• 29 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ ڈنڈی، اسکاٹ لینڈ کا عید ملن پروگرام

10مئی 1985ء کو حضرت خلیفۃالمسیح الرابع رحمہ اللہ نے مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو میں خطبہ جمعہ کے ساتھ اس مسجد کا رسمی افتتاح فرمایا اور اس ایمان افروز خطبہ میں جماعت اسکاٹ لینڈ کو اُس کی آنے والی عظیم ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی، خصوصاً تبلیغ کے میدان میں متحرک ہونے پر زور دیا۔

چنانچہ خلافت کی اس آواز کو عملی جامہ پہناتے ہوئے جماعت ڈنڈی اسکاٹ لینڈ نے موٴرخہ 14؍مئی 2022ء کو ہر سال کی طرح مسجد محمود ڈنڈی کے قرب وجوار میں رہنے والوں کیلئے عید ملن پروگرام کا انتظام کیا۔ پروگرام کا دعوت نامہ مقامی سیاستدانوں، طلبہ، اقرباء، پریس کے نمائندگان اور دوسرے مذاہب کے لیڈران کو دیا گیا جس کے نتیجہ میں ایک سو کے قریب مہمان اس پروگرام میں شامل ہوئے جس میں مردخواتین کے علاوہ بچوں کی ایک تعداد بھی شامل تھی۔

قابل ذکر یہ مہمان شامل ہوئے جنہوں نے بعد میں سوشل میڈیا اور ایک اخبار میں اپنی شمولیت کے بارہ میں نیک خواہشات کا اظہار کیا:

  1. Michael Marra, Member of the Scottish Parliament
  2. Cllr. Fraser MacPherson
  3. Cllr. Craig Duncan
  4. Cllr. Michael Crichton
  5. Cllr. Daniel Coleman
  6. Dave Lord Editor of the Evening Telegraph

مہمانوں کی تواضع مشروبات سے کی گئی جس کے بعد باربی کیو کا انتظام تھا جس سے مہمان لطف اندوز ہوئے اور بچے اپنے کھیل کود میں مگن رہے۔ اس کے بعد مسجد محمود ڈنڈی کا دورہ کروایا گیا اورجماعت کے تعارف پر مبنی ایک ویڈیو دکھائی گئی۔ ایک سوال وجواب کا مختصر پروگرام بھی ہوا جس میں مکرم داؤد احمدقریشی صاحب مربی سلسلہ ڈنڈی اور مکرم عبدالغفار عابد صاحب نے مہمانوں کے سوالات کے جوابات دئیے نیز کھانے کے دوران بھی انفرادی تبلیغ کا سلسلہ جاری رہا۔ بعد ازاں جماعت کی کتب ورسائل بھی تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر مکرم رواح الدین عارف خان صاحب مربی سلسلہ گلاسگو بھی مہمانوں کے ساتھ گھل مل گئے اور جماعت کے فلاحی کاموں اور موجودہ عالمی سیاسی صورتحال اور خلیفہء وقت کی امن کیلئے مساعی کا ذکر کیا۔

اس پروگرام کے میزبان مکرم محمد احسان احمد ریجنل امیر صاحب اسکاٹ لینڈ، مکرم شعیب افضال صاحب صدر جماعت ڈنڈی، مکرم ناصح احمد صاحب سیکرٹری تبلیغ ڈنڈی اور ان کی ٹیم کے ممبران تھے جنہوں نے مہمانوں سے قریبی تعلقات پیدا کئے اور سب سے گھل مل گئے۔

(رپورٹ: ارشد محمود خان۔ نمائندہ اسکاٹ لینڈ)

پچھلا پڑھیں

ارشادات حضرت مسیح موعودؑ بابت مختلف ممالک وشہر (کتاب)

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