• 11 جولائی, 2025

اسلام کی نشاۃ ثانیہ میں خلافت خامسہ کاعظیم الشان کردار (قسط 2)

جماعت احمدیہ کے ذریعہ
اسلام کی نشاۃ ثانیہ میں خلافت خامسہ کاعظیم الشان کردار
قسط 2

اشاعت دین کی تیسری شاخ
آمد مہمانان اور ملاقاتیں
(پچھلی قسط سے جاری ہے)

تجدید مکان حضرت خلیفہ المسیح الاولؓ

حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ کے اس مکان کے رہائش والے حصہ کی رینوویشن کی گئی ہے۔ اس کے ایک ہال میں نظارت نشر واشاعت کے تحت شائع ہونے والی کتب کی نمائش لگائی گئی ہے جب کہ دوسرے ہال میں ہستی باری تعالی کے موضوع پر نمائش لگانے کی تیاری کی جارہی ہے۔ اس مکان کی رینوویشن 2021ء میں پایہ تکمیل کو پہنچی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

تعمیر دفاتر صدرانجمن احمد یہ قادیان

دار المسیح کے سامنے تعلیم الاسلام ہائی اسکول اور مدرسہ احمد یہ کی پرانی عمارت کےخستہ حصہ کی تعمیر نو اور باقی کورینوویٹ کر کے خوبصورت عمارت کی شکل دی گئی۔ یہ تمام کام 2015 میں مکمل ہوئے۔ اس طرح قادیان کے دفاتر صدر انجمن احمدیہ، دفاتر تحریک جدید ووقف جدید کا انتظام بہت بہتر ہو گیا ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

2016 میں دارالمسیح کے سامنے دفتر نظارت امور عامہ و خارجہ کی تعمیر ہوئی دفتر نظامت تعمیرات کی بھی نئی تعمیر ہوئی ہے۔جامعہ احمدیہ کے قریب دفتر نشر واشاعت کی وسیع و عریض عمارت ’’البلاغ‘‘ کے نام سے الگ تعمیر کی گئی ہے۔جس کے گراؤنڈ فلور میں دفتر نشر واشاعت اور شعبہ سمعی بصری کے اور ایک گودام بھی بنایا گیا ہے عمارت کے فرسٹ فلور پر دفاتر شعبہ نورالاسلام، نظارت اصلاح وارشاد مرکزیہ، نظارت دعوۃ الی اللہ شمالی و جنوبی ہند، نظارت تعلیم و غیرہ قائم ہیں۔ اسی طرح مخزن تصاویر قادیان اور قرآن نمائش بھی اسی عمارت کے دو ہالز میں قائم کی گئی ہیں۔ یہ تعمیر 2009ءمیں پایہ تکمیل کو پہنچی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

تعمیرفضل عمر پرنٹنگ پریس قادیان

ایک وسیع وعریض عمارت کی تعمیر کا کام سن 2009ء میں مکمل ہوا اور پریس عمارت میں منتقل کیا گیا اور طباعت کے تمام کام جماعتی پریس میں سرانجام دے کرکتب پوری دنیا میں بھجوائی جاتی ہیں۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

تعمیرنورالدین لائبریری

خلافت خامسہ میں قادیان میں ایک وسیع وعریض لائبریری ’’نورالدین لائبریری‘‘ تعمیر ہوئی۔ اس دومنزلہ عمارت میں سلسلہ کی کتب و اخبارات کے علاوہ دیگر دنیوی علوم کے شعبے بھی موجود ہیں۔ لائبریری کی تعمیر 2009ء میں پایہ تکمیل کو پہنچی اور 2018ء میں رینوویشن بھی عمل میں لائی جا چکی ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

