• 29 اپریل, 2024

اپنے ایمان کا فکر کرو

اب تم خود یہ سوچ لو اور اپنے دلوں میں فیصلہ کر لو کہ کیا تم نے میرے ہاتھ پر جو بیعت کی ہے اور مجھے مسیح موعود۔ حکم۔ عدل۔ مانا ہے ۔ تو اس کے ماننے کے بعد میرے کسی فیصلہ یا فعل پر اگر دل میں کوئی کدورت یا رنج آتا ہے، تو اپنے ایمان کا فکر کرو ۔ وہ ایمان جو خدشات اور توہمات سے بھرا ہوا ہے۔ کوئی نیک نتیجہ پیدا کرنے والا نہیں ہوگا ۔ لیکن اگر تم نے سچے دل سے تسلیم کر لیا ہے کہ مسیح موعود واقعی حَکَم ہے تو پھر اُس کے حکم اور فعل کے سامنے اپنے ہتھیار ڈال دو۔ اُس کے فیصلوں کو عزّت کی نگاہ سے دیکھو تا تم رسول اللہ ﷺ کی پاک باتوں کی عزّت اور عظمت کرنے والے ٹھہرو۔ رسول اللہ ﷺ کی شہادت کافی ہے وہ تسلی دیتے ہیں کہ وہ تمہارا امام ہوگا۔ وہ حکم عدل ہوگا۔ اگر اس پر تسلی نہیں ہوتی تو پھر کب ہوگی۔ یہ طریق ہر گز اچھا اور مبارک نہیں ہو سکتا کہ ایمان بھی ہو اور دل کے بعض گوشوں میں بد ظنیّاں بھی ہوں۔ میں اگر صادق نہیں ہوں تو پھر جاؤ اور صادق تلاش کرو اور یقیناً سمجھو کہ اس وقت اور صادق نہیں مل سکتا اور پھر اگر کوئی دوسرا صادق نہ ملے اور نہیں ملے گا تو پھر میں اتنا حق مانگتا ہوں جو رسول اللہ ﷺ نے مجھ کو دیا ہے جن لوگوں نے میرا انکار کیا ہے اور جو مجھ پر اعتراض کرتے ہیں انہوں نے مجھے شناخت نہیں کیا اور جس نے مجھے تسلیم کیا اور پھر اعتراض رکھتا ہے اور وہ بھی بد قسمت ہے کہ دیکھ کر اندھا ہوا‘‘

(ملفوظات جلد دوم صفحہ52)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