدرسول اللہ ﷺ کی حیرت انگیز داستان

2012 میں جب رسول کریم ﷺ کی ذات بابرکات پر اعتراضات کی اشاعت کی مذموم کوشش کی گئی ، نازیبا خاکوں کے ذریعہ سے تمام مسلمانوں کی دلخراشی کی گئی اس مخالفانہ اور زہریلے پراپیگنڈے پر مبنی تاثر کو زائل کرنے کی غرض سے اس کے ردعمل کے طور پر احمدیہ مسلم جماعت کینیڈا نے مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا کے اشتراک و تعاون سے رسول کریم ﷺ کی پاک اور مطہر سیرت کو بیان کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر ایک پروگرام Astonishing Story of the Prophet (sa) کے نام سے منعقد کرنے کی توفیق و سعادت پائی تھی ۔ ا س پیغام کو زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچانے کے لئے ٹورانٹو کینیڈا کے سب سے بڑے ہال جو Roy Thomson Hall کے نام سے مشہور ہے یہ پروگرام بہت کامیاب انداز میں منعقد کیا گیا۔ دو ہزار سے زائد غیر احمدی افراد نے اس پروگرام میں شمولیت کی اور بہت مؤثر تعریفی کلمات کے ساتھ اس کاوش کو سراہا اور آئندہ بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ اس پروگرام سے مزید افراد کے استفادہ کی اور اس کے وسیع تر مثبت اثرات کے پھیلانے کی غرض سے اسی نہج پر یہ پروگرام بڑے پیمانے پر کینیڈا کے دوسرے بڑے بڑے شہروں میں بھی منعقد کئے گئے۔

ایک فقید المثال ’’ورچوئل‘‘ پروگرام سیرۃ النبی ﷺ کا انعقاد

حال ہی میں پھر سےایک اخبار چارلی ہیبڈو (Charlie Hebdo) نے اسلام اور رسول کریم ﷺ کی ذات اور سیرت کو پھر سے تنقید کا نشانہ بنانے کی گستاخانہ جرأت کی ۔ جماعت احمدیہ کینیڈا نےچند ماہ قبل سے اپنے پیارے آقا، ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، کی راہنمائی میں ایک مرتبہ پھر سےاپنے 1912 میں منعقدہ Astonishing Story of the Prophet کی نہج پر اور اُسی عنوان کے تحت ایک نیا پروگرام منعقد کرنے سے متعلق بھر پور تیاری شروع کردی۔ کووڈ کے نا مساعد حالات کے باعث اس مرتبہ اس پروگرام کو ’’ورچوئل‘‘ انداز میں پیش کرنے کا پروگرام بنایا گیا۔ اس انداز کا ایک خاص فائدہ یہ بھی ہوا کہ اس پروگرام کو بین الاقوامی اہمیت حاصل ہوئی یوں 40 سے زائد ممالک یعنی کینیڈا، امریکہ، برطانیہ، بھارت، جرمنی، پاکستان، آسٹریلیا، ملائشیا، اسرائیل، سویڈن و دیگر میں اسے براہ راست بھی دیکھا گیا اور سوشل میڈیا پر اس کی ریکارڈنگ کو بھی ابھی تک مختلف اقوام دیکھ رہی ہیں۔ اس دفعہ بھی مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا نے احمدیہ مسلم جماعت کینیڈا کی راہنمائی میں یہ پروگرام منعقد کرنے کی توفیق پائی۔ تمام مراحل کی تکمیل کے بعد YouTube کے ذریعے جماعت احمدیہ کینیڈا کو جنوری 30 کو ٹورانٹو وقت کے مطابق شام 6 بجے یہ پروگرام انتہائی موثر اور کامیاب انداز میں نشر کرپانے کی توفیق پائی ۔ فالحمد للہ علیٰ ذٰلک۔