تعمیر و تجدید تعلیم الاسلام ہائی اسکول

خلافت خامسہ کے دور میں ہی تعلیم الاسلام ہائی اسکول کی ضروریات کے پیش نظر موجودہ عمارت کی رینوویشن کے ساتھ ساتھ ایک نئی عمارت بھی تعمیر کی گئی ہے جس میں فرسٹ فلور پر سینیئر سیکنڈری سکول کی کلاسز اور Laboratories قائم کی گئی ہیں اسی طرح گراؤنڈ فلور پر پرائمری سیکشن کی کلاسز بنائی گئی ہیں۔ طلباء کے لئے Smart Class Rooms بنائے گئے ہیں۔ سکول کی تعمیر اور پرانی عمارت کی رینوویشن کا کام سن 2018ء میں مکمل ہوا۔

تعمیرجلسہ گاہ بستان احمد

خلافت خامسہ میں ہی قادیان میں جلسہ گاہ کو چار دیواری میں محفوط کر کے مستقل انتظامات کئے گئے ہیں۔ شعبہ سمعی بصری، شعبہ ترجمانی، شعبہ بجلی و دیگر اہم شعبوں کے لئے زنانہ و مردانہ جلسہ گاہ میں مستقل Cabins کے ساتھ بجلی کا انتظام ہے۔ علاوہ ازیں LED Lights پختہ سٹیج اورمردانہ و زنانہ جلسہ گاہ میں کل ساٹھ60 عدد مستقل ٹائلٹس ہیں۔ ذیلی تنظیموں کے اجتماعات کے علاوہ فٹبال، کرکٹ اور والی بال وغیرہ کے ٹورنامنٹ بھی یہاں کروائےجاتے ہیں۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

تعمیر و تجدیدنور ہسپتال

نورہسپتال کی نئی عمارت کا افتتاح بھی سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز نے 2005ء میں فرمایا تھا۔ اب اس کی رینوویشن کا کام جاری ہے جو کہ ان شاءاللہ امسال 2022ء میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

تجدیدبہشتی مقبرہ اور تاریخی مکان اماں جان

سن 2019ء میں احاطہ خاص کے ارگرد RCC کے مضبوط چاردیواری تعمیر کی گئی۔ اسی طرح نئے داخلی گیٹ نصب کئے گئے۔ داخلی گیٹ کی پیشانی پرسنگ مرمر میں سیاہ پتھر سے عبارات لکھوائی گئیں مختلف زبانوں میں بہشتی مقبرہ کا تعارف اور وہ دعائیں جو حضور ؑ نے بہشتی مقبرہ میں دفن ہونے والوں کےلئے کی ہیں آویزاں کی گئیں۔

اس طرح تمام کتبہ جات کو محراب نما بنا کر ایک جیسی شکل دی گئی اور قطعہ جات میں کتبہ جات کے مختلف سائز کو ایک جیسا کیا گیا۔ تمام کتبہ جات کی تعارفی پلیٹس تبدیل کر کے نئی پلیٹس لگوائی گئیں۔ یہ 2016ء میں مکمل ہوا۔

بہشتی مقبرہ حضرت اقدس مسیح ؑ کا تعمیر کردہ مکان خستہ حالت میں تھا۔ 1905ء میں زلزلہ کے بعد جب حضور ؑ نے بہشتی مقبرہ میں مع اہل خانہ قیام فرمایا تھا یہ مکان انہیں دنوں میں حضور علیہ السلام نے تعمیر کروایا تھا۔ 2013ء میں مکان کی حالت بہت خستہ ہوچکی۔ اس تاریخی مکان کو اس کی اصل حالت پر رینوویٹ کیا گیا۔ یہ کا م سن 2014ء پایہ تکمیل کو پہنچا۔ بہشتی مقبرہ میں وہ بابرکت شاہ نشین جہاں حضور علیہ السلام اپنے خدام کے ساتھ جب باغ میں تشریف لاتے تو اس مقام محفل عرفان منعقد ہوتی تھی۔ اس جگہ سنگ مرمر کی ایک خوبصورت بارہ دری تعمیر کی گئی ہے۔ شاہ نشین کے مقام پر سنگ مرمر کا ایک بینچ بھی رکھا گیا ہے۔ یہ کام 2015ء میں مکمل ہوا۔

