یادِ رفتگان
مکرم چوہدری نسیم احمد صاحب مرحوم آف حیدرآباد سندھ
؎ سب کہاں کچھ لالہ و گُل میں نمایاں ہو گئیں
خاک میں کیا کیا صورتیں ہوں گی کہ پنہاں ہو گئیں
مکرم چوہدری نسیم احمد صاحب مرحوم جنوری 1947ء میں نورنگر فارم سندھ میں پیدا ہوئے۔ نورنگر فارم احمدیہ اسٹیٹس محمد آباد سندھ کا حصہ تھا۔ اور یہ زمینیں تحریک جدید سے تعلق رکھتی تھیں۔ یہاں پر آپ کے والد صاحب بطور واقفِ زندگی مقیم تھے۔ آپ کے والد صاحب کا نام مکرم چوہدری فضل احمد صاحب اور والدہ کا نام مکرمہ رشیدہ بی بی صاحبہ تھا۔
ابتدائی تعلیم کے بعد آپ فیصل آباد وغیرہ کے علاقے میں بسلسلہ ملازمت مقیم رہے۔ 1975ء میں آپ کے والد صاحب بیمار ہو گئے تو ملازمت وغیرہ چھوڑ کر حیدر آباد سندھ آگئے۔ حیدر آباد میں آپ مختلف جماعتی عہدوں پر خدمت بجا لاتے رہے جن میں بطور سیکرٹری مال، سیکرٹری ضیافت، سیکرٹری تبلیغ ، زعیم انصار اللہ اور زعیم اعلیٰ انصاراللہ شامل ہیں۔
2000ء میں حضرت صاحبزادہ مرزا مسرور احمد صاحب (خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ) بطور ناظر اعلیٰ کسی جماعتی کام کے سلسلے میں حیدرآباد تشریف لائے تو وہاں جماعت کے واش روم میں پانی کو لیک ہوتے دیکھا تو پھر آپ حضور کو گھر لے آئے۔ حضور نے بعد میں آپ کو غسل خانے کی مرمت کروانے کی تلقین فرمائی۔
86-1985ء میں آپ لند ن یوکے میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ تعالیٰ کے حفاظتی دستے میں رضاکارانہ طور پر خدمات بجا لاتے رہے۔
1990ء میں آپ نے فضل ٹریڈرز کے نام سے ایک کنسٹرکشن کمپنی بنائی۔ 2008ء میں آپ کو لطیف آباد، حیدرآباد میں واقع مسجد احمدیہ کا فرش تعمیر کروانے کی توفیق ملی۔
مرحوم کو اپنے خرچ پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے قافلہ کے ساتھ بعض افریقن ممالک کے دورے پر ہمراہ جانے کی سعادت نصیب ہوئی۔
2011ء میں آپ کینیڈا منتقل ہو گئے اور یہاں کی ایک مقامی جماعت میں بطور سیکرٹری وصیت کام کرتے رہے۔ کینیڈا میں آ کر آپ کینسر جیسی مہلک بیماری کا شکار ہو گئے۔ آپ نے بڑی ہمت اور جواں مردی سے بیماری کا مقابلہ کیا۔ مگر مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی۔ آپ اس موذی مرض سے جانبر نہ ہوسکے اور اپریل 2018ء میں انتقال کر گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ نیشول سیمیٹری، وان کینیڈا میں آسودہ خاک ہیں۔
مرحوم انتہائی نفیس اور نیک انسان تھے۔ خلافت کے شیدائی تھے۔ کینیڈا آنے کے بعد آپ کئی بار لندن یو کے جا کر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے فیضان ِ صحبت حاصل کرتے رہے۔ جماعتی فرائض کی ادائیگی میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین
؎ آسمان تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
سبزہ نو رستہ اس گھر کی نگہبانی کرے
(تقی احمد ۔ کینیڈا)