کووڈ کے نامساعد حالات میں پروگرام کی تیاری

Covid-19 اور اس تعلق میں حکومتی پابندیوں کے باعث اس پروگرام کی تیاری وغیرہ کے سلسلہ میں بعض انتہائی مشکل حالات کا سامنا ہوا۔ اشاعت و تشہیر کے مسائل بھی درپیش ہوئے۔ لیکن خدا تعالیٰ کی تائید و نصرت اور پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے طفیل پروگرام ہر پہلو سے بفضلہ تعالیٰ بروقت تکمیل پایا اور آن لائن نشریات میں بھی کسی تکنیکی مشکل کا سامنا نہیں ہوا، الحمدللہ۔

پروگرام کی پبلسٹی

کووڈ 19 کی پریشان کن صورتحال کے پیش نظر خدام الاحمدیہ کی پبلسٹی ٹیم کو غیر معمولی محنت اور باریک بینی کے ساتھ اس پروگرام کی پبلسٹی کے لئے کام کرنا پڑا۔ مختلف ذرائع سے استفادہ کرنے کے بارہ میں منصوبہ بندی کی گئی ۔ مکرم امیر صاحب کینیڈا کی ہدایت کے مطابق تمام ممبران جماعت کو تحریک کی گئی کہ وہ اپنے تبلیغی روابط کو اس پروگرام میں شمولیت کی غرض سے دعوت دیں۔ تمام ذیلی تنظیموں (خدام الاحمدیہ، لجنہ اماء اللہ اور انصار اللہ) کا خصوصی تعاون دیکھنے کو ملا ۔ یوں تمام ذیلی تنظیموں نے بھی اس پروگرام کی بھرپور پبلسٹی کی اور اس پیغام کو ہر ممبر تک پہنچانے میں مکمل تعاون کیا۔ فجزاھم اللہ تعالیٰ احسن الجزاء۔

سوشل میڈیا پبلسٹی کا دوسرا بڑا ذریعہ تھا،۔ چونکہ یہ پروگرام آن لائن نشر ہونا تھا اس لئے اس کے لئے تمام اہم سماجی ذرائع استعمال کئے گئے۔ ہرسماجی ذریعہ کے لئے الگ الگ ٹیم بنائی گئی۔ مختلف تاریخوں میں ٹوئٹر کے تین Trends کے لئے بھر پور کوشش کی گئی اور اس میں تمام ممبران جماعت کو hashtags کے بارے میں مکمل آگاہی دیتے ہوئے شامل ہونے کی تحریک کی گئی جس کے نتیجے میں 153,000 سے زائدروابط ہوئے۔

اس کے ساتھ ساتھ YouTube, Google اور دوسرے سوشل میڈیا ز پر اشتہارات اور ریڈیو اشتہارات کے ذریعے بھی اس پروگرام کی تشہیر کی گئی۔اسی طرح سکول بورڈز، یونیورسٹیوں کے پروفیسرز اور چرچز وغیرہ سے بھی رابطہ کے ساتھ ساتھ Steven Leece, Deb Shulette, Majid Jowhari، سمیت بہت سے دیگر اہم سیاستدانوں اور اخبارات وغیرہ سے بھی رابطہ کیا گیا ۔ جنوبی امریکہ کے ممالک Cayman Island, Paraguay, Uruguay and Honduras میں بھی اس کی تشہیرپر انتہائی محنت سے کام کیا گیا۔ بعض مقامات جہاں پہلے مخالفت کا سامنا تھا وہاں سے بھی کئی افراد نے اس پروگرام کو دیکھا اور اپنے مثبت تأثرات جماعت احمدیہ کو ارسال کئے۔

چند شاملین کے مثبت تاثرات

’’بہت عمدہ پروگرام تھا۔ میں بہت خوش ہوں کہ میں نے اپنی شام کے دو گھنٹے اس پروگرام کو دئیے۔ میں بتا نہیں سکتا کہ اس پروگرام نے کس قدر مجھے متاثر کیا ہے۔ میں آپ لوگوں کا اس کے لئے شکرگزار ہوں۔‘‘