اسی طرح بہشتی مقبرہ تمام چار دیواری کی مرمت کر کے اس کو اندر باہر سے پلستر کر کے روغن کیا گیا۔ بہشتی مقبروں کے راستوں کی مرمت کی گئی۔ بے ترتیب درخت ختم کر کے ایک ترتیب کے ساتھ پھول بوٹے اور درخت لگائے گئے اور بہشتی مقبرہ کی تزئین میں اضافہ کیا گیا۔ بہشتی مقبرہ کے تمام راستوں میں LED Lights لگا کر اسے روشن کیا گیا۔ یہ تمام کام سن 2014 اور 2015 میں مکمل کئے گئے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

تعمیر یادگار مقام ظہور قدرت ثانیہ و پارک بہشتی مقبرہ

خلافت احمد یہ صد سالہ جو بلی 2008 کے موقعہ پر بہشتی مقبرہ قادیان میں ایک یادگار تعمیر کی گئی تھی جس میں شیشے کی پلیٹس خراب ہونے کی وجہ سے ان کو ہٹا کر سنگ مرمر کی ایک خوبصورت یادگار تعمیر کی گئی۔ جس میں سفید سنگ مرمر میں نیلے رنگ کے پتھر سے قرآنی آیات، احادیث اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے اقتباسات لکھوائے گئے۔ یادگار میں فاؤنٹین اور لائیٹ بھی نصب کی گئیں۔ یہ کام 2016 میں پایہ تکمیل کو پہنچا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔

2015 میں بہشتی مقبرہ میں مقام ظہور قدرت ثانیہ کے قریب ہی خالی جگہ پر ایک پارک تعمیر کر کے درمیان میں ایک فوارہ بھی نصب کیا گیاہے۔

تجدیددار البیعت لدھیانہ

لدھیانہ میں دارالبیعت جہاں سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے 23مارچ 1889ء کو پہلی بیعت لی تھی۔ سیدنا حضورانور کی خصوصی راہنمائی میں اس خستہ عمارت کی مکمل رینوویشن کی گئی۔ تاریخی حصہ کی رینوویشن کے ساتھ ساتھ غیر تاریخی حصہ کو منہدم کر کے اس کی جگہ ایک دو منزلہ عمارت میں مرکزی گیسٹ ہاؤس اور مربی ہاؤس تعمیر کیا گیاہے۔ اس پراجیکٹ کی تکمیل سن 2017ء میں پایہ تکمیل کو پہنچی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

تجدید تاریخی مکان ہوشیار پور

ہوشیار پور میں وہ تاریخی مکان جس میں چلہ کشی کے دوران حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے دعاؤں کے ذریعہ صداقت اسلام کےلیے ایک روشن نشان طلب فرمایا اور اللہ تعالی نے آپ کومصلح موعود کی پیشگوئی سے نوازا۔ اس بابرکت مکان کی رینوویشن بھی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی توجہ مبارک اور خصوصی راہنمائی کے نتیجہ میں عمل میں لائی گئی۔ اس پورے مکان کو اس کی اصل شکل میں محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کو ہر طرح سے مضبوط بھی کیا گیا ہے اور زائرین کی سہولت کے بھی تمام انتظامات 2017ء میں پایہ تکمیل کو پہنچے۔

