• 28 اپریل, 2024

لٹویا میں جلسہ یوم مصلح موعودؓ

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ لٹویا کو 20 فروری 2022ء کو لٹویا کے دارالحکومت ریگا (Riga) میں واقع مشن ہاؤس میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ جلسہ صبح 10 بجے خاکسار (بشارت احمد شاہد مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت لٹویا) کی زیر صدارت شروع ہوا۔

مکرم توقیر احمد صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم جماعت لٹویا نے تلاوت قرآن کریم اور اس کا اُردو ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم خاقان احمد صائم صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ جماعت لٹویا نے نظم ’’اے فضل عمر تیرے اوصاف کریمانہ‘‘ کے چند اشعار خوش الحانی سے پڑھ کرسنائے۔ اس کے بعد ایک حدیث نبویﷺ پیش کی گئی۔ بعدہٗ مکرم عطاء الصبور خان صاحب جنرل سیکرٹری جماعت لٹویا نے پیشگوئی مصلح موعود کے الفاظ پڑھ کر سنائے۔ اس کے بعد 4تقاریر پیش کی گئیں۔

پہلی تقریر مکرم محسن سلطان صاحب نے کی۔ آپ کی تقریر کا عنوان تھا ’’پیشگوئی مصلح موعود کی جزئیات‘‘۔ اس کے بعد ’’حضرت مصلح موعودؓ کی قبولیّت دعا کے واقعات‘‘ کے موضوع پر مکرم فضل عمر شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری مال جماعت لٹویا نے تقریر کی۔ آج کے اجلاس کی تیسری تقریر مکرم مرغوب احمد صاحب نیشنل سیکرٹری وصایا جماعت لٹویا کی تھی جس کا موضوع تھا ’’حضرت مصلح موعودؓ کے مبارک دور میں خلافت حقّہ اسلامیہ کا استحکام‘‘۔ آج کے اجلاس کی اختتامی تقریر خاکسار کی تھی۔ جس میں خاکسار نے حاضرین سے عرض کیا کہ اگر مخالفین احمدیت ذراانصاف سے کام لیں اور غور کریں تو پیشگوئی مصلح موعود ایک ایسی عظیم الشّان پیشگوئی ہے جو ایک طرف تو خداتعالیٰ کی ہستی کا زندہ جاوید ثبوت ہے تو دوسری طرف اصدق الصادقین حضرت محمد مصطفٰی ﷺ کی صداقت پر بھی مہر تصدیق ثبت کرتی ہے۔ اور پھر حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السّلام اور احمدیت کی سچائی کاایک بہت بڑا نشان ہے۔ اسی ایک پیشگوئی پر غور کرکے وہ احمدیت یعنی حقیقی اسلام کی سچائی کے قائل ہوسکتے ہیں۔

دعا کے ساتھ تقریبا ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والے اس مبارک جلسہ کا اختتام ہوا۔ جلسہ کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ لٹویا کو بے شمار ترقیات سے نوازتا چلاجائے۔

(رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن لٹویا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