• 30 اپریل, 2024

تہجد کی نماز میں اضطراب اور اضطرار

حضرت امیرالمؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:
تہجد کی نماز میں نوافل میں جو اضطراب اور اضطرار پیدا ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ مضطر کی دعا قبول کرتا ہوں۔ آپ فرماتے ہیں کہ اضطرار کی حالت اس وقت پیدا ہوتی ہے جب انسان اپنے آرام کو قربان کرے اور عبادت کے لئے اٹھے۔ فرمایا کہ ’’لیکن اگر اٹھنے میں سستی اور غفلت سے کام لیتا ہے تو ظاہر ہے کہ وہ درد اور سوز دل میں نہیں۔ کیونکہ نیند تو غم کو دور کر دیتی ہے۔ لیکن جب کہ نیند سے بیدار ہوتا ہے تو معلوم ہوا کہ کوئی درد اور غم نیند سے بھی بڑھ کر ہے جو بیدار کر رہا ہے‘‘۔ فرماتے ہیں ’’پھر ایک اَور بات بھی ضروری ہے جو ہماری جماعت کو اختیار کرنی چاہئے اور وہ یہ ہے کہ زبان کو فضول گوئیوں سے پاک رکھا جاوے‘‘۔ (کہ فضول باتیں کرنے سے زبان کو پاک رکھو۔ کسی کو جذباتی تکلیف نہ پہنچاؤ۔ کسی قسم کی غلط باتیں نہ کرو اور خاص طور پر وہاں جلسے کے ماحول میں تو اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہئے اور زیادہ وقت ذکر الٰہی میں گزارنا چاہئے۔ فرمایا کہ ’’زبان وجود کی ڈیوڑھی ہے اور زبان کو پاک کرنے سے گویا خدا تعالیٰ وجود کی ڈیوڑھی میں آ جاتا ہے‘‘۔ (یعنی کہ گھر کا جو دروازہ ہے، مین انٹرنس (main entrance) ہے وہ زبان ہے۔) ’’جب خدا ڈیوڑھی میں آگیا تو پھر اندر آنا کیا تعجب ہے‘‘۔ آپ فرماتے ہیں ’’پھر یاد رکھو کہ حقوق اللہ اور حقوقِ عباد میں دانستہ ہرگز غفلت نہ کی جاوے۔‘‘ (نہ اللہ تعالیٰ کے حق ادا کرنے میں غفلت ہو۔ نہ بندوں کے حق ادا کرنے میں غفلت ہو۔ یہ دونوں باتیں سامنے رکھو۔) فرمایا کہ ’’جو اِن امور کو مدّنظر رکھ کر دعاؤں سے کام لے گا یا یُوں کہو کہ جسے دعا کی توفیق دی جاوے گی‘‘ آپ فرماتے ہیں کہ ’’ہم یقین رکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اس پر اپنا فضل کرے گا اور وہ بچ جاوے گا۔ ظاہری تدابیر صفائی وغیرہ کی منع نہیں ہیں بلکہ بر توکّل زانوئے اشتر بہ بند‘‘ (یعنی توکّل سے پہلے اونٹ کا گھٹنا باندھنا یہ ضروری ہے۔) آپ فرماتے ہیں اس ’’پر عمل کرنا چاہئے جیسا کہ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ سے معلوم ہوتا ہے۔ مگر یاد رکھو کہ اصل صفائی وہی ہے جو فرمایا ہے قَدْ اَفْلَحَ مَنْ زَکّٰھَا۔ ……‘‘ ہر شخص اپنا فرض سمجھ لے کہ وہ اپنی حالت کو درست کرے گا۔ آپ فرماتے ہیں کہ ’’مگر وہی خدا کے فضل کا امیدوار ہو سکتا ہے جو سلسلہ دعا، توبہ اور استغفار کا نہ توڑے اور عمداً گناہ نہ کرے‘‘۔

(خطبۂ جمعہ فرمودہ 29 دسمبر 2017ء بحوالہ الاسلام ویب سائٹ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 اپریل 2021