• 18 جولائی, 2025

دائمی مرکز احمدیت قادیان دارالامان میں 126 واں عظیم الشان جلسہ سالانہ کا انعقاد

دائمی مرکز احمدیت قادیان دارالامان میں 126 واں
عظیم الشان جلسہ سالانہ کا انعقاد

یہ جلسہ 24تا 26دسمبر 2021ء کو پوری شان و شوکت کے ساتھ قادیان دارالامان کے روحانی ماحول میں منعقد ہو کر اختتام پذیر ہوا۔ تیسرے دن آخری اجلاس میں حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ کا روح پرور خطاب خصوصی دعاؤں، ذکر الہٰی، انابت الی اللہ اور روحانی اخوت کے پر کیف مناظر اور خالص روحانی ماحول میں علمائ سلسلہ احمدیہ کی پر معارف اور عالمانہ تقاریر۔

سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مقدس ہاتھوں 1891ء جلسہ سالانہ قادیان کے روحانی اجتماع کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ اور ان روحانی اغراض و مقاصد کے پیش نظر جاری و ساری جلسہ سالانہ 126 ویں کا اجتماع احمدیت کے دائمی مرکز قادیان دارالامان میں اپنی سابقہ روایات کے مطابق ہنگامی حالات کے باوجود عام مقررہ تاریخوں سے ذرا پہلے حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ کی منظوری سے 24،25،26 / دسمبر 2021ء بروز جمعہ، ہفتہ، اتوار منعقد ہوا۔ مخصوص روحانی ماحول میں بہت محدود حاضری کے باوجود نہایت درجہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ۔

بستان احمد جلسہ گاہ کو بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ مختلف جگہوں پر تعلیمی و تربیتی عبارتوں پر مشتمل بینرز لگائے گئے تھے جو جلسہ گاہ کی خوبصورتی کو دوبالا کر رہے تھ ے۔ حاضرین جلسہ کے لئے فاصلہ کی مناسبت سے کرسیوں کا معقول انتظام تھا۔ کووڈ کے پیش نظر تمام تر احتیاطی تدابیر اور اقدامات کئے گئے تھے۔ بروقت طبی امدا کا معقول بندوبست تھا۔

24/ دسمبر 2021ء بروز جمعہ پہلا دن، پہلا اجلاس صبح دس بجے شروع ہوا۔

نمائندہ حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ مولانا محمد کریم الدین شاہد صاحب صدر، صدر انجمن احمدیہ قادیان نے اس اجلاس کی صدارت فرمائی۔

پہلے آپ فلینگ پوسٹ پر تشریف لائے اور لوائے احمدیت لہرایا۔ حاضرین جلسہ زیر لب ربنا تقبل منا انک انت السمیع العلیم کا ورد کرتے رہے۔ لوائے احمدیت جو اسلام کی سربلندی اور عظمت کی ایک یادگار انمول نشانی ہے فضا میں نہایت شان و شوکت سے لہرانے لگا۔ ساتھ ہی فلیگ پوسٹ کے چاروں کونوں میں چار خدام نے لوائے احمدیت کے پہرہ کی ذمہ داری سنبھال لی۔ نہایت باوقار رنگ میں لوائے احمدیت کی پاسبانی کے لئے مستعدی سے کھڑے ہو گئے۔ اسی درمیان فضائے جلسہ گاہ مختلف اسلامی نعروں سے فلک بوس صداؤں میں گونجنے لگی اور حاضرین جلسہ پورے جوش و خروش سے ان نعروں کا جواب دیتے رہے۔ کچھ مناظر صرف محسوس کئے جا سکتے ہیں، ضبط تحریر میں لانا دشوار ہے۔

