• 29 اپریل, 2024

ایڈیٹر کے نام خطوط

  • مکرم شیخ ریاض محمود۔ کینیڈا سے لکھتے ہیں۔

ماشاءاللّٰہ! الفضل کے باقاعدہ شمارہ ملنے سے لگتا ہے میں ابھی پاکستان میں ہی ہوں جو دلی تسکین کا باعث ہے۔

خاکسار ایک تجویز دینا چاہتا ہے کہ اخبار کے اندرونی صفحات پر کچھ حصہ بچوں اور مستورات کے لئے مختص ہوجائے جس میں دلچسپ انداز میں چھوٹے چھوٹے مختصر مضامین دے دیئے جائیں۔ اس کے لئے رائے ہے کہ حضرت اماں جانؓ، حضرت نواب مبارکہ بیگمؓ، حضر ت چھوٹی آپا و دیگر بزرگوں کے تربیتی واقعات کی صورت میں مضامین ہوں، ہاں آغاز حضرت عائشہ صدیقہ ؓسے کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح آپ کو بہت اچھا مواد میسر آجائے گا۔ دلچسپی میں اضافہ کا بھی باعث ہوگا اور تربیت کا ذریعہ بھی۔ اللہ تعالیٰ الفضل کو اس شاندار قلمی جہاد میں شاندار کامیابیاں عطا فرمائے، آمین۔

نوٹ از ایڈیٹر:۔ تجویز بہت اچھی ہے۔ اس پر ممبرات لجنہ کو سامنے آنا چاہئے اور تربیت اور اصلاح پر چھوٹے چھوٹے آرٹیکلز ’’لجنہ کارنر‘‘ کے تحت بھجوائیں۔ خاکسار نے گو مسز امة السلام صدر لجنہ کینیڈا سے اس حوالہ سے تعاون کی درخواست کی ہے۔ تاہم اس تعلق میں دعوت عام ہے۔ نیز احمدی بچیوں (ناصرات) کی تعلیم و تربیت کے لئے ’’ناصرات کارنر‘‘ کے تحت الگ سے معلوماتی و تربیتی مضامین کا انتظار رہے گا۔

  • مکرمہ امتہ القیوم انجم۔ کیلگری کینیڈا سے لکھتی ہیں۔

الفضل مورخہ 26 اپریل 2022ء کے شمارے میں آپ نے مادی عطر اور روحانی خوشبو کو اچھوتے اور دلکش انداز میں پیش کر کے سوچ کے نئے زاویے کھول دئیے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے آج باغ احمد ؑ کے پانچویں خلیفہ اور روحانی باغبان کی قیادت میں جماعت احمدیہ کا حسین چمن پوری آب و تاب کے ساتھ لہلہا رہا ہے، ماشاء اللّٰہ۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ايده الله تعالىٰ بنصره العزيز MTA کے ذریعے ہر جمعہ کے روز اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَةُ اللّٰہِ کا تحفہ دیتے ہیں۔ جس کے جواب میں شش جہات سے خلوص و محبت میں ڈوبی ہوئی وَعَلَیْکُمْ السَّلَامُ وَرَحْمَةُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ کی سلامتی کی صدائیں دنیا کے ہر خطے کی فضاؤں کو امن و سلامتی کے پیغام سے معطر کر دیتی ہیں۔ خدا کرے کہ اس باغ میں کھلنے والا ہر پھول قرآنی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنی مہک سے گلستاں کی رونق بنا رہے اور یہ سلسلہ تاقیامت جاری رہے، آمین۔

  • مکرم اے آر بھٹی لکھتے ہیں۔

روزنامہ الفضل آن لائن زیر نظر ہے اور اس میں دوسرے مضامین کے علاوہ عید کے بارہ سیر حاصل معلومات دستیاب ہے۔ خاکسار اس پر آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ میں الفضل کے حوالے سے صرف اتنا کہوں گا کہ تمام مضامین بہت عمدہ اور معلوماتی ہوتے ہیں۔ خداتعالیٰ اور رسول کریم ؐ کے ارشادات ہمارے لئے بہترین رہنما ہیں۔ حضرت سلطان القلم ؑ اور پیارے امام ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات ہمارے لئے بہترین مشعل راہ ہیں۔ خدا تعالیٰ آپ سب کی کاوشوں میں بر کت ڈالے اور انہیں کامیاب کرے، آمین۔ عید کے حوالے سے چند اشعار پیش خدمت ہیں۔

میرے مسرور کو میری طرف سے عید مبارک جا کہنا
خدا کی تائید رہے ہمیشہ میرے پیارے سے جا کہنا
بھٹی تو ناچیز ہے مگر ان سے کرتا ہے محبت
چاند ستارے ہیں گواہ میرے حضور کو جاکہنا

  • مکرمہ خالدہ نزہت۔ آسٹریلیا سے لکھتی ہیں۔

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بہت اچھے اچھے مضامین پڑھنے کو ملے۔ ماشاء اللّٰہ! رمضان المبارک کے حوالے سے چھپنے والی تمام نظمیں بھی بہت عمدہ تھیں۔ اور آپ کے اداریے کے بارے میں تو کیا کہیں، ہر روز کا اداریہ پہلے سے خوب تر ہوتا ہے۔ سادہ اور آسان پیرائے میں بیان کی جانے والی باتیں دل کو چھو جاتی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ عید الفطر کے بارے میں بھی مضامین بھی عمدہ تھے۔ نیا مضمون ’’دعا ربوبیت اور عبودیت‘‘ بہت پسند آیا۔ غرض الفضل کے روحانی مائدہ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ ہم سب آپ کی ٹیم کے بہت شکر گزار ہیں اللہ تعالیٰ آپ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے، آمین۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