- مکرمہ ثمرہ خالد ۔جرمنی سے لکھتی ہیں:
مؤرخہ 24 جنوری 2022ء کی اشاعت میں ’’معاشرہ جب اپنی اقدار کھو بیٹھتا ہے‘‘ بہت عمدہ تحریر ہے۔ جس میں پاکستانی معاشرے (نام نہاد اسلامی معاشرے) کی تلخ سیاہ کاریوں سے پردہ اٹھایا گیا اور آخر میں معاشرے کے امن واستحکام کا حل خلافت کے تعویذ کو پہننے میں دیا گیا ہے۔ خدا کرے کہ اُمتِ مسلمہ جلد ہوش کے ناخن لے اور خلافتِ احمدیہ کے سائے تلے آ کر اسلام کا بول بالا کرے۔آمین
مؤرخہ 22 جنوری کی اشاعت میں محترمہ امتہ الباری ناصر کی تحریر ’’ایک تھی بشرٰی‘‘ نے گھنٹوں اپنے حصار میں لئے رکھا۔ انہوں نے بشرٰی صاحبہ کی شخصیت اور معمولات کا اتنا خوبصورت نقشہ کھینچا کہ یوں لگا جیسے مرحومہ سے برسوں کی شناسائی ہو۔
خاکسار ادارہ الفضل کے توسط سے مکرمہ امتہ الباری کا شکریہ ادا کرتی ہے کہ انہوں نے ایک باکمال شخصیت کے محاسن اور حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کا تعزیتی مکتوب قارئین سے شیئر کیا۔ یہ مکتوب بلاشبہ ادب کا شاہکار،لفظوں کا بحرِ ذخار ہے جس کا ہر ہر لفظ سیپ میں موتیوں کی مانند ہے۔
ایسی تحریرات جن میں سعید روحوں کا ذکرِ خیر ہو،جہاں ایک طرف ہمیں اپنا جائزہ لینے کی تحریک دلاتیں تو دوسری طرف زندگی کو مثبت انداز میں گزارنے کے گُر سکھاتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو غریقِ رحمت کرے اور اپنے قُربِ جوار میں جگہ عطا فرمائے۔آمین۔
- مکرمہ سعدیہ تسنیم سحر ۔جرمنی سے لکھتی ہیں :
آج کے الفضل میں مضمون ’’ایک تھی بشری‘‘ پڑھ کر دل ایساگداز ہوا کہ کچھ نہ پوچھیئے۔ رو رو کر پڑھا اور پڑھ پڑھ کر روئی ۔ابھی پرنٹ نکال کر محفوظ کر لیا ۔ان باتوں میں سے چھلکتی اس للہی دوستی پر بہت رشک آیا۔ دل چاہا کہ اس دوستی کی تکون میں، میں بھی ہوتی ۔ان کی دعائیں پڑھ کر لگا کہ یہ تو وہ دعائیں ہیں جو میرے دل سے نکلتی ہیں ۔ یہ وہ سرگوشیاں ہیں جو اٹھتے ،چلتے پھرتے دل سے دل میں سفر کرتی ہیں لیکن کبھی الفاظ کا جامہ نہ پہنا سکیں۔
- مکرم اے آر بھٹی لکھتے ہیں:
خدا کا شکر ہے کہ الفضل آن لائن پڑھنے کو مل رہا ہے۔ جس میں فقہی مسائل کے علاوہ اور بہت کچھ پڑھنے کو ملتا ہے۔ خدا کرے یہ سلسلہ جاری رہے آمین۔ جماعتی ایکٹیوٹیز سے بھی آگاہی رہتی ہے اور علمی مضامین تو نالج میں بے بہا اضافہ کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام لکھنے والوں کو جزائے خیر عطا فرمائے آمین۔جس محنت اور کوشش سے تمام ٹیم کے کارکنان الفضل آن لائن سب تک پہنچا رہے ہیں۔ خداتعالیٰ انہیں بھی بہترین اجر عطا فرمائے ۔آمین ۔