’’اس ڈاکومنٹری کے دیکھنے کے بعد میں محمد (ﷺ) کے متعلق مزید جاننا چاہتا ہوں۔‘‘

’’میں ایک سکول میں اسلامی تعلیمات کا استاد ہوں اور چاہتا ہوں کہ مجھے بھی کتاب بھیجی جائے تاکہ میں اس کو مزید سمجھ سکوں اور سمجھا سکوں۔‘‘

’’برائے مہربانی مجھے دو کتب ارسال کریں میں انہیں ہمیشہ اپنے پاس ایک خزانہ کے طور پر رکھوں گی۔‘‘

وسیع پیمانے پرمہمانوں کی رجسٹریشن

خداتعالیٰ کے فضل اور تمام ذرائع ابلاغ کے استعمال کے نتیجہ میں اس پروگرام کے لئے 7,959 احمدی ممبران اور غیر احمدی افراد نے خود کو رجسٹر کیا۔ اس طرح صرف ماہ جنوری میں اس کی ویب سائٹ پر 41,000 سے زائد افراد نے وزٹ کیا۔خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب تک اس پروگرام کو تقریباً 51,000 سے زائدافراد دیکھ چکے ہیں اور یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

تاثرات

بفضلہٖ تعالیٰ کینیڈا بھر سے ممبران جماعت اور غیر احمدی احباب سےمسلسل بہت زیادہ مثبت تأثرات مل رہے ہیں۔ بالخصوص نوجوان نسل کے افراد کے حوالے سے انتہائی خوشکن اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ انہوں نے اس پروگرام کو بڑے انہماک سے آخر تک دیکھا۔ نوجوان نسل کےوالدین کی طرف سے بھی ا س بات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ نوجوانوں کی تربیت اور اصلاح کے لئے اس طرح کے پروگرام منعقد ہوتے رہنے چاہیئں یوں انہیں اسلام کی حقیقی تعلیمات سے بھی آگاہی ملتی رہے گی۔ خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے اور ہمارے پیارے آقا، حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کے نتیجہ میں اس پروگرام کو خدا تعالیٰ نے خصوصی کامیابی سے نوازا۔

احمدیہ مسلم جماعت کا تعارف

اس پروگرام کے آخر پر جماعت کی مختصر تاریخ اور اس کا تعارف بھی پیش کیا گیا اور بفضلہٖ تعالیٰ خلافت احمدیہ کے زیرسایہ اب یہ جماعت پوری دنیا میں پھیل کر احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا پیغام پھیلارہی ہے۔

کتاب لائف آف محمد کی مفت ترسیلِ

اس پروگرام کے شاملین کو یہ پیشکش کی گئی کہ جو افراد رسول کریم ﷺ کی پاک اور مطہر سیرت سے متعلق مزیدعلم حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں تو وہ (Life of Muhammad sa) کتاب مفت حاصل کرسکتے ہیں۔ اوراب تک 860 کے قریب افراد نے اس کتاب کے حصول کی خواہش کا اظہار کیا ہےالحمدللہ۔ ان شاء اللہ انہیں یہ کتاب بہت جلد ارسال کر دی جائے گی ۔

تائید الٰہی کا عظیم نشان

ایسے نامساعد حالات میں بھی خدا تعالیٰ کی طرف سے اس قدر کامیاب انداز میں پروگرام کے انعقاد کی توفیق پانا یقیناً تسکین قلب کا باعث ہے۔خدا تعالیٰ ہمیں مقبول خدمات دینیہ بجا لانے کی توفیق عطا فرمائے۔خدا تعالیٰ اپنی تائید و نصرت کی ہوائیں چلاتا چلا جائے اور ہمیں دین کی نصرت کے دن جلد جلد دیکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ ذالک فضل اللہ یُوْتیہ من یشاء۔ الحمدللہ علی ذالک۔

(رپورٹ انصر رضا۔ واقف زندگی۔نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 مارچ 2021