• 29 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ سُرینام کی مساعی

خدا تعالیٰ کے فضل و احسان کے ساتھ مورخہ 19؍فروری کو جماعت سُرینام کو بھی جلسہ یوم مصلح موعود ؓ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فروری کے وسط میں حکومت کی طرف سے کووڈ19 کے سلسلہ میں عائد پابندیوں میں نرمی کے اعلان کے بعد اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ پیشگوئی مصلح موعود پہلا جماعتی پروگرام ہے جو دوسال کے وقفے کے بعد مسجد ناصر میں اپنی پوری شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوا۔احباب جماعت بہت ذوق شوق کے ساتھ اس پروگرام میں شامل ہوئے، اور ان کی خوشی دیدنی تھی۔ حاضرین کوماسک کی پابندی اور سماجی فاصلے کے ساتھ بٹھایا گیا۔

نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد اس جلسے کی کاروائی کا آغاز مکرم شمشیر علی صاحب صدر جماعت کی صدارت میں ہوا۔ عزیزم محمد صہیب اسد نے سُوْرَۃُ حٰمٓ السَّجْدَۃِ کی آیات 31تا 34کی تلاوت کی اور ان آیات کا ڈچ ترجمہ پڑھ کر سنایا۔ جس کے بعد حارث احمد مظفر نے منظوم کلام ترنم کے ساتھ پیش کیا۔ جلسے کی پہلی تقریر عزیزم جنید اسلم نے ’’حضرت مصلح موعودؓ کے ذوق عبادت‘‘ کے حوالے سے کی۔ جس میں موصوف نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی محبت الٰہی کے حصول، اور غلبہ اسلام کے لئے کی جانے والی دعاؤں کےایمان افروز واقعات پیش کیے۔

محترم شمشیر علی صاحب نے حضرت مصلح موعود ؓ کی زندگی کے اہم واقعات کا خاکہ پیش کیا، تبلیغ اسلام اور اشاعت قرآن کے حوالے سے آپ کی شبانہ روز کوششوں کا تذکرہ کیا۔

خا کسار نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ارشادات کی روشنی میں افراد جماعت کی ذمہ داریاں بیان کیں۔ اور احباب جماعت کو توجہ دلائی کہ وہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کے مشن کو آگے بڑھانے اور کامیاب بنانے کے لیے اپنا حصّہ ڈالیں اور نمازوں، دعاؤں، مال اور وقت کی قربانی کے ساتھ اس مقدس مشن کی ترقی کے لیے ہر وقت خلیفہ وقت کے سلطان نصیر بننے کی کوشش کریں۔

اس جلسہ میں 80افراد جماعت شامل ہوئے، اور سب نے نہایت خاموشی اور تحمل کے ساتھ پروگرام سے استفادہ کیا۔ اختتامی دعا کے بعد حاضرین کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا، لجنہ اماء اللہ کی ٹیم کو کھانا تیار کرنے کی توفیق ملی۔ فجزاہم اللّٰہ احسن الجزاء

مورخہ3؍فروری کو ایوان صدر میں ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں تمام مذاہب کے نمائندوں کو شمولیت کی دعوت دی گئی۔ جماعت کا تین رکنی وفد اس تقریب میں شامل ہوا۔ جہاں ہمیں صدر مملکت سے ملاقات اور گفتگو کا موقعہ ملا۔ 18؍فروری 2022ء صدر کے چیف پروٹوکول آفیسر کی طرف سے اس تقریب میں شرکت کےلئے اظہار تشکر کا خط موصول ہوا۔

روس اور یوکرائن کی جنگ کے حوالے سے امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات پر مشتمل جوپریس ریلیز 24؍فروری 2022ء جاری کیا گیا، فوری طور پر اس کا ڈچ ترجمہ کرکے ملک کی معروف نیوز ویب سائٹ (StarNieuws) ’’سٹار نیوز‘‘ کو بجھوایا گیا، جو 25؍ فروری کی صبح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کی تصویر کے ساتھ شائع ہوا۔ تین لاکھ سے زائد لوگ اس ویب سائٹ سے استفادہ کرتے ہیں۔ ہالینڈ اور سرینام کی چار نیوز ویب سائٹس نے اس خبر کو اپنے مرکزی صفحے پر شیئر کیا۔

سٹار نیوز کے فیس بک پیج پر بیسیوں افراد نے اس پر مثبت تبصرے کئے۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی رخ روشن کے حوالے سے ’’سیناسنتھیاگنگا دیال‘‘ نامی ایک صارف نے لکھا:

Ik heb totaal niks te doen met deze man maar altijd als ik hem zie komt hij zo indrukwekkend over bij mij.goed bedoeld.

’’میرا اِس آدمی سے قطعاً کوئی تعلق نہیں ہے لیکن جب بھی میں اسے دیکھتی ہوں وہ مجھے بہت متاثر کن شخصیت اور پاکیزہ خیالات والا لگتا ہے۔‘‘

جمعۃ المبارک 25؍فروری کو حضورِانورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دنیا کے موجودہ خطرناک حالات کے متعلق جو تنبیہ فرمائی اور دعا کی تحریک کی،ان ارشادات کا ڈچ ترجمہ بشمول پریس ریلیز ملک کی دوسری معروف ویب سائٹ (GFC Nieuws) ’’جی ایف سی نیوز‘‘ کو بجھوایا۔ جو 26؍فروری کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تصویر کے ساتھ شائع ہوا۔ اس نیوز ویب سائٹ کے قارئین کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔ تین اور نیوز ویب سائٹس نے اس خبر کو اپنے مرکزی صفحے پر شیئر کیا۔ یوں دو دن کے اندر عافیت کے حصار امام آخرالزّمان علیہ الصلوٰۃ والسلام کے جانشین اور خلیفہ ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادت سُرینام کےعوام الناس تک پہنچے۔

قارئین الفضل کی خدمت میں جماعت سُرینام کے نفوس و اموال میں برکت کے لئے دعا کی درخواست ہے۔

(رپورٹ: لئیق احمد مشتاق۔ مبلغ سلسلہ سُرینام، جنوبی امریکہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 اپریل 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