• 11 جولائی, 2025

دعا کا تحفہ

نوٹ از ایڈیٹر۔مؤقر اخبار الفضل آن لائن کی مستقل قاری، مضمون نویس اور تبصرہ نگار مکرمہ مریم رحمان لائق تحسین ہیں۔ جنہوں نے مسلسل جدو جہد اور محنت شاقہ سے گزشتہ دو سال ’’آج کی دعا‘‘ کے عنوان سے ادعیۃ القرآن، آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم و حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کی صورت میں قارئین الفضل کے لئے روحانی مائدہ پیش کرنے کی سعادت پائی۔ بَارَکَ اللّٰہُ لَھَا۔ فَجَزَاہَا اللّٰہُ خَیْرًا

’’آج کی دعا‘‘ کو قارئین کی طرف سے خوب پذیرائی ملی اور انسٹا گرام، ٹوئٹرپر ٹاپ ٹرینڈ بھی رہا۔ اب موصوفہ ان دعاؤں کو کتابی شکل دینے جا رہی ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی سعی کو مبارک کرے۔ آمین

چونکہ ایک مومن بالخصوص ایک احمدی مومن ہر لمحہ دعاؤں کا محتاج رہتا ہے۔ اس لئے اس عنوان کے متبادل ادارہ الفضل قارئین کے لئے ’’دعا کا تحفہ‘‘ کے عنوان سے ادعیۃ القرآن سے دعاؤں کا آغاز کرنے جا رہا ہے۔ اس کے بعد آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی مقبول دعائیں اور پھر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعائیں اس میں شامل کی جائیں گی۔ یہ روحانی مائدہ ہم علامہ ایچ ایم طارق کی اجازت سے ان کی معروف کتاب بعنوان ’’خزینۃ الدعا‘‘ سے لے رہے ہیں۔ جن کو ہماری ٹیم کی ایک اور مستعد، محنتی معاونہ مکرمہ عائشہ چوہدری، جرمنی سے پیش کرنے جا رہی ہیں۔ کَانَ اللّٰہُ مَعَہَا وَ اَیَّدَہَا۔

اللہ تعالی مکرم علامہ ایچ ایم طارق کو بھی جزائے خیر عطا فرمائے جنہوں نے بہت سی مقبول دعاؤں کا خزانہ عوام الناس کے لئے جمع کر کے صدقہ جاریہ، جاری فرمایا۔ فَجَزَاہُ اللّٰہُ خَیْرًا۔ اللہ تعالیٰ الفضل کے جملہ قارئین کو اس نئے فیچر سے استفادہ کی توفیق دے اور ان کے اور ان کی اولادوں کے حق میں یہ جملہ دعائیں قبول فرما تا رہے۔آمین ثمّ آمین

نہایت کامل اور جامع دعا

الفاتحہ

سورۃ الفاتحہ کو رسول کریم ﷺ نے افضل القرآن قرار دیا۔ (مستدرک حاکم)

نبی کریم ﷺ کو بذریعہ وحی یہ اطلاع دی گئی کہ ایک کامل دعا جو اس سے پہلے کسی نبی کو عطا نہیں کی گئی وہ فاتحہ اور سورۃ البقرہ کی آخری آیات ہیں۔ جو بھی ان دعاؤں کے ذریعہ خدا سے مانگتا ہے اس کی دعا قبول کی جاتی ہے۔ (صحیح مسلم)

حدیث قدسی ہے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ میں نے نماز کو اپنے اور بندے کے درمیان تقسیم کر دیا ہے اور میرے بندے کو وہ کچھ ضرور ملے گا جو اس دعا میں اس کے لئے مانگا گیا ہے۔ (صحیح مسلم)

بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ ﴿۱﴾
اَلۡحَمۡدُ لِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ ۙ﴿۲﴾الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ ۙ﴿۳﴾ مٰلِکِ یَوۡمِ الدِّیۡنِ ؕ﴿۴﴾اِیَّاکَ نَعۡبُدُ وَاِیَّاکَ نَسۡتَعِیۡنُ ؕ﴿۵﴾
اِہۡدِنَاالصِّرَاطَ الۡمُسۡتَقِیۡمَ ۙ﴿۶﴾صِرَاطَ الَّذِیۡنَ اَنۡعَمۡتَ عَلَیۡہِمۡ ۬ۙ
غَیۡرِ الۡمَغۡضُوۡبِ عَلَیۡہِمۡ وَلَا الضَّآلِّیۡنَ ٪﴿۷﴾

ترجمہ: میں اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا اور بار بار رحم کرنے والا ہے۔ پڑھتا ہوں۔ ہر قسم کی تعریف کا اللہ (ہی) مستحق ہے (جو) تمام جہانوں کا رب (ہے) جو بے حد مہربان اور بار بار رحم کرنے والا ہے اور جزاء سزا کے دن کا مالک ہے۔ اے خدا! ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تجھ سے ہی مدد مانگتے ہیں۔ ہمیں سیدھے راستے پر چلا۔ ان لوگوں کے راستے پر جن پر تو نے انعام کیا ہے۔ جن پر نہ تو (بعد میں تیرا) غضب نازل ہوا (ہے) اور نہ وہ (بعد میں) گمراہ (ہو گئے) ہیں۔

(قرآنی دعائیں ازخزینۃ الدعا مرتبہ علامہ ایچ ایم طارق ایڈیشن2014ء صفحہ4)

(مرسلہ: عائشہ چوہدری۔جرمنی)

پچھلا پڑھیں

جب صحیفے نشر کئے جائیں گے

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 مئی 2022