محترم صدرِ اجلاس اسٹیج پر تشریف لائے اور کرسیٔ صدارت پر براجمان ہونے کے ساتھ ہی افتتاحی دعا سے باقاعدہ جلسہ سالانہ کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن مجید مع اردو ترجمہ بالترتیب طارق احمد لون صاحب اور جمال شریف صاحب سے ہوا۔ بعدہ صدرِ اجلاس نے خطاب فرمایا۔اپنے خطاب میں سب سے پہلے شاملین جلسہ سالانہ قادیان کو مبارک باد پیش کی۔ اپنے مختصر مگر جامع خطاب میں آپ نے ملفوظات حضرت مسیح موعود علیہ السلام میں سے بعض اہم اقتباسات جو بالخصوص جلسہ سالانہ کی برکات، فیوض، اغراض و مقاصد پر مشتمل تھے مؤثر انداز میں بیان فرمائے اور جلسہ سالانہ ہائے لندن میں شرکت کرنے والے بعض دانشوروں کے خیالات و افکار اور تاثرات بیان کئے۔ اس خطاب کے بعد ایک ترانہ مرشد احمد ڈار صاحب نے پانے گروپ کے ساتھ منظوم کلام حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ ’’حضرت سید ولدِ آدم صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ ترنم سے پیش کیا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر بعنوان ’’سیرت آنحضور ﷺ‘‘ (سربراہان ریاست کے لئے آنحضورﷺ کا اسوۂ حسنہ) مولانا محمد انعام غوری صاحب ناظر اعلیٰ و امیر مقامی قادیان کی ہوئی۔ دوسری تقریر بعنوان ’’سیرت صحابہؓ‘‘ (حضرت امام حسنؓ و حضرت میاں بشیر احمد صاحبؓ) یہ تقریر ڈاکٹر عبدالخالق خالد صا حب صدر مجلس انصار اللہ نے تحریر کی تھی جو محمد شریف صاحب کوثر استاد جامعہ احمدیہ قادیان نے پڑھ کر سنائی۔ اس کے بعد محترم صدرِ اجلاس نے جلسہ کے اختتام کا اعلان فرمایا۔

بمقام جلسہ گاہ نماز جمعہ اور نماز عصر ایک ساتھ جمع کر کے ادا کی گئیں

پہلا دن دوسرا اجلاس دوپہر دو بجے کے بعد شروع ہوا۔ یہ اجلاس جلال الدین صاحب نیر صدرِ مجلس تحریک جدید قادیان کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت قرآن مجید مع اردو ترجمہ بالترتیب مرشد احمد ڈار صاحب و سید کلیم الدین صاحب قاضیٔ سلسلہ اور نظم منظوم کلام حضرت مصلح موعود ؓ ’’نونہالان جماعت مجھے کچھ کہنا ہے‘‘ نصرٌ من اللہ صاحب نے خوش الحانی سے پیش کیا۔ اس کے بعد اس اجلاس کی پہلی تقریر بعنوان ’’ہستیٔ باری تعالیٰ قبولیت دعا کی روشنی میں‘‘ مولانا محمد کریم الدین شاہد صاحب صدر، صدر انجمن احمدیہ قادیان نے فرمایا۔ دوسری اور آخری تقریر اس اجلاس کی بعنوان ’’نئی نسل کی تربیت اور خلافت احمدیہ‘‘ طارق احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کی۔ اس کے ساتھ ہی دوسرا اجلاس ختم ہوا۔

25/ دسمبر 2021ء بروز ہفتہ دوسرا دن پہلا اجلاس، صبح دس بجے شروع ہوا۔

اس اجلاس کی صدارت محترم شیراز احمد ایڈیشنل ناظر اعلیٰ قادیان جنوبی ہند نے فرمائی۔

تلاوت قرآن مجید و مع اردو ترجمہ بالترتیب فاروق عظیم صاحب و محمد نصر غوری صاحب، اردو نظم منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام ’’نور فرقاں ہے جو سب نوروں سے اجلا نکلا‘‘ مکرم عبدالواسع نے ترنم سے پیش کیا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر بعنوان ’’سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام‘‘، ’’مالی قربانی کی اہمیت‘‘ (سیرت صحابہؓ آنحضرتﷺ و حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی روشنی میں) مکرم رفیق احمد بیگ ناظر بیت المال آمد قادیان کی ہوئی اس اجلاس کی تیسری اور آخری تقریر بعنوان ’’حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ کی مقبول دعاؤں کے ایمان فروز واقعات‘‘ مولانا محمد حمید کوثر ناظر دعوت الی اللہ مرکزیہ قادیان کی ہوئی۔ محترم صدرِ اجلاس کی اجازت سے اس سیشن کے اختتام کا اعلان ہوا۔

