• 29 اپریل, 2024

آج کی دعا

فَدَعَا رَبَّہٗۤ اَنِّیۡ مَغۡلُوۡبٌ فَانۡتَصِرۡ

(سورۃ القمر:11)

ترجمہ: تب اس نے اپنے ربّ کو پکارا اور کہا کہ میں یقیناً مغلوب ہوں۔ پس میری مدد کر۔

اَللّٰهُمَّ رَحْمَتَكَ أَرْجُو، فَلَا تَكِلْنِي إِلَى نَفْسِي طَرْفَةَ عَيْنٍ، وَأَصْلِحْ لِي شَأْنِي كُلَّهُ، لَا إِلٰهَ إِلَّا أَنْتَ

(ابوداؤدكِتَابُ النَّومِ بَابُ مَا يَقُولُ إِذَا أَصْبَحَ حدیث 5090)

ترجمہ : اے اﷲ ! میں تیری رحمت کا امیدوار ہوں ’تو مجھے آنکھ جھپکنے تک کے لیے بھی میری اپنی جان کے حوالے نہ فر ما‘ اور میرے سارے معاملات درست فر ما دے ’تیرے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں ۔

رَبِّ ارْحَمْنِیْ اِنَّ فَضْلَکَ وَرَحْمَتَکَ یُنْجِیْ مِنَ العَذَابِ

(تذکرہ صفحہ:972)

ترجمہ: اے میرے رب! مجھ پر رحم فرما اور تیرا فضل اور تیری رحمت عذاب سے نجات دیتے ہیں۔

یہ قرآنِ مجید کی نصرتِ الٰہی کی اور پیارے رسول حضرت محمدﷺ کی پریشانی کے وقت کی ،اور حضرت اقدس مسیحِ موعودؑ کی فضل اور رحمت کی دعائیں ہیں۔

ہمارے پیارے آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسلسل دعاؤ ں کی تحریک فرما رہے ہیں اللہ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ اپنی حفاظت خاص میں رکھے اور لمبی صحت و سلامتی والی بے انتہا فضلوں برکتوں والی عمر سے نوازے۔ اللہ تعالیٰ جماعت کے حق میں آپ کی ساری دعائیں قبول فرمائے ۔اور ہم سب کو خداتعالیٰ سے خاص تعلق جوڑنے والا بنائے۔ آمین

آپ فرماتے ہیں:
’’پاکستان کے احمدیوں کے لئے ،الجزائر کے احمدیوں کے لئے دعا کا میں دوبارہ کہنا چاہتا ہوں۔ اور کافی حالات دوبارہ بگڑتے جا رہے ہیں ۔یا اوپر نیچے ہوتے رہتے ہیں۔اور ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ کوئی مکمل امن اور سکون آگیا ہے۔ ہرروز کوئی نہ کوئی واقعہ ہوجاتا ہے۔ پاکستان میں بھی ،اِسی طرح الجزائر میں بھی حکومت کے بعض اہلکاروں کی نیت نیک نہیں لگ رہی۔ دوبارہ کیس کھولنا چاہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر احمدی کو اپنی حفاظت میں رکھے۔ پاکستان میں بھی، الجزائر میں بھی اور دنیا کے ہر ملک میں جہاں بھی کوئی احمدی کسی بھی قسم کی تکلیف میں ہے۔

لیکن ساتھ ہی احمدیوں کو بھی توجہ کرنی چاہئے۔ وہ پہلے سے بڑھ کر خدا تعالیٰ کی طرف جھکیں ۔اپنی عبادتوں کے حق ادا کرنے والے ہوں ۔اور حقوق العباد کو بھی ادا کرنے والے ہوں۔ اپنی حالتوں کو بہتر کرنے والے ہوں۔اور خد اسے خاص تعلق جوڑنے والے بنیں ۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔

(خطبہ جمعہ 26مارچ 2021)

اے خدا تیرے لئے ہر ذرہ ہو میرا فدا
مجھ کو دکھلا دے بہارِ دیں کہ میں ہوں اشکبار
اے خدا شیطان پہ مجھ کو فتح دے رحمت کے ساتھ
وہ اکٹھی کررہا ہے اپنی فوجیں بے شمار
اے خدا اے چارہ سازِدرد ہم کو خود بچا
اے میرے زخموں کے مرہم دیکھ میرا دل فگار
دیکھ سکتا ہی نہیں میں ضعفِ دینِ مصطفیٰ
مجھ کو کر اے میرے سلطاں کامیاب وکام گار

(مرسلہ:مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 مئی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 مئی 2021