• 28 اپریل, 2024

مرکزی سالانہ اطفال ریلی2021ء

مرکزی سالانہ اطفال ریلی2021ء
مجلس اطفال الاحمدیہ امریکہ

مجلس اطفال الاحمدیہ امریکہ کو محض اللہ تعالیٰ کے فضل سےمرکزی سالانہ اطفال ریلی مؤرخہ 28 اور 29 اگست 2021ء کوآن لائن منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ سالانہ اجتماع ملتوی ہونے کے باعث یہ مجلس اطفال الاحمدیہ امریکہ کے تحت منعقد ہونے والا سال کا سب سے بڑا پروگرام تھا۔ اطفال ریلی کے ناظم اعلیٰ، عالم زیب خان صاحب نائب مہتمم اطفال اور نائب ناظم اعلیٰ، عاصم احمد صاحب معاون مہتم اطفال مقرر ہوئے۔ علاوہ ازیں مجلس عاملہ اطفال الاحمدیہ امریکہ کے دس سے زائد ممبران پر مشتمل کمیٹی نے اس پروگرام کی منصوبہ بندی، تیاری اور اطفال کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے محنت اور تندہی سے کام کیا۔

اطفال ریلی کا آغاز مؤرخہ 28 اگست 2021ء بروز ہفتہ صبح بارہ بجے ہوا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز مکرم انور محمود خان صاحب سیکرٹری تحریک جدید جماعت احمدیہ امریکہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے ہوا جس کے بعد صدر اجلاس نے اطفال سے ’’قرب الہٰی کے حصول کے طریق‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ آنمکرم نے سورۃ لقمان کی آیات کی روشنی میں اطفال کو اللہ تعالیٰ سے ذاتی تعلق پیدا کرنے کی ترغیب دلائی۔ بعد ازاں سید عادل احمد صاحب مربی سلسلہ نے ’’اللہ تعالیٰ کی صفات‘‘ نور محمد صاحب نے ’’اسوہ حسنہ صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ رحمان ناصر صاحب نے ’’اسلامی تعلیمات کی روشنی میں صحتمند زندگی کے اصول‘‘ اور عاصم احمد صاحب نے ’’وقت کا دانشمندی سے استعمال‘‘ کے موضوعات پر اطفال سے خطاب کیا۔ اعظم اکرم صاحب مربی سلسلہ نے حضرت چوہدری ظفر اللہ خان صاحبؓ کی تصنیف ’’ایک عزیز کے نام خط‘‘ کے حوالے سے گزارشات پیش کیں۔ پہلے دن کے اختتام پر عثمان امبو صاحب نائب سیکرٹری رشتہ ناطہ جماعت امریکہ نے دس سال اور اس سے بڑے اطفال کے ساتھ ایک گفتگو بعنوان ’’دومخلص دوست‘‘ کا اہتمام کیا۔

اطفال ریلی کے دوسرے اور آخری دن کا آغاز مؤرخہ 29 اگست 2021ء بروز اتوار تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم ڈاکٹر بلال رانا صاحب سیکرٹری امور عامہ جماعت احمدیہ امریکہ نے ’’سوشل میڈیا کے صحیح استعمال‘‘ پر اطفال کو نصائح کیں۔ آنمکرم نے جدید سوشل میڈیا کے مضرات پر اطفال سے گفتگو کی۔ نیزان سے بچنے اور سوشل میڈیا کو مثبت رنگ میں استعمال کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ بعدہ مکرم محمد احمد چوہدری صاحب صدر جماعت احمدیہ سلیکون ویلی نے ’’تعلیمی نظام کو فتح کرنے‘‘ کے موضوع پر گفتگو کی جس میں اطفال کو ابتدائی عمر سے اسکول میں کامیابی حاصل کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ لیکچرز کے اختتام پر اطفال کے ساتھ سوال و جواب کا سلسلہ بھی جاری رہتا۔ اطفال ریلی کے دوران چار حصوں پر مشتمل ایک آن لائن کوئز مقابلہ کا بھی انعقاد کیا گیا تھا جس میں خطابات سے متعلق سوالات پوچھے گئے تھے۔

اطفال ریلی کے اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم و محترم صاحبزادہ ڈاکٹر مرزا مغفور احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ امریکہ نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم ڈاکٹر مدیل عبداللہ صاحب صدرمجلس خدام الاحمدیہ امریکہ نے وعده طفل دہرایا۔ منظوم کلام حضرت مصلح موعودؓ کے بعد سید رضا احمدمہتمم اطفال مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ نے اطفال ریلی کی رپورٹ پیش کی۔ نیز دوران سال مجلس اطفال الاحمدیہ امریکہ کے زیر اہتمام ہونے والے مختلف مقابلہ جات میں کامیابی حاصل کرنے والے اطفال کا اعلان کیا۔ ان مقابلہ جات میں شعبہ صحت جسمانی کے زیر اہتمام انفرادی ورزشی مقابلہ، شعبہ تربیت کے زیر اہتمام حضور انور ایدہ اللہ کے خطبات جمعہ پر مشتمل ہفتہ وار کوئز مقابلہ، نیز اطفال ریلی کے دوران ہونےوالا کوئز مقابلہ شامل ہے۔ رپورٹ کے بعد مکرم امیر صاحب امریکہ نے اطفال سے زندگی کی تمام مصروفیات پر اللہ تعالیٰ سے تعلق کو فوقیت دینے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے موضوع پر خطاب فرمایا۔ مختصر خطاب کے بعدسوال و جواب کی نشست ہوئی جو ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی۔ اطفال نے مکرم امیر صاحب سے مختلف موضوعات پر سوالات کئے جن میں سے بعض یہ ہیں:

تبلیغ کرنے کا سب سےبہترین طریقہ کیا ہے؟
اللہ تعالیٰ کو کیسے ہر وقت یاد رکھا جائے؟
اگلے جلسہ سالانہ امریکہ کا انعقاد کب ہوگا؟

اس نشست سے تمام اطفال، والدین اور تمام حاضرین علمی و روحانی طورپر بہت محظوظ ہوئے۔ اجلاس کے آخرمیں مکرم صدر صاحب مجلس نے تمام شاملین اور مقررین کا شکریہ اداکیا۔ جس کے بعد مکرم امیر صاحب نےاجتماعی دعا کے ساتھ اطفال ریلی کا اختتام کیا۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ ثُمَّ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ کہ مجلس اطفال الاحمدیہ امریکہ کو مرکزی اطفال ریلی منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ریلی میں تقریبا ً 700 کے قریب اطفال ملک بھر سےبذریعہ زوم شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ اطفال ریلی کے انعقاد میں معاون تمام خدام و اطفال اور مقررین کو جزائے خیر عطا کرے اور ان کو خدمت دین میں بڑھاتا چلاجائے۔ نیز اللہ تعالیٰ امریکہ کے اطفال کو خلافت احمدیہ سے ہمیشہ وابستہ رکھے اور مستقبل میں جماعت احمدیہ کا علمبردار بننے کی توفیق عطافرمائے۔ آمین

(رپورٹ : سید رضا احمد۔ مہتمم اطفال مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 ستمبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