اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ اِنَّ اللّٰہَ لَا یُخْزِی الْمُؤْمِنِیْنَ
(تذکرہ صفحہ:564)
ترجمہ: خدا ہر چیز پر قادر ہے ۔اور یقینا خدا مؤمنوں کو رسوا نہیں کیا کرتا۔
یہ حضرت اقدس مسیحِ موعودؑ کو 5 اگست 1906 کو اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس نہ ہونے کا الہام ہوا۔
آپؑ فرماتے ہیں:
’’5 اگست 1906 کو ایک دفعہ نصف حصہ اسفل بدن کا میرا بے حِس ہوگیا،اور ایک قدم چلنے کی طاقت نہ رہی ۔۔۔ مجھے خیال گزرا کہ یہ فالج کی علامات ہیں ۔ساتھ ہی سخت درد تھی ۔دل میں گھبراہٹ تھی، کروٹ بدلنا مشکل تھا۔رات کو جب میں بہت تکلیف میں تھا تو مجھے شماتتِ اعداکا خیال آیامگر محض دین کے لئے نہ کسی اور امر کے لئے۔تب میں نے جنابِ الٰہی میں دعا کی ۔۔۔تب مجھے تھوڑی سی غنودگی کےساتھ الہام ہوا:
اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ اِنَّ اللّٰہَ لَا یُخْزِی الْمُؤْمِنِیْنَ
یعنی خدا ہر چیز پر قادر ہے ۔اور خدا مؤمنوں کو رسوا نہیں کیا کرتا۔
پس اُسی خدائے کریم کی مجھے قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اور جو اس وقت بھی دیکھ رہا ہے کہ میں اس پر افترا کرتا ہوں یا سچ بولتا ہوں کہ اس الہام کی ساتھ ہی شاید آدھ گھنٹہ تک مجھے نیند آگئی اور پھر یک دفعہ جب آنکھ کھلی تو میں نے دیکھا کہ مرض کا نام و نشان نہیں رہا ۔تمام لوگ سوئے ہوئے تھے اور میں اٹھا اور امتحان کے لئے چلنا شروع کیا تو ثابت ہوا کہ میں بالکل تندرست ہوں۔‘‘
(حقیقہ الوحی۔ روحانی خزائن جلد22 صفحہ245، 246)
(مرسلہ:مریم رحمٰن)