ربوہ پاکستان میں تعمیر نو

ربوہ میں صدرانجمن اور تنظیموں کے گیسٹ ہاؤسز کے علاوہ وقف جدید اور تحریک جدید کےگیسٹ ہاؤس ہیں۔خلافت خامسہ میں تحریک جدید نے ایک نیا گیسٹ ہاؤس تعمیر کیا ہے۔ پرانے گیسٹ ہاؤس سرائے فضل عمر کے پندرہ 15کمروں میں نئے گیسٹ ہاؤس سرائے ناصرکے مزید پینتالیس45 کمروں کا اضافہ ہو گیا ہے۔صدرانجمن احمدیہ کے دفاتر کی ضرورت کے تحت ایک نئی چھ6 منزلہ عمارت زیرتعمیرہے۔ اسی طرح صدر انجمن احمدیہ کے کارکنان کے لیے ایک سو اکیاسی181 کوارٹرز تعمیر کیے گئے اور چھتیس36 کوارٹرز زیرتعمیر ہیں۔ نیز تحریک جدید انجمن احمدیہ کے کارکنان کےلیے ایک سو باسٹھ162 کوارٹرز اور وقف جدیدانجمن احمدیہ کے تحت ساٹھ60 سے زائد کوارٹرز تعمیر کیے جاچکے ہیں۔ اسی طرح نظارت تعلیم کےاٹھارہ 18کوارٹرز بھی تعمیر ہوئے۔ بیوگان کے لیےچھیاسٹھ66 کوارٹرز اور شہداء کی فیملیز کےلیےچھتیس36کوارٹرز اس کے علاوہ ہیں۔

بیت الاقصیٰ ربوہ، دفتر الفضل کی رینوویشن سمیت بہشتی مقبرہ دارالفضل کی ایکسٹینشن اور رینوویشن بھی ہوئی۔ بہشتی مقبرہ طاہر آباد کا قیام خلافت خامسہ میں ہوا۔ اس کے علاوہ مربی ہاؤس طاہرآباد غربی، بیت الطاہر دارالفضل، عقب ہسپتال بیت الذکر، بیت الذکر باب الابواب، بیت الذکر دارالنصر شرقی نور، بیت الغالب نصیر آباد غالب، بیت الذکر فیکٹری ایریا کوارٹرز دارالنور، بیت الذکر دارالنصر غربی اقبال، وئیرہاؤس صدر انجمن احمدیہ، مکان دارالنصر وغیرہ کی تعمیرات بھی شامل ہیں۔ نظارت تعلیم کے تحت ناصر ہائی سکول، طاہر پرائمری سکول، مریم سکول دارالنصر، مریم سکول دارالرحمت، نصرت جہاں اکیڈمی پرائمری سکول، احمدنگر سکول، نصرت جہاں گرلز کالج کی تعمیرات بھی اسی بابرکت خلافت خامسہ کے دور میں ہوئیں۔

ربوہ میں اسی دور میں دو2نئے لنگرخانے لنگرخانہ نمبر8 اور لنگرخانہ نمبر13 بنائے گئے۔ باقی جہاں لنگرخانے موجود تھے وہاں بعض تعمیراتی کام ہوئے اور لنگرخانہ دارالضیافت سمیت کل بارہ12 روٹی پلانٹ نصب کیے گئے جو فی گھنٹہ چھ ہزار6000 سے آٹھ ہزار8000 روٹیاں تیار کرسکتے ہیں۔

دارالضیافت ربوہ کی تعمیر نو

عہد خلافت خامسہ میں دارالضیافت ربوہ پاکستان میں 2010ء میں 122کمروں پرمشتمل نئی وسیع عمارت تعمیر ہوئی نیز رہائش کےلیے تین3 ہالز بھی بنائے گئے۔ 2017ء، 2018ء میں ایک اور نئی عمارت کی حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ نے منظوری عطا فرمائی جو زیرتعمیر ہے جو قریباً ایک سو100کمروں پر مشتمل ہوگی۔ اور یوں دارالضیافت کی نئی اور پرانی عمارات میں جماعتی شوریٰ پر آنیوالے ایک ہزار مہمانان کے قیام و طعام کی سہولت ہوگی۔

اسی بابرکت دور میں دارالضیافت ربوہ میں چاول اور گندم کے نئے سٹورز تعمیر ہوئے۔ نیا مذبح خانہ، واش رومز اورپارکنگ شیڈزبنائے گئے۔ یہیں یتامیٰ آفس کی تعمیر ہوئی۔اس لنگرخانہ میں ایک جدیدروٹی پلانٹ بھی نصب کیاگیا جس سے فی گھنٹہ چارہزار4000 روٹیاں تیار ہو سکتی ہیں۔