دوسرا دن دوسرا اجلاس دوپر دو بجے کے بعد شروع ہوا۔

اس اجلاس کی صدارت سید تنویر احمد صاحب صدر مجلس وقفِ نو قادیان نے فرمائی۔

تلاوت قرآن مجید مع اردو ترجمہ بالترتیب مکرم امیر احمد عباس و مکرم قمر الحق خان اور نظم منظوم پاکیزہ کلام سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام ’’ہمیں اس یار سے تقویٰ عطا ہے‘‘ ترنم سے مکرم رضوان احمد ناصر نے پیش کیا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر بعنوان ’’صداقت حضرت مسیح موعود علیہ السلام‘‘ (جماعت احمدیہ کی ترقیات حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی پیشگوئیوں کی روشنی میں) مولانا منیر احمد خادم صاحب ایڈیشنل ناظر اصلاح و ارشاد قادیان جنوبی ہند کی ہوئی۔

اس کے بعد سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطاب جو حضور انور نے برموقعہ جلسہ سالانہ جرمنی 2021ء پر فرمایا تھا بڑے سکرین پر سنایا اور دکھایا گیا۔ بعد محترم صدرِ اجلاس کی اجازت سے اس اجلاس کے اختتام کا اعلان ہوا۔

km5

26/دسمبر 2021ء بروز اتوار تیسرا دن پہلا اجلاس صبح دس بجے شروع ہوا۔

اس اجلاس کی صدارت محترم مولانا محمد حمید کوثر ایڈیشنل ناظر دعوت الی اللہ مرکزیہ قادیان نے فرمائی۔

تلاوت قرآن مجید اور اردو ترجمہ بالترتیب مکرم سیّار احمد ، مکرم مظہر احمد وسیم اور نظم منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام ’’کیوں عجب کرتے ہو گر میں آ گیا ہو کر مسیح‘‘ مکرم سعید احمد ملکانہ نے ترنم سے پیش کیا۔ بعدہ اس اجلاس کی پہلی تقریر بعنوان ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی تبشیری انذاری پیشگوئیاں‘‘ (موجودہ زمانہ کے حوالہ سے) محترم جاوید احمد لون ناظر دیوان قادیان۔ دوسری تقریر بعنوان ’’موجودہ ذرائع ابلاغ اور دعوت الی اللہ‘‘ محترم شیراز احمد ایڈیشنل ناظر اعلیٰ قادیان جنوبی ہند پر ہوئی۔ اس اجلاس کی تیسری اور آخری تقریر بعنوان کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام، خلفائے کرام اور جماعتی اخبارات و رسائل کے مطالعہ کی اہمیت پر محترم حافظ مخدوم شریف ناظر نشرو اشاعت قادیان نے کی۔ اس کے بعد صدرِ اجلاس کی اجازت سے یہ اجلاس ختم ہوا۔

تیسرا اور آخری دن اختتامی اجلاس دوپہر دو بجے کے بعد شروع ہوا۔

اس اجلاس کی صدارت محترم محمد انعام غوری ناظر اعلیٰ و امیر مقامی قادیان نے کی۔

تلاوت قرآن مجید اور اردو ترجمہ بالترتیب مکرم عمیر احمد ملک و مکرم تنویر احمد خادم

