انسانیت کی بھلائی اور خدمت اسلامی تعلیمات کا خاصہ اور طرہ امتیاز ہے۔ جماعت احمدیہ مسلمہ نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کے لیے صف اول میں رہنے کی کوشش کی ہے۔ خدمت انسانیت کے اس فلسفہ کو بیان کرتے ہوئے ہمارے پیارے آقا حضرت سیدنا خلیفہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:
محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں۔ یہ نعرہ ہم خاص طور پر غیروں کے سامنے پیش کرتے ہیں ۔ ۔ ۔ ہم یہ نعرہ بلند کرتے ہیں کہ ہم آپس میں نفرتوں کی دیواروں کو گرا کر پیار اور محبت سے رہتے ہیں اور رہنا چاہتے ہیں۔ پس اگر ہم کسی بھی قسم کی خدمت انسانیت کرتے ہیں، ہم اسلام کی تبلیغ کرتے ہیں تو یہ بھی اسی وجہ سے ہے کہ ہمیں دنیا کے ہر انسان سے محبت ہے اور ہم ہر ایک کے دل سے نفرتوں کے بیج ختم کر کے محبت اور پیار کے پودے لگانا چاہتے ہیں۔ یہ سب کیوں ہے؟ اس لئے کہ ہمیں ہمارے آقا و مطاع حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ سکھایا ہے ۔ ۔ ۔ ہمیں ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے کہ یہ نعرہ ایک ذریعہ ہے اس وسیع تر مقصد کے حصول کے لئے جس کی خاطر انسان کی پیدائش ہو ئی ہے ۔ ۔ ۔ اس زمانے میں ہم وہ خوش قسمت جماعت ہیں جنہیں حضرت مسیح وموعود علیہ السلام نے خدا تعالیٰ کی محبت کے حصول کے لئے، ہمدردیٔ خلق اور محبت کے اصول اپنانے کے لئے چنا ہے اور آپ نے ہمیں وہ اصول سکھائے اور تعلیم دی۔
(خطبات مسرور جلد12 صفحہ280-282)
جماعت احمدیہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور خلافت احمدیہ کے زیر سایہ دنیا کے ہر ملک میں خدمت انسانیت کے اسی سچے جذبہ سے سرشار ہے۔ اور انسانیت کی خدمت کرنے اور ان کے چہروں پر خوشی لانے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتی ہے۔ جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا کو ماہ دسمبر، جو کہ مغربی ممالک میں مختلف تہواروں کی وجہ سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کے دوران مختلف فلاحی اداروں میں جاکر ان کے ساتھ دوستی اور یکجہتی کا اظہار کرنے اور انہیں تحائف پیش کرنے کی توفیق ملی۔
بچوں کے لئے تحائف
8 دسمبر 2021 کو جماعت احمدیہ مالٹا نے ایک خیراتی ادارہ انجیلا ہاؤس کا دورہ کیا اور وہاں مقیم بچوں کے لئے کیک بطور تحفہ پیش کئے۔ یہ فلاحی ادارہ ایسے چھوٹے بچوں کو قیام و طعام اور تعلیمی سہولیات مہیا کرتا ہے جو اپنے خاندانی حالات کی وجہ سے مالی، اخلاقی اور تعلیمی امداد کے محتاج ہوتے ہیں۔ اسی طرح 10 دسمبر کو کینسر کے مریض بچوں کے لئے قائم ایک ادارہ رینبو وارڈ۔ پتینو کیئرز میں جانے اور بچوں کے لئے کیک کے تحائف پیش کرنے کا موقع ملا۔
بزرگوں کے لئے تحائف
مالٹا میں بزرگ افراد خصوصا grandparents کے لئے قائم ایک فلاحی تنظیم Nanniet Malta کو تہواروں کی مناسبت سے متعدد کیک پیش کرنے کی توفیق ملی تاکہ یہ کیک مستحق بزرگ افراد میں تقسیم کئے جاسکیں اور وہ بھی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔
منشیات سے نجات کے مراکز میں تحائف
