اَللّٰهُمَّ رَبَّ مُحَمَّدٍ، اِغْفِرْ لِيْ ذَنۡۢبِیْ وَأَذْهِبْ غَيْظَ قَلْبِيْ وَأَجِرْنِيْ مِنْ مُّضِلَّاتِ الْفِتَنِ
(عمل اليوم والليلة ،المؤلف احمد بن محمد بن إسحاق معروف بابن السُّنِّي بَابُ مَا يَقُوْلُ إِذَا غَضِبَ)
ترجمہ: اے اللہ! محمدﷺ کے رب! میرے گناہ بخش دے اور میرے دل کا غصہ دور کردے اور مجھے گمراہ کرنے والے فتنوں سے بچانا۔
یہ سید ومولیٰ، مقدس الانبیاء پیارے رسول حضرت محمد ﷺ کی غصہ اور طیش کے شر سے بچنے کی دعا ہے۔
حضرت سلیمان بن صرد رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں بیٹھا ہوا تھا اور (قریب ہی) دو آدمی آپس میں لڑرہے تھے کہ ایک شخص کا منہ سرخ ہو گیا اور گردن کی رگیں پھول گئیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مجھے ایک ایسا کلمہ معلوم ہے کہ اگر یہ شخص اسے پڑھ لے تو اس کا غصہ جاتا رہے گا۔ اگر یہ شخص پڑھ لے:
اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطَانِ الرَّجِیْمِ
یعنی میں پناہ مانگتا ہوں اللہ کی شیطان مردود سے
اس کلمہ سے اس کا غصہ جاتا رہے گا۔
(صحیح بخاری، كِتَابُ بَدْءِ الخَلْقِ بَابُ صِفَةِ إِبْلِيْسَ وَجُنُوْدِهٖ حدیث: 3282)
(مرسلہ: مریم رحمٰن)