روحانی غذا الفضل کے بغیر ناشتہ مکمل نہیں ہوتا
- مکرمہ ثمرہ خالد ۔جرمنی سے تحریر کرتی ہیں:
خاکسار روزنامہ الفضل کی مستقل قاری ہے اور ناشتہ کے فوراً بعد الفضل کا مطالعہ خاکسار کے معمول میں شامل ہے۔ بلکہ اگر یوں کہا جائے کہ ناشتہ مکمل ہی اس روحانی غذا کے ساتھ ہوتا ہے تو غلط نہ ہوگا۔ یوں تو روزنامہ الفضل کے تمام مضامین ہی ازدیادِ علم و ایمان کا باعث ہوتے ہیں لیکن چند ایک مضامین و اداریے ذہن و دل پہ گہرے نقوش چھوڑ جاتے ہیں. جیسا کہ ’’ربوہ ،ربوہ ای اے‘‘، مورخہ 16 دسمبر کی اشاعت میں ’’خدا پر یقین ہونا ہی جنت ہے‘‘ اور مورخہ 4 دسمبر کی اشاعت میں ’’اللہ تعالیٰ سے کبھی بے وفائی نہ کرنا‘‘ وغیرہ وغیرہ ۔نیز مختلف عناوین کے تحت چھوٹے چھوٹے کالم بھی اخبار میں دلچسپی کا باعث ہیں جیسا کہ چھوٹی مگر سبق آموز بات۔
کچھ عرصہ قبل خاکسار کے ذہن میں بنی اسرائیل اور یہود سے متعلق کچھ سوالات تھے ۔مورخہ 18 مئی 2021ء کے شمارے میں مضمون ’’بنی اسرائیل اور یہود میں فرق‘‘ سے خاکسار کو مفصّل اور متشفی جوابات مل گئے۔ الحمد للہ۔ اس وقت مضمون پڑھ کر خاکسار کی یہ حالت تھی گویا بہت بڑا خزانہ مل گیا ہو۔ الحمد للہ۔
خاکسار آپ کو اور آپ کی ٹیم کو اس روحانی مائدہ کی تیاری کے لئے انتھک محنت پر دادوتحسین پیش کرتی ہے. اللہ تعالیٰ آپ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے اور روزنامہ الفضل کو مزید ترقیات سے نوازے۔ آمین ۔