• 13 مئی, 2025

ایڈیٹر کے نام خط

مکرم ایڈیٹر صاحب الفضل آن لاین

السلام علیکم ورحمه الله وبرکاتہ

مورخہ12 جون 2021ء کے شماره میں اداریه ’’لوهے کی قلم‘‘ پڑھ کر حضرت مفتی محمد صادقؓ کے تحفے آے جو ارسال هے۔

لوہے کا قلم

ترے کوچے میں کن راہوں سے آؤں
وہ خدمت کیا ہے جس سے تجھ کو پاؤں

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی خدمت میں نب، لفافے، کاغذ

حضرت مفتی محمدصادق ؓ تحریر فرماتے ہیں :
اوائل میں حضرت مسیح موعودؑ کلک کے قلم سے لکھا کرتے تھے اور ایک وقت میں چار چار پانچ پانچ قلمیں بنوا کر اپنے پاس رکھتے تھے تاکہ جب ایک قلم گھس جاوے تو دوسری کا انتظار نہ کرنا پڑے کیونکہ اس طرح روانی میں فرق آتا ہے۔ لیکن ایک دفعہ جبکہ عید کا موقع تھا۔ میں نے حضورؑ کی خدمت میں بطور تحفہ دو ٹیڑھی نبیں پیش کیں۔ اس وقت تو حضور ؑنے خاموشی سے رکھ لیں۔ لیکن جب میں لاہور واپس گیا تو دو تین دن کے بعد حضرت اقدسؑ کا خط آیا کہ آپ کی وہ نبیں بہت اچھی ہیں اور اب میں اُن ہی سے لکھا کروں گا۔ آپ ایک ڈبیہ ویسی نبوں کی بھجوادیں۔ چنانچہ میں نے ایک ڈبیہ بھجوا دی اور اس کے بعد اس قسم کی نبیں حضور کی خدمت میں پیش کرتا رہا۔ لیکن جیسا کہ ولایتی چیزوں کا قاعدہ ہوتا ہے کچھ عرصے کے بعد مال میں کچھ نقص پیدا ہو گیا اور حضرت صاحب نے مجھ سے ذکر فرمایا کہ اب یہ نب اچھا نہیں لکھتا۔ جس پر مجھے آئندہ کے لئے اس ثواب سے محروم ہو جانے کا فکر دامن گیر ہوا اور میں نے کارخانے کے مالک کو ولایت میں خط لکھا کہ میں اس طرح حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی خدمت میں تمہارے کارخانہ کی نبیں پیش کیا کرتا تھا۔ لیکن اب تمہارا مال خراب آنے لگا ہے اور مجھ کو اندیشہ ہے کہ حضرت صاحب اس نب کے استعمال کو چھوڑ دیں گے۔ اور اس طرح تمہاری وجہ سے میں اس ثواب سے محروم ہو جاؤں گا اور اس خط میں مَیں نے یہ بھی لکھا کہ تم جانتے ہو کہ حضرت اقدس مسیح موعود کون ہیں؟ اور پھر میں نے حضور ؑکے دعویٰ وغیرہ کا ذکر کر کے اس کو اچھی طرح تبلیغ بھی کر دی۔ کچھ عرصے کے بعد اس کا جواب آیا جس میں اُس نے معذرت کی اور ٹیڑھی نبوں کی ایک اعلیٰ قسم کی ڈبیہ مفت ارسال کی جو میں نے حضرت کے حضور پیش کر دیں۔ اور اپنے خط اور اس کے جواب کا ذکر کیا حضور یہ سُن کر مسکرائے۔ مگر مولوی عبدالکریم صاحب جو اس وقت حاضر تھے ہنستے ہو ئے فرمانے لگے کہ جس طرح شاعر اپنے شعروں میں ایک مضمون سے دوسرے مضمون کی طرف گریز کرتا ہے اسی طرح آپ نے بھی اپنے خط میں گریز کرنا چاہا ہو گا کہ حضرت اقدس مسیح موعود ؑکی خدمت میں نبوں کے پیش کرنے کا ذکر کرتے ہوئے آپ نے دعاوی کا ذکر شروع کر دیا لیکن یہ کوئی گریز نہیں زبردستی ہے۔

(ذکر حبیب ص 323,322)

ایک دفعہ حضرت مفتی صاحب ؓ نے چند لفافے انگریزی میں پتہ لکھ کر اور ٹکٹ لگا کر حضرت اقدسؑ کی خدمت میں پیش کئے اس پیش کش کو حضور ؑنے پسند فرمایا ایک مکتوب میں لکھا
’’آپ نے لفافے بھیج کر بہت آسانی کے لئے مجھے مدد دی۔ جزاکم اللہ خیرا۔‘‘

(ذکرحبیب ص346)

ایک دفعہ مفتی صاحب نے اچھے کاغذ دیکھے تو سلطان القلم کو تحفہ دینے کا خیال آیا خط میں تحریر کیا۔

’’مضمون لکھنے کے لئے بہت عمدہ کاغذ لاہور سے آئے ہیں تھوڑے سے ارسال خدمت کرتا ہوں اُمید ہے کہ جناب کو پسند آئیں گے۔‘‘

(ذکر حبیب ص363)

(امتہ الباری ناصر۔ امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 19 جون 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 جون 2021