اس مضمون میں تو صرف قادیان اور ربوہ کے مراکز کا بطور نمونہ ذکر کیا ہے ورنہ دنیا کے تمام بڑے ممالک میں خلافت خامسہ میں توسیع مراکز کے وسیع کام ہوئے جن میں خصوصاً امریکہ، کینیڈا، برطانیہ اور جرمنی قابل ذکر ہیں۔

خلیفۃ المسیح سے ملاقات کا ذریعہ جلسہ ہائے سالانہ

ہر دور خلافت میں جماعت احمدیہ عالمگیر کے سالانہ جلسے بھی افراد جماعت سے ملاقات کا ایک مؤثر ذریعہ رہا ہے۔ خلافت خامسہ کے انیس19 سالوں میں ہونے والے اٹھارہ18مرکزی جلسہ ہائے سالانہ برطانیہ میں پانچ لاکھ سے زائد افراد جماعت نے جلسہ میں شرکت کر کے براہ راست حضور انور کے خطابات سننے کی توفیق پائی ہے۔ ان مرکزی جلسہ ہائے سالانہ میں دنیا بھر سے بیسیوں بااثر افراد بھی شامل ہوئے جنہوں نے اشاعت اسلام کے حوالہ سے جماعت اور حضرت خلیفۃ المسیح سے جماعت کی مساعی کے بارہ رپورٹس سن کر نہایت خوشگوار تاثرات بیان کیے ہیں۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ خلافت خامسہ کے بابرکت عہد میں یہ نشان بھی ظاہر ہوا کہ پاکستان جس کے ایک جلسہ سالانہ اور لنگر کو روکا گیا جہاں آخری جلسہ میں تین لاکھ کے قریب مہمانان نے ربوہ شرکت کی تھی۔ اب عالمی سطح پردنیا بھر کے اسّی80 سے زائدممالک میں جلسہ ہائے سالانہ کا انعقاد ہو رہا ہے جہاں لنگر مسیح موعود جاری ہے اور جس میں عالمی سطح پر لاکھوں مہمانان مسیح موعودؑہرسال شامل ہوتے ہیں۔

ان ممالک میں خاص طور پر قابل ذکر امریکہ، کینیڈا، بھارت، جرمنی، فرانس، ہالینڈ، سپین، بیلجئم، آسٹریا، ناروے، سویڈن، ڈنمارک، فنلینڈ، غانا، نائیجیریا، بورکینافاسو، نائیجر، گنی، گیمبیا، سینیگال، ملائیشیا، کینیا، سیرالیون، تنزانیہ، یوگنڈا، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، فجی، جاپان، برما، بھوٹان، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے علاوہ بعض عرب ممالک بھی شامل ہیں۔

براہ راست خطبہ حضور انور

خلافت رابعہ سےخلیفہ وقت کے جماعت کے ساتھ رابطے کا وہ تاریخ ساز دور شروع ہوا جس میں احمدیت کے ذریعہ خلیفة المسیح کا خطبہ جمعہ تمام عالمگیر جماعتوں میں سنا جانے لگا۔ جو امام وقت سے افراد جماعت کی ملاقات اور نصیحت و تربیت کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔یہ سلسلہ مسلسل وسعت پذیر ہے اور خلافت خامسہ میں دنیا کی پانچ5 عالمگیر زبانوں انگریزی، عربی، فرنچ، جرمن اور بنگالی میں براہ راست رواں ترجمہ بھی ہو رہا ہوتا ہے۔ حضور انور سے یہ ملاقات ہر احمدی کو میسر ہے اور سب کے لیے اکتساب فیض کا ذریعہ ہے۔

