• 29 اپریل, 2024

صحت سیمینار۔ مجلس انصار اللہ ناروے

اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ مجلس انصار اللہ ناروے کو مؤرخہ 6 فروری 2022ء کومسجد بیت النصر کے مسرور ہال میں بعد از نماز ظہر وعصر صحت سیمینار کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اس پروگرام میں انصار نے بھر پور شرکت کی۔یہ پروگرام تمام انصار کے استفادہ کے لئے براہ راست ڈیجیٹل طور سے بھی ناروے کی تمام مجالس میں نشر کیا گیا۔

اس مرتبہ صحت سیمینار کا موضوع ایک عام مرض ہائی بلڈ پریشر کے بارہ میں معلومات فراہم کرنا تھا۔ سب سے پہلے مکرم ڈاکٹر صفدر ملک صاحب جو احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن ناروے کے صدر بھی ہیں، نے ایک پاور پوانٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ بلڈ پریشر کے بارہ میں نہایت وضاحت کیساتھ احباب کو ضروری معلومات دیں۔ اسکی وجوہات، اس سے بچاؤ کے طریق اور علاج پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی بلڈ پریشر ایک ’’silent killer‘‘ ہے اور اکثر ابتدا میں اس کی کوئی علامات نہیں ہوتیں۔ اور جب علامات ظاہر ہوتی ہیں تو بعض اوقات دیر ہو چکی ہوتی ہے اور دل، دماغ اور گردوں پر اثر ہو چکا ہوتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انصار کی عمر تک پہنچنے کے بعد ہر ناصر کو کم از کم سال میں دو دفعہ اپنے ڈاکٹر کے پاس جا کر بلڈ پریشر چیک کروانا چاہئے۔ آپ کا بلڈ پریشر آرام کی حالت میں 140/90 mmHg سے بہرحال زیادہ نہیں ہونا چاہئے۔ مارکیٹ میں ملنے والے اچھے الیکٹرانک آلات سے آپ خود بھی اپنا بلڈ پریشر چیک کرسکتے ہیں۔ آخر پر حاضرین کو سوالات کا موقع بھی دیا گیا جن کے جوابات ڈاکٹر صفدر صاحب (General Practitioner) اور ڈاکڑ احمد رضوان صادق صاحب (Pulmonary Consultant) نے دیئے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کسی کو ہائی بلڈ پریشر ہے تو اس کو اپنے ڈاکٹر کے مشورہ سے باقاعدگی سے اس کی دوائی لینی چاہیئے۔ اور بلڈ پریشر چیک کرواتے رہنا چاہیئے کہ وہ کنٹرول میں ہے یا نہیں۔ دوائی کو چھوڑ چھوڑ کر کھانے سے نقصان کا خدشہ ہوتا ہے۔ اسی طرح اپنا لائف سٹائل کو بھی بہتر بنانا ضروری ہے۔ بھوک لگے تو کھائیں اور تھوڑی بھوک ابھی باقی ہو تو کھانا بس کردیں۔ کھانے کی احتیاط کے ساتھ ساتھ ہر روز کم از کم آدھ گھنٹہ ورزش کریں، اپنا وزن بڑھنے نہ دیں، خاص طور پر اپنے پیٹ کو ہر گز بڑھنے نہ دیں۔ نمک کا استعمال کم کریں۔ کولسٹرول کی زیادتی کی صورت میں اسکی دوائی بھی ڈاکٹر کے مشورہ سے لینی چاہیئے۔ وٹامن ڈی کے سوال کے جواب میں ڈاکٹر صاحب نے تلقین کی کہ چونکہ سردیوں میں یورپ اور خاص طور پر ناروے میں دھوپ بہت کم ہوتی ہے اور اگر ہو بھی لوگ اس میں کم ہی بیٹھتے ہیں اس لئے یہ ضروری ہے کہ ایسی غذاؤں مثلاً مچھلی، انڈا، وغیرہ کا استعمال کیا جائے جس میں وٹامن ڈی ہو یا پھر وٹامن ڈی کی گولیاں استعمال کرنی چاہئیں۔ وٹامن ڈی سارے جسم کے لئے نہایت ضروری ہے اور اسکی کمی سے صحت کے بہت سے مسائل ہوسکتے ہیں۔ گرمیوں میں اگر آپ صبح کی دھوپ میں بیٹھ رہے ہیں تو وٹامن ڈی کی گولیاں کچھ عرصہ چھوڑ سکتے ہیں۔ دعا سے یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ پروگرام کے آخر میں تمام احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام احباب نے بہت پسند کیا۔ اس طرح یہ پروگرام نہایت کامیاب رہا۔

(رپورٹ: رانا مبشر محمود۔ قائد عمومی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