مؤرخہ 21 نومبر 2021ء بروز اتوار مجلس خدام الاحمدیہ رائن لنڈ فالس ریجن کے زیرِ انتظام ایک تربیتی سیمینار کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ ریجنل ناظم تربیت مکرم سید الیار احمد نے ریجنل قائد حزقیل مظفر صاحب سے مشاورت اور ان کی منظوری کے بعد پروگرام کو حتمی شکل دی۔ مکرم واصب احمد ریجنل نائب قائد، مکرم مظفر احمد طاہر، مکرم ظہیر احمد بٹر اور مکرم جواد احمد نے اس پروگرام کے سلسلہ میں خصوصی تعاون کیا۔
پروگرام کا دورانیہ دو گھنٹے کا تھا یعنی 12 بجے سے لیکر دوپہر دو بجے تک۔ ایجنڈا میں تلاوتِ قرآنِ کریم، اردو تقریر، مجلس سوال و جواب اور آخر میں شکریہ اور دعا شامل تھی۔ ریجنل قائد صاحب کی ہدایت پر ریجنل ناظم تربیت مکرم سید الیار احمد نے اس پروگرام کی میزبانی کے فرائض سرانجام دیئے۔ آپ نے سب سے پہلے سیمینار کا ایجنڈا بتایا۔ اس کے بعد مہمانانِ خصوصی کا تعارف کرایا۔جن میں خاکسار ریاض محمود باجوہ مربی سلسلہ (آنریری) جماعت احمدیہ وٹلش، مکرم ظفر اللہ اسلام مربی سلسلہ ٹریئر و لکسمبرگ شامل تھے۔
شیڈول کے مطابق بارہ بجے پروگرام کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم سے ہوا۔ مکرم مصباح الرحمان مجلس نوئے ویڈ نے سورة التغابن آیت 2 تا 5 کی نہایت خوش الحانی سے تلاوت کی اور ان آیات کا اردو ترجمہ بھی پیش کیا۔پروگرام کی صرف ایک ہی اردو تقریر تھی جو خاکسار نے کی جس کا موضوع تھا ’’تعلق بااللہ اور قبولیتِ دعا‘‘۔ 20 منٹ تھے تقریر کے لئے۔ قرآنِ کریم سے اس موضوع سے متعلقہ مواد کی روشنی میں نہایت اہم ارشاداتِ خداوندی شاملین کے سامنے پیش کیے گئے۔ حتی الامکان کوشش کی گئی کہ اس اہم موضوع پر ضروری باتوں سے خدام کو روشناس کرایا جاسکے۔ پروگرام کا دلچسپ مرحلہ تقریر کے بعد سوال و جواب کی صورت میں شروع ہوا جو دو بجے تک جاری رہا۔ دیگر دونوں مربیان کرام نے نہایت وضاحت اور آسان پیرائے میں خدام کے سوالات کے جوابات دیئے۔ زیادہ تر سوالات کا تعلق تعلق با اللہ، خلافت اور قبولیتِ دعا سے تھا۔ مکرم جاوید اقبال ناصر اور مکرم ظفر اللہ اسلام نے باری باری تمام سوالات کے مدلل اور مفصل جوابات سے نوازا۔ فجزاھم اللّٰہ احسن الجزاء۔
آخر میں ریجنل ناظم تربیت مکرم سید الیار احمد نے مربیان کرام اور دیگر خدام کا شکریہ ادا کیا کہ سب نے اپنی مصروفیات کے باوجود اسقدر وقت دیا اور سیمینار کی رونق بنے۔ مکرم ناظم صاحب تربیت کی درخواست پر خاکسار نے اختتامی دعا کرائی۔
یہ پروگرام ویبکس پر (آن لائن) کیا گیا۔ ریجن کی کل 17 مجالس میں سے سب کی نمائندگی ہوئی۔ مجموعی طور پر سیمینار میں خدام کی حاضری تقریباً 140 تھی۔ شامل خدام نے پروگرام کو تربیتی نقطہ نظر سے ایک مثبت قدم قرار دیا اور اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ ایسے مفید پروگرام منعقد ہوتے رہنے چاہئیں۔
(ریاض محمود باجوہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن جرمنی)