رابطہ بذریعہ کلاسز حضورانور

حضرت خلیفة المسیح الرابع نے ایم ٹی اے پر اطفال و ناصرات کی تعلیمی و تربیتی کلاسز کا سلسلہ شروع کروایا تھا۔حضرت خلیفة المسیح الخامس کے بابرکت عہد میں اس میں وسعت اور ترقی ہوئی۔ ان کلاسز کے ذریعہ احمدیت کی ایسی فوج تیار ہو رہی ہے جس نے آئندہ اشاعت اسلام کی اہم ذمہ داری ادا کرنا ہے چنانچہ آج حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے دور خلافت کے اولین سالوں میں کلاسز میں بیٹھے بچے آج جماعت کےسکالرز کے طور پر MTA کے پروگراموں کے ذریعہ اشاعت اسلام کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔

ورچوئل ملاقات کے نئے بابرکت سلسلہ کا آغاز

امام مہدی کے زمانہ کی علامات میں سے ایک علامت حضرت امام جعفر صادقؒ نے یہ بیان فرمائی تھی کہ
’’جب ہمارے قائم (امام مہدی) کا ظہور ہوگا تو اللہ تعالیٰ ہمارے گروہ کی قوت سماعت اور قوت بصارت میں اتنا اضافہ کردے گا کہ ان لوگوں اور امام قائم کے درمیان قاصد کی ضرورت نہ رہے گی امام اپنے مقام پر بیٹھے بیٹھے جو کچھ فرمائیں گے وہ یہ لوگ سنیں گے اور جب نظر اٹھائیں گے تو اپنے امام کی زیارت کرلیں گے۔‘‘

(بحار الانوار مترجم ازعلامہ باقر مجلسی جلد12 صفحہ346 ترجمہ سید حسن امداد 30اپریل 1998محفوظ بک ایجنسی کراچی)

اس پیشگوئی کے پورا ہونے کا آغاز حضرت امام مہدی کے چوتھے خلیفہ حضرت صاحبزادہ مرزا طاہر احمدؒ کے دور خلافت میں 1994ء میں ایم ٹی اے کے قیام سے ہو گیا تھا۔

عہد خلافت خامسہ میں اس پیشگوئی کی عظمت میں اور اضافہ ہوا جب کرونا وائرس کی وبا کی کے دوران ساری دنیا محدود و مقید ہو کر رہ گئی مگر ہمارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے ورچوئل ملاقات کا متبادل سلسلہ شروع فرمایا جس کے ذریعہ مختلف ممالک کے ذیلی و جماعتی ممبران عاملہ و افراد جماعت حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے براہ راست ملاقات کا شرف حاصل کرتے ہیں چنانچہ آغاز 2022ء تک اس سلسلہ کے تحت بیس20 سے زائد ممالک کے ساتھ حضور انور کی ملاقات ہو چکی ہے اور یوں اس مشکل دور کرونا میں آپ کی تائید الہی میں ’’انی معک یا مسرور‘‘ کا الہام بڑی شان سے پورا ہو رہا ہے۔

ورچوئل ملاقات کی سعادت حاصل کرنے والے ممالک میں نائیجیریا، گنی بساؤ، فن لینڈ، سنگاپور، کینیڈا، امریکہ، ناروے، انڈیا، جرمنی، سویڈن، یوکے، آئرلینڈ، ڈنمارک، ہالینڈ، سوئٹزرلینڈ، فلسطین، گیمبیا، انڈونیشا، غانا، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، ماریشس، بیلجئم وغیرہ شامل ہیں۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہفتہ بھر کی ان ملاقاتوں کا مختصراًاحوال ایم ٹی اے کے پروگرام This Week With Hazoorمیں قابل دید ہوتا ہے جو ایک مقبول و معروف پروگرام بنتا جا رہا ہے اور افراد جماعت کے لئے حضور انور کی بے تکلف براہ راست راہنمائی کے حصول کا ایک عمدہ ذریعہ ہے۔

(باقی کل ان شاءاللہ)

(علامہ ایچ ایم طارق)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 31 مئی 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