جماعت احمدیہ مالٹا کو چرچ کے زیر انتظام قائم فلاحی ادارہ Caritas Malta کے زیر انتظام منشیات کے عادی نوجوانوں کے لئے بنائے گئے Therapeutic سینٹر کو وزٹ کرنے، وہاں لوگوں سے ملنے اور انہیں تحائف پیش کرنے کی توفیق ملی۔ اس دورہ کے بعد اس ادارہ کے کو آرڈینیٹر کے طرف سے ایک بہت ہی حوصلہ افزا پیغام موصول ہوا۔ انہوں نے لکھا: ’’سب سے پہلے میں آپ کے حسن سلوک کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ یہ ہمارے لیے بہت معنی رکھتا ہے اور یقینی طور پر ہمارے ادارہ کے رہائشیوں کو یہ جاننے اور محسوس کرنے میں مدد کرے گا کہ وہ واقعی قیمتی اور دیکھ بھال کے لائق ہیں۔ ہم نے آپ کے دورے سے خوب لطف اٹھایا اور آپ کی سخاوت کے لیے آپ کی جماعت کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کے تحائف ہمارے ادارہ میں مقیم افراد کوخوشی منانے میں بہت مدد کریں گے۔ میں اس بات کا ذکر کرنا نہیں بھول سکتا جو آپ کے بیٹے نے نوجوانوں سے کہا کہ اگر وہ اگلے فٹ بال میچ میں ہیٹ ٹرک کرے گا تو اسے ایک فٹ بال انعام میں ملے گا جسے وہ اس ادارہ کے نوجوانوں کو بطور تحفہ پیش کرے گا۔ ہم سب واقعی ایسی فیاض اور مہربان روح اور جذبے سے متاثر ہوئے ہیں۔‘‘
اسی طرح جماعت احمدیہ کو ایک اور بحالی مرکز Sedqa – Komunita Santa Marija کا دورہ کرنے کا بھی موقع ملااوراس حکومتی ادارہ کے بحالی پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے افراد میں تحائف تقسیم کئے گئے۔ اس ادارہ کے آپریشنز ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو کی طرف سے بھی پیغامات موصول ہوئے۔ انہوں نے لکھا: ’’سب سے پہلے ہم آپ کی جماعت کی طرف سے ایک اور نیک اقدام کے لیےنہایت مشکور ہیں۔ آپ کے دلی جذبات سے پیش کئے گئے عطیات یقینا بہت مدد گار ثابت ہوں گے اور رہائشیوں کے چہروں پر مسکراہٹ لائیں گےجو اس وقت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ آپ کے عطیات بہت خوش آئند ہیں۔ میں ان خیالات کے لیے بھی آپ کا شکریہ ادا کر تا ہوں جو آپ نے ہمارے رہائشیوں کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔ آپ نے صحیح معنوں میں سماجی شعبے کے بارے میں گہری بصیرت کا مظاہرہ کیا جس میں ہم اپنی خدمات فراہم کرتے ہیں۔ آپ کی عملی یکجہتی انتہائی قابل تعریف ہے۔‘‘
منشیات کے عادی لوگوں کے لئے قائم ان اداروں کے وزٹ کے دوران وہاں پر مقیم مرد وخواتین اور نوجوان لڑکے لڑکیوں سے ملنے اور ان کے ساتھ گفتگوکا بھی موقع ملا۔
مربی سلسلہ مالٹا نے اس دورے کامقصد اور اسلام احمدیہ کا تعارف پیش کیااور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں بعض راہنما اصول پیش کئے جن پر عمل کرکے وہ منشیات کی لت سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بیان کیا کہ سب سے اہم بات اللہ تعالیٰ کی ذات اوراس کے غفور ورحیم ہونے پر کامل یقین ہونابہت ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ زندگی کے اس تاریک دور کو روشنی میں بدلنے کے لئے مضبوط قوت ارادی اور عزم کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ قرآن کریم نے ہماری راہنمائی فرمائی ہے کہ ہم اچھے لوگوں کو دوست بنائیں، صحبت صالحین اختیار کریں۔ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے کہ۔ اے مومنو اللہ تعالیٰ کا تقویٰ اختیار کرو اور نیک، راست باز اور صادقوں کی صحبت اختیار کرو (9:119)۔ دوستوں کا انسان پر گہرا اثر ہوتا ہے۔ اس لئے جب ہم اچھے لوگوں کی صحبت اختیار کرتے ہیں تو ہماری توجہ ہمیشہ نیکی کی طرف رہتی ہے مگر برے لوگوں کی صحبت انسان کو برا بنادیتی ہے۔ اس لئے آئندہ آپ اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کے دوست اچھے ہوں تاکہ دوبارہ پھر اس عادت کا شکار نہ ہوں۔ اسی طرح مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا اور کمزوریوں کو نیک اعمال سے بدلنا بھی بہت ضروری ہے۔ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ۔ نیکیاں بدیوں کو دور کردیتی ہیں۔ سورہ ہود آیت 115۔ یہ ہمارے لئے ایک نہایت قابل عمل اور راہنما اصول ہے جس پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ اپنے آپ کو مثبت سوچ اور مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھیں تاکہ نشے کی لت سے جلد اور مکمل چھٹکارا حاصل ہو۔
تمام حاضرین ان اسلامی تعلیمات کو سن کر بے حد متاثر ہوئے اور انہوں نے اپنے تجربات بھی بتائے اور کہا کہ وہ اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لیے ان نکات پر ضرور غور کریں گے۔
ایک عورت نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ خدا کے بندے ہیں، آپ ایک عقلمند انسان ہیں، آپ کی باتیں عقل اور حکمت سے بھری ہوئی تھیں، آپ کے خیالات بہت گہرے تھے۔ میں آپ کی ان باتوں پر ضرورعمل کروں گی۔
یہ اتنا حوصلہ افزا اور تسلی بخش اظہار تھا کہ دل اللہ تعالیٰ کی حمدوثناء سے بھر گیا اور سارا وجود خداتعالیٰ کے اس فضل واحسان پر حمدوثناء اور شکر کے جذبات سے لبریز ہوگیا کہ اس نے ہمیں مسلمان بنایا، قرآن کریم جیسے کلام الہی سے ہماری راہنمائی فرمائی اور حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم جیسا رول ماڈل ہمیں عطا فرمایا۔ ذٰلِکَ فَضۡلُ اللّٰہِ یُؤۡتِیۡہِ مَنۡ یَّشَآءُ ؕ وَ اللّٰہُ ذُو الۡفَضۡلِ الۡعَظِیۡمِ
اصل حقیقت یہ ہے کہ ان مواقع پر جو بھی باتیں کرنے کی سعادت ملی وہ انہی دو بنیادی ذرائع یعنی قرآن و سنت سے ہی ماخوذ تھیں۔ لہٰذا یہ کلمات اور خراج تحسین قرآن کریم جیسی حکیمانہ کتاب مبین اور محمد مصطفیٰ ﷺ جیسے معلم اعظم اور اسوہ کامل جو زندگی کے ہر شعبے میں ہمارے رول ماڈل ہیں اور حقیقی معنوں میں خدا کے بندے ہیں، کو ہی زیبا ہے۔
دوران ماہ ان فلاحی اداروں کےوزٹ کے علاوہ جماعتی دوستوں کے ساتھ ملنے اور انہیں بھی تحائف پیش کرنے کی توفیق ملی۔ ان پروگراموں میں کل 420 کیک، 2 کافی مشینیں اور 30سے زائد Gift Hampers تقسیم کئے گئے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ
ان پروگراموں میں مکرم حمزہ نثار صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ مالٹا، مکرم جری اللہ خالد صاحب، مکرم حافظ وقاص احمد صاحب، مکرم حسن بشیر صاحب اور عزیزم نعمان عاطف صاحب واقف نونے خصوصی تعاون کیا۔ اللہ تعالیٰ سب خدمت کرنے والوں کو جزائے خیر و اجر عظیم سے نوازے۔ فَجَزَاہُمُ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآء فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ۔ آمین
(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت مالٹا)