اس کے بعد ایک نظم منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام ’’حمد و ثنا اسی کوجو ذات جاودانی‘‘ خوش الحانی سے مکرم تنویر احمد ناصر نے سنائی۔ اس کے بعد محترم ناظر صاحب اعلیٰ و امیر مقامی قادیان نے اختتامی کلمات میں جلسہ سالانہ قادیان کے ہر لحاظ سے بابرکت ہونے پر اللہ تعالیٰ کے حضور جذبات تشکر کا اظہار کرتے ہوئے حضور انور کے جلسہ کے کی اجازت و منظوری پر دل سے شکریہ ادا کیا اور فرمایا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے ہر موقعہ پر چھوٹی سے چھوٹی باتوں کی بھی رہنمائی فرمائی جس کی وجہ سے یہ جلسہ باوجود نامساعد حالات کے ہر جہت سے کامیاب رہا۔ الحمدللہ۔ گو حاضری عام جلسوں سے بہت کم تھی پھر بھی M.T.A کی توسط سے عالمی جلسہ کی حیثیت اختیار کر گیا۔ پھر انتظامیہ سمیت شاملین جلسہ اور جلسہ کی کامیابی کے لئے کوشاں جملہ احمدی مخلصین و غیر از جماعت سرکاری و غیر سرکاری افسران جو کسی نہ کسی رنگ میں تعاون کیا شکریہ ادا کیا۔ صدرِ محترم کے اختتامی کلمات اور دعا کے ساتھ یہ جلسہ سالانہ قادیان اختتام کو پہنچا۔ بعدہ جلسہ گاہ میں حاضرین اپنی اپنی جگہ پر بیٹھے رہے تا M.T.A کے ذریعہ نشر ہونے والے پیارے امام کا جلسہ سالانہ کے لئے براہ راست خطاب سن سکیں۔ خطاب سے پہلے جلسہ گاہ مختصر حاضری کے باوجود بھرا ہوا تھا۔ کوئی کرسی خالی نہیں تھی۔ حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مسرور ہال لندن سٹیج پر رونق افروز ہوئے، لندن اور قادیان کی فضاء جلسہ گاہ اسلامی نعروں سے گونج اٹھی بڑا ہی پر کیف اور ر وحانیت سے بھرا جذباتی منظر تھا۔ قادیان جلسہ گاہ میں لگے نعروں کی گونج لندن کے جلسہ گاہ مسرور ہال میں سنائی دے رہی تھی۔ اور مسرور ہال لندن میں لگے نعروں کی گونج قادیان کے جلسہ گاہ میں سنائی دے رہی تھی دلکشن منظر تھا بعدہ تلاوت قرآن مجید مع اردو ترجمہ (سورۃ ال عمران آیات 20 تا 23 محمود احمد وردی صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد ایک نظم منظوم کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام ’’اسلام سے نہ بھاگو راہِ ہدیٰ یہی ہے‘‘ بڑے ترنم سے عمر شریف صاحب نے سنایا۔ اس کے بعد ہندوستان کے وقت کے مطابق چار بج کر پانچ منٹ پر حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا نہایت بصیرت افروز وجد آفریں خطاب ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہا۔ اس کے بعد آپ نے اختتامی دعا کروائی اور یہ اعلان بھی فرمایا کہ اس دفعہ قادیان جلسہ سالانہ کی حاضری دو ہزار ایک سو اڑسٹھ (2168) اور لندن مسرور ہال کی حاضری چھ ہزار (6000) سے زائد بتائی۔ کچھ دیر کے لئے آپ سٹیج پر ہی تشریف فرما رہے مختلف نظمیں، قصیدہ وغیرہ گروپس کی شکل میں اور انفرادی طور پر بھی پڑھے گئے۔ اس کے بعد پیارے آقا السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کہہ کر رخصت ہوئے۔

اللہ تعالی اس روحانی اجتماع کے دور رس نتائج مترتب فرمائے۔ اور قادیان و ایوان مسرور میں جسمانی طور پر اس جلسہ میں شمولیت کے علاوہ دنیا بھر میں ایم ٹی اے سے استفادہ کرنے والوں کو حضرت مسیح موعود کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین

(رپورٹ: علامہ محمد عمر تیماپوری ۔کوآرڈینیٹر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، انڈیا)

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطبہ جمعہ بیان فرمودہ 31؍دسمبر 2021ء

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 جنوری 2022